• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزن کم کرنا ایک پیچیدہ عمل، سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں

Updated: July 17, 2024, 12:18 PM IST | Dr Sharmin Ansari | Mumbai

خواتین اکثر وزن کم کرنے کیلئے کسی کے بھی مشورے پر عمل کرنے لگتی ہیں۔ یہ ان کی صحت کے لئے نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ خواتین ’فَیٹ برننگ‘ اور ’مسلز ڈیفیسیٹ‘ کے فرق کو بھی نہیں جانتی ہیں جبکہ یہ اہمیت رکھتاہے۔ اس مضمون میں اس بارے میں تفصیل سے جانئے۔

A sudden weight loss is also harmful to health. Photo: INN.
یک بارگی وزن کم ہونا بھی صحت کیلئے نقصاندہ ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اکثر خواتین پُروقار اور خوبصورت نظر آنے کے لئے وزن کم کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس لئے جب خواتین فٹ نیس کے اہداف کو حاصل کرنے کا پلان بنائیں تو انہیں چربی کم کرنا اور پٹھوں کو کم کرنے کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے۔ بہت ساری خواتین وزن کم کرنے کے سفر میں مختلف چیلنجز اور غلط فہمیوں کا سامنا کرتی ہیں۔ 
یہاں خواتین کی مدد کے لئے ایک جامع گائیڈ دی جا رہی ہے تاکہ وہ مؤثر طریقے سے چربی کم کرسکیں اور پٹھوں کو مضبوط رکھ سکیں۔ 
خواتین کے لئے مؤثر حکمت عملی
متوازن غذا: خواتین اگر واقعی وزن کم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو انہیں متوازن غذائیں کھانی چاہئیں جو پروٹین، وٹامن، کاربوہائیڈریٹ اور صحتمند چکنائی سے پُر ہوں۔ تلی ہوئی اور جنک فوڈ جیسی غذاؤں سے پرہیز ضروری ہے۔ 
کارڈیو ایکسرسائز: دوڑنا، سائیکل چلانا، ایروبک جیسی سرگرمیوں میں خواتین کو حصہ لینا چاہئے۔ ہفتے میں کم از کم ۱۵۰؍ منٹ کی معتدل شدت کی کارڈیو ایکسر سائز کا ہدف رکھنا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ 
یوگا: ہفتے میں کم از کم ۲؍ بار خواتین کو یوگا کی ٹریننگ یا ورزش کرنا ضروری ہے جس سے جسم کھینچتا (اسٹریچ) ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 
فائدے: متوازن غذا اور مسلسل ورزش کے بے شمار فائدے ہیں۔ مثلاً دل کی بیماری، ذیابیطس اور بعض کینسر کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ذہنی اور جسمانی صحت برقرار رہتی ہے۔ اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ 
ضروری نکات: یک بارگی وزن کم ہونا بھی صحت کے لئے نقصاندہ ہے۔ اس لئے خواتین اس سلسلے میں ہفتے میں ایک کلو وزن کم کرنے کا ہدف بنائیں۔ اس کے علاوہ اس مرحلے میں پانی زیادہ سے زیادہ پئیں کیونکہ پانی میٹابولزم اور مخصوص جسمانی افعال میں مدد دیتا ہے۔ 
پٹھوں کا نقصان (مسلز ڈیفیسیٹ)
اکثر خواتین وزن کم کرنے کے سلسلے میں غلطی کرتی ہیں۔ خواتین جب وزن کم کرنے کا سوچتی ہیں تو وہ مسلز (پٹھوں ) کے نقصان سے وزن کم کرتی ہیں جو واقعی خواتین کی صحت کے لئے مضر ہے۔ پٹھوں کے نقصان سے مراد مسلز کی بڑے پیمانے پر کمی کو کہتے ہیں۔ جو اکثر ناکافی غذا یا ورزش کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ 
وجوہات
پروٹین کی کم مقدار والی غذائیں : خواتین اکثر وزن کم کرنے کے چکر میں کم کھاتی ہیں جس کی وجہ سے پروٹین کی بہت کم مقدار جسم کو ملتی ہے اور مسلز یعنی پٹھوں کا نقصان ہوتا ہے۔ خواتین جان لیں کہ مسلز کو برقرار رکھنے کے لئے مناسب پروٹین کی مقدار ضروری ہے۔ 
ناکافی ورزش: اکثر خواتین گھر کے کام کاج کو ہی محض ورزش گردانتی ہیں اور کسی قسم کی ورزش کے لئے وقت نہیں نکال پاتیں جو پٹھوں کے نقصان (مسلز ڈیفیسیٹ) کا سبب بنتا ہے۔ 
عمر بڑھنا: بڑھتی عمر بھی پٹھوں کے نقصان کی وجہ بنتی ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ بڑھتی عمر میں پٹھوں (مسلز) کی صحت کو بحال رکھنے کے لئے باقاعدگی سے ورزش کریں۔ 
منفی اثرات: جسم میں چربی کی کمی سے خاطر خواہ نتائج خواتین کو ملتے ہیں وہیں پٹھوں کے نقصان کے بہت سارے منفی نتائج خواتین کو برداشت کرنے پڑتے ہیں مثلاً:
طاقت میں کمی: پٹھوں (مسلز) کے بڑے پیمانے پر کمی کی وجہ سے پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے خواتین کی روزمرہ کی کارکردگی اثر انداز ہوتی ہے۔ اُن پر تھکان طاری رہتی ہے اور وہ نڈھال محسوس کرتی ہیں۔ 
میٹابولک ریٹ میں کمی: پٹھے چربی کے مقابلے میں آرام کے بعد زیادہ کیلوریز جلاتے (بَرن) ہیں۔ پٹھوں کا نقصان خواتین میں میٹابولک ریٹ کو کم کرسکتا ہے جس کی وجہ سے خواتین میں بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ 
جو خواتین وزن کم کرنا چاہتی ہیں ان کو چربی کے نقصان (فَیٹ برننگ) اور پٹھوں (مسلز) کے تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھنا ضروری ہے۔ 
معتدل کیلوری کا خسارہ: خواتین کو چاہئے کہ وزن کو کم کرنے کیلئے معتدل کیلوری کے خسارے کا ہدف رکھیں۔ اچانک سخت ڈائٹنگ سے پرہیز کریں اور اپنے پٹھوں (مسلز) کی مضبوطی کا خیال رکھیں۔ 
ہائی پروٹین غذا: خواتین کو چاہئے کہ پروٹین سے بھرپور غذا کو اپنے کھانوں میں شامل کریں جیسے چکن، مچھلی، ٹوفو، پھلیاں اور دالیں۔ 
ورزش: خواتین کو چاہئے کہ تمام پٹھوں کے گروپس پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے ایسی ٹریننگ کا انتخاب کریں جس میں تمام پٹھوں کی مزاحمتی مشق شامل ہو۔ اس کے لئے ایک تربیت یافتہ ٹرینر کے ذریعے یہ مشق کرنا خواتین کیلئے سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔ 
مناسب آرام: روزانہ ۷؍ سے ۹؍ گھنٹہ سوئیں کیونکہ آرام اور نیند پٹھوں کی نشوونما اور بازیابی کے لئے کافی اہم ہے۔ 
ہائیڈریشن: جو خواتین وزن کم کرنا چاہتی ہیں اور پٹھوں کو مضبوط رکھنا چاہتی ہیں انہیں چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ 
متوازن غذائیں : تمام چیزوں میں سب سے اہم خواتین کو چاہئے کہ متوازن غذاؤں کو اپنے کھانوں میں شامل کریں۔ 
خواتین کو چربی کے نقصان (فیٹ برننگ) اور پٹھوں کے نقصان (مسلز ڈیفیسیٹ) کے درمیان کے فرق کو سمجھنا ہوگا کیونکہ محض چربی کے نقصان سے جسمانی ساخت خوبصورت اور صحت مند رہتی ہے جبکہ پٹھوں کے نقصان سے خواتین کو متعدد جسمانی اور ذہنی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لئے خواتین کو درج بالا ہدایت پر عمل کرکے اپنی جسمانی ساخت کو بہتر بنائیں اور صحتمند رہیں۔ کسی بھی ڈائٹ پلان کو اپنانے سے قبل ماہرین سے مشورہ ضرور کریں کیونکہ مختلف افراد کیلئے مختلف ڈائٹ پلانز ہوتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK