• Sat, 04 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سالِ نو: آپ اپنے مقاصد حاصل کرسکتی ہیں بشرطیکہ...

Updated: January 01, 2025, 4:08 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

پیو ریسرچ سینٹر کی ۲۰۲۲ء کی رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں ۱۰؍ میں سے ۳؍ لوگ نیو ایئر ریزولیوشن (نئے سال کا عہد) بناتے ہیں مگر صرف ۴؍ فیصد افراد اگلے ۳؍ ماہ تک اپنے مقاصد پر قائم رہ پاتے ہیں۔ زندگی میں کسی نئی چیز کو شامل کرنے کیلئے اسے اپنی عادت میں شامل کرنا پڑتا ہے۔ مستقل مزاجی ہی آپ کو اپنے مقصد تک پہنچا سکتی ہے۔

Have new and bigger dreams, dreams give motivation to move forward in life. Photo: INN
نئے اور بڑے خواب سجائیں، خواب زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

نئے سال کا آغاز ہوتے ہی لوگ نیو ایئر ریزولیوشن (نئے سال کا عہد) بناتے ہیں۔ پیو ریسرچ سینٹر کی ۲۰۲۲ء کی رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں ۱۰؍ میں سے ۳؍ لوگ نیو ایئر ریزولیوشن بناتے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق کچھ ریزولیوشن عام طور پر سبھی بناتے ہیں جیسے:
٭روزانہ ورزش کرنا ہے۔
٭وزن کم کرنا ہے۔
٭جنک فوڈ سے دوری بنانی ہے۔
٭کام کو منظم کرنا ہے۔
٭فضول خرچی سے بچنا ہے اور بچت کرنی ہے۔
٭کوئی ہنر سیکھنا ہے۔
٭سونے کے اوقات ٹھیک کرنا ہے۔
٭وقت کا پابند ہونا ہے۔
 ان عزائم میں کوئی نئی بات نہیں ہے، ہم ہمیشہ ہی ان مقاصد کے بارے میں سنتے آرہے ہیں۔ مگر انہیں جنوری کے ابتدا ہی میں بھول بھی جاتے ہیں۔ مذکورہ بالا رپورٹ میں نیو ایئر ریزولیوشن کے بارے میں دلچسپ باتیں بتائی گئی ہیں:
 ۷۹؍ فیصد نئے سال کے عزائم صحت کے حوالے سے ہوتے ہیں۔
 ۶۲؍ فیصد افراد مقاصد پر قائم رہنے کا دباؤ محسوس کرتے ہیں۔
 صرف ۴؍ فیصد افراد اگلے ۳؍ ماہ تک اپنے مقاصد پر قائم رہ پاتے ہیں۔
 امریکہ کی اسکرانٹن یونیورسٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، ۸۰؍ فیصد امریکی ۱۲؍ جنوری تک اپنا نیو ایئر ریزولیوشن بھول جاتے ہیں۔
اپنے مقاصد کو پورا کیسے کریں؟
 ہر شخص کی زندگی میں صبح کا سورج امید، عزم، ارادے اور قصد کی کرنیں لے کر طلوع ہوتا ہے۔ اگر آگے بڑھنا ہے تو اس کی کوشش صبح ہی سے کریں۔
نیاسال: نئے خواب
 نئے اور بڑے خواب سجائیں، خواب زندگی میں موٹیویشن (تحریک) لے کر آتے ہیں۔ ہمارا جینے کو دل کرتا ہے۔ خواب دیکھنے والے لوگ پر امید رہتے ہیں۔ ہر شعبے کے خواب بنائیں۔ کاروبار، پڑھائی، تعلقات، گھر، معاشرہ سب کے بارے میں خواب بنائیں اور انہیں لکھ لیں۔ خواب لکھ کر رکھے ہوں تو یاد رہتے ہیں اور یہ خواب تعبیر پانے کے لئے مندرجہ ذیل اصولوں کے محتاج ہوتے ہیں:
پہلا اصول: اشیاء پہلے ذہن میں بنتی ہیں اس کے بعد وجود میں آتی ہیں۔ جو چیز انسان کے ذہن میں نہیں بنی وہ حقیقت کا روپ بھی نہیں دھار سکتی۔ اسلئے ضروری ہے کہ دس سال بعد آپ کو جو بننا ہے اس کو ابھی سے ذہن میں سوچنا شروع کریں۔ انسان کے اندر کی دنیا جیسے ہوتی ہے اس کے مطابق باہر کی دنیا بنتی ہے اسلئے جو چیز انسان کے ذہن میں ہوتی ہے وہ اسے حاصل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔
دوسرا اصول: اپنے بنائے گئے تصور پر یقین کریں۔ جس انسان کو اپنے اندر کے خیالات پر یقین نہ ہو تو وہ خود کو الجھا ہوا محسوس کرتا ہے۔
تیسرا اصول: جو بننا ہے اس کو محسوس کریں۔ جیسے کہ مجھے اپنے شعبے میں نمایاں کام انجام دینا ہے۔ لہٰذا اس کیفیت کو خود پر طاری کریں۔ بار بار اپنے ہدف کو ذہن میں دہرائیں۔ اپنی پوری توجہ اس جانب مرکوز کریں۔
 زندگی میں کسی نئی چیز کو شامل کرنے کیلئے اسے اپنی عادت میں شامل کرنا پڑتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ کام مستقل مزاجی کے ساتھ ہو اور روزانہ کی بنیاد پر ہو، یہ مستقل مزاجی آپ کو توانائی فراہم کرتی ہے اور مقصد کے قریب کرتی ہے:
روزانہ کی بنیاد پر سیکھنا: نئی چیزیں ضرور سیکھیں، آپ کسی بھی شعبے سے وابستہ ہوں، آپ کے لئے ضروری ہے کہ روزانہ کسی اچھی کتاب کا خلاصہ یوٹیوب سے نکال کر سنیں اور ان کے نوٹس بنانے ہیں۔ آپ ایسا کرکے دیکھیں آپ کی زندگی میں انقلاب آجائے گا۔
کامیاب لوگو ں کی فہرست: آپ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کامیاب اور سرِفہرست لوگوں کی لسٹ بنائیں اور ان کی زندگی اور عادتوں کے بارے میں پڑھیں اور ان کو خود بھی اپنائیں۔
شخصی تعمیر: روزانہ کی بنیاد پر خود کو بہتر بنائیں۔ اپنی شخصیت کا وہ پہلو سامنے رکھیں جس میں آپ کو لگتا ہے کہ آپ کمزور ہیں اور اس پر محنت کریں۔ مثال کے طور پر کھانا کھانا، صفائی کرنا، مہمان کو الوداع کہنا، شکریہ ادا کرنا، گاڑی پارک کرنا، جوتے پالش کرنا، کپڑے پیک کرنا وغیرہ۔
مدد کرنا: روزانہ کی بنیاد پر کسی کی مدد کریں۔ مدد کے مستحق افراد کو ڈھونڈیں کیونکہ پوری دنیا اس انتظار میں ہے کہ کوئی دینے والا آئے اور ہمیں دے۔ کسی کو کچھ دے نہیں سکتے تو کم از کم اخلاقی مدد ضرور کریں۔
فیصلہ کرنے کی عادت: اکثر ہم ارادہ کرتے ہیں مگر اس پر عمل نہیں کر پاتے۔ ایسی صورت میں اپنے اندر قوت فیصلہ پیدا کریں۔ انسان ہمیشہ یہی سوچتا ہے کہ حالات سازگار ہوں گے تو مَیں یہ کام شروع کروں گا حالانکہ حالات کبھی سازگار نہیں ہوتے۔ جو بھی کرنا ہے ابھی کرنا ہے۔ اس لئے نئے سال میں نئی شروعات آج ہی سے کریں!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK