بیک وقت کئی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے خواتین بالخصوص خواتین ِ خانہ اپنی شخصیت کو فراموش کر بیٹھتی ہیں جبکہ آپ روزانہ کی مصروفیات میں سے کچھ وقت خود کیلئے وقف کرکے یعنی ’می ٹائم‘ کا مثبت استعمال کرکے اپنی شخصیت کو نکھار اور سنوار سکتی ہیں۔ یہ آپ کے دماغ اور جسم کیلئے رِی سیٹ بٹن دبانے کے مترادف ہے
می ٹائم آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ تصویر: آئی این این
خواتین کسی بھی خاندان کی بنیاد ہوتی ہیں۔ ان کی محبت، شفقت اور قربانیوں کی بدولت پورا خاندان پروان چڑھتا ہے۔ ان کی محنت اور عزم سے خاندان اور معاشرے، دونوں میں بہتری آتی ہے۔ بیک وقت کئی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے خواتین بالخصوص خواتین ِ خانہ اپنی شخصیت کو فراموش کر بیٹھتی ہیں جبکہ آپ روزانہ کی مصروفیات میں سے کچھ وقت خود کیلئے وقف کرکے یعنی ’می ٹائم‘ کا مثبت استعمال کرکے اپنی شخصیت کو نکھار اور سنوار سکتی ہیں۔ ’می ٹائم‘ سے مراد وہ وقت ہے جو آپ کام، خاندان اور دیگر ذمہ داریوں کے تقاضوں سے پرے خود کیلئے وقف کریں۔ یہ آپ کے دماغ اور جسم کیلئے رِی سیٹ بٹن دبانے کے مترادف ہے۔ اپنے لئے کچھ وقت مخصوص کرنے سے آپ خود میں نئی توانائی محسوس کریں گی۔ دن بھر کے چیلنجز کیلئے خود کو تیار کریں گی۔ ساتھ ہی آپ کی شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ خواتین کیلئے می ٹائم کیوں ضروری ہے؟ خواتین کے لئے می ٹائم کئی وجوہات کی بنا پر اہم ہے کیونکہ یہ متعدد کردار ادا کرتی ہیں: ذہنی صحت: اپنے لئے وقت نکالنا آپ کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اگر آپ پُرسکون رہیں گی تو گھریلو ذمہ داریوں کو مزید بہتر طریقے سے انجام دے سکتی ہیں۔ خود شناسی: می ٹائم آپ کو ذمہ داریوں سے ہٹ کر اپنی دلچسپیوں اور مشاغل کے ساتھ دوبارہ جڑنے نیز اپنے مقاصد کے بارے میں سوچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سے خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ جسمانی صحت: می ٹائم میں ورزش جیسی سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں جو آپ کی جسمانی صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے کیلئے بہت ضروری ہے۔ خوشی: جب آپ مصروفیات میں سے کچھ وقت نکال کر اپنی پسندیدہ سرگرمیوں کو انجام دیں گی تو آپ کو دلی خوشی ہوگی، جو مجموعی طور پر آپ کی جذباتی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔ صلاحیتوں میں نکھار: می ٹائم کا درست طریقے سے استعمال کرکے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جاسکتا ہے۔ اپنی خامیوں کو پہچان کر انہیں دور کیا جاسکتا ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ: بلاشبہ خواتین میں مختلف تخلیقی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔ می ٹائم آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ بہتر تعلقات: جب آپ خود کیلئے وقت مخصوص کرتی ہیں تو آپ کا موڈ بہتر ہوتا ہے۔ جو خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ تعلقات کو خوشگوار بناتا ہے۔ ’می ٹائم‘ کو کارآمد بنانے والی سرگرمیاں درج ذیل سرگرمیوں کو اپنا کر آپ اپنی مجموعی ترقی کو ممکن بناسکتی ہیں۔ مطالعہ: مطالعہ ذہنی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سوچ و خیالات میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ خواتین اپنی مصروفیات میں مطالعہ کو شامل کرکے معلومات اور خود اعتمادی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ جس سے آپ کی شخصیت منفرد اور متاثر کن بن سکتی ہے۔ ڈائری لکھیں: آپ اپنی دن بھر کی مصروفیات، تجربات، خیالات و احساسات کو قلمبند کرسکتی ہیں جس سے آپ ذہنی طور پر ہلکا محسوس کریں گی۔ اور مستقبل میں اپنی ڈائری کے مطالعہ سے آپ ایک منفرد احساس سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔ آن لائن کورسز: سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ خواتین پختہ ارادہ کرلیں تو وہ گھر بیٹھے دنیا بھر کی مہارتیں سیکھ سکتی ہیں۔ جس سے علم و مہارت میں اضافے کے ساتھ شخصی ترقی ممکن ہے۔ اس طرح آپ گھر کے دیگر افراد کیلئے تحریک بن سکتی ہیں۔ تخلیقی فنون: اگر آپ ڈرائنگ، پینٹنگ، کرافٹنگ، فیبرک پینٹنگ یا دستکاری جیسے فنون میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ’می ٹائم‘ ان سرگرمیوں کو انجام دینے کا بہترین موقع ہے۔ اس طرح آپ اپنے خیالات و جذبات کو بصری شکل میں پیش کرسکتی ہیں جو تخلیقی سوچ کو پروان چڑھاتا ہے۔ اپنے کئے ہوئے کام کو دیکھ کر آپ خود پر فخر اور خوشی محسوس کریں گی۔ جسمانی سرگرمیاں: موڈ کو بہتر بنانے اور اعتماد کو بڑھانے کے لئے یوگا اور دیگر جسمانی ورزش کارآمد ہیں۔ جسمانی سرگرمیوں سے آپ کی زندگی میں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ڈپریشن اور بےچینی میں کمی آتی ہے۔ اس طرح آپ ذہنی و جسمانی طور پر صحتمند رہیں گی۔ مختصر یہ کہ ’می ٹائم‘ کے ذریعے خواتین کو اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں سوچنے، اپنی خوبیوں کو پہچاننے، کمزوریوں پر کام کرنے اور مہارتوں کو بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین اپنی اہمیت کو پہچانیں، اپنی شخصیت سازی پر بھر پور توجہ دیں۔ ہر روز اپنی شخصیت کو نکھارنے اور ممتاز بنانے کی سعی کریں۔ یہ نہ صرف آپ کی ذاتی ترقی کے لئے اہم ہے بلکہ آپ کے خاندان اور ارد گرد کے لوگوں پر بھی مثبت اثرات کا سبب بنتا ہے۔n