• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

موسم ِ سرما میں صحت اور متوازن غذا کی اہمیت

Updated: December 02, 2024, 1:18 PM IST | Momin Rizwana Shahid | Mumbai

سردیوں میں خصوصی غذا کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے جیسے یخنی اور سوپ جو جسم کو نہ صرف اندرونی طور پر گرم رکھنے میں مدد کرتے ہیں بلکہ غذائیت سے بھر پور ہوتی ہیں۔ فاسٹ فوڈ اور زیادہ چکنائی والے کھانوں سے پرہیز کرنا ضروری ہے تاکہ صحتمند اور فعال زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

Add dry fruits and seasonal fruits and vegetables to your diet to stay safe from diseases this season. Photo: INN.
اس موسم میں بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے اپنی خوراک میں خشک میوہ جات اور موسمی پھل اور سبزیاں شامل کریں۔ تصویر: آئی این این۔

سردی کے موسم میں صحتمند اور متوازن غذا کا استعمال نہایت اہم ہے۔ سرد موسم میں جسم کو توانائی اور قوت مدافعت کی ضرورت ہوتی ہے۔ صحتمند زندگی گزارنے کے لئے متوازن غذا کی بہت اہمیت ہے۔ متوازن غذا کا مطلب ہے کہ آپ کے روزانہ کے کھانے میں تمام ضروری غذائی اجزاء شامل ہوں جو جسم کی نشوونما اور افعال کیلئے ضروری ہیں۔ اس میں پروٹینز، کاربو ہائیڈریٹس، چکنائیاں، وٹامنز، اور منرلز شامل ہوتے ہیں۔
متوازن غذا کے فوائد
متوازن غذا جسم کو توانائی فراہم کرتی ہے۔ جس میں کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی جیسے مادہ جسم کو روزمرہ کاموں کیلئے توانائی فراہم کرتی ہیں۔
وٹامنز اور منرلز مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں، جس سے بیماریاں کم ہوتی ہیں۔
متوازن غذا سے جسمانی وزن کنٹرول میں رہتا ہے اور موٹاپے جیسے مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
مناسب غذائی اجزاء دماغی نشوونما میں مدد دیتے ہیں اور ذہنی دباؤ اور اضطراب کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
پروٹینز اور کیلشیم جیسے اجزاء ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط بناتے ہیں۔
متوازن غذا میں شامل ہونا چاہئے
پھل اور سبزیاں
پروٹین جیسے گوشت، مچھلی، انڈے اور دالیں
اناج جیسے گندم، چاول، اور جَو
دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء
مناسب مقدار میں پانی
سردیوں میں خصوصی غذا کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے جیسے یخنی اور سوپ جو جسم کو نہ صرف اندرونی طور پر گرم رکھنے میں مدد کرتے ہیں بلکہ غذائیت سے بھر پور ہوتی ہیں۔ فاسٹ فوڈ اور زیادہ چکنائی والے کھانوں سے پرہیز کرنا ضروری ہے تاکہ صحتمند اور فعال زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ سردی میں صحت اور متوازن غذا کے حوالے سے ان باتوں پر عمل کرنا ہماری صحت کیلئے بہتر ثابت ہوسکتا ہے:
گرم اور توانائی بخش غذائیں
سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے اور قوت مدافعت بڑھانے کے لئے گرم اور توانائی بخش غذائیں کھانا ضروری ہے۔ گھی، خشک میوہ جات (بادام، اخروٹ، کشمش)، اور دیسی گھی میں تیار کردہ پکوان جسم کو حرارت اور توانائی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سبزیوں سے تیار سوپ بھی جسم گرم رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
موسمی سبزیاں اور پھل
موسم ِ سرما کے موسمی پھل اور سبزیاں، جیسے کہ گاجر، مولی، شلجم، پالک، اور کینو، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
پروٹین کا استعمال
پروٹین جسم کو گرم رکھنے اور طاقت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سردیوں میں گوشت، انڈے، دالیں، گریک یوگرٹ اور پنیر وغیرہ کھانا صحت کے لئے مفید ہے۔
گرم مشروبات
سردیوں میں گرم مشروبات جیسے سبز چائے، دارچینی کا قہوہ، ادرک اور ہلدی والا دودھ، اور شہد ملا گرم پانی پینا نہ صرف جسم کو گرم رکھتا ہے بلکہ موسمی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔
پانی کا استعمال
سردیوں میں جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا بھی ضروری ہے۔ دن میں مناسب مقدار میں پانی پئیں اور خشک میوہ جات کا استعمال کریں تاکہ جسم کی نمی برقرار رہے۔
متوازن خوراک
ایک متوازن غذا میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، چربی، وٹامنز، اور منرلز شامل ہونے چاہئیں۔ صحتمند رہنے کے لئے توازن برقرار رکھیں اور جنک فوڈ سے پرہیز کریں۔
صحت کے اصول
سردیوں میں جسم پانی کی کمی کا شکار ہوسکتا ہے اس لئے پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ پانی کا کم استعمال خطرہ کا اشارہ ہو سکتا ہے۔
گرم مشروبات جیسے قہوہ، ہربل چائے، یا دودھ کا استعمال کریں۔
ورزش کو معمول کا حصہ بنائیں تا کہ جسمانی سرگرمی برقرار رہے۔ روزانہ باقاعدگی سے ورزش کرنا، جیسے تیز رفتار چہل قدمی، آپ کو فٹ اور صحت مند رکھتی ہے۔ باقاعدگی سے ورزش کرنے سے بیماریوں کے خلاف لڑنے والے سفید خلیوں کی روانی میں تیزی آتی ہے اور انسان نزلہ و زکام سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
روزانہ کم از کم ۷؍ سے ۸؍ گھنٹہ سوئیں۔ اچھی صحت کے لئے مناسب ضروری ہے۔
سردیوں میں صحتمند اور متوازن غذا کے ذریعے آپ نہ صرف صحتمند رہ سکتے ہیں بلکہ سردی کے اثرات سے بھی بچ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK