رشتۂ ازدواج سے منسلک ہونے کے بعد میاں بیوی ایک دوسرے کو اہمیت دیتے ہیں مگر اکثر معاملات میں ایسا ہوتا ہے کہ ایک فریق دوسرے کو اس قدر اہمیت دینے لگتا ہے کہ اپنی پہچان، ذات اور خواہشات تک کو فراموش کر دیتا ہے۔ اسلئے رشتوں کو اہمیت ضرور دیں مگر اپنے وجود کو مکمل طور پر فراموش نہ کریں۔
رشتے میں حد طے کرنا بہت ضروری ہے، اس سے میاں بیوی کو اپنی ذاتی ترقی میں مدد ملتی ہے۔ تصویر: آئی این این
ہر کسی کو ایسے ہم سفر کی تلاش ہوتی جو اسے اچھی طرح سمجھے۔ عام طور پر ایسا ہم سفر ملنا مشکل ہوتا ہے۔ رشتۂ ازدواج سے منسلک ہونے کے بعد میاں بیوی ایک دوسرے کو اہمیت دیتے ہیں مگر اکثر معاملات میں ایسا ہوتا ہے کہ ایک فریق دوسرے کو اس قدر اہمیت دینے لگتا ہے کہ اپنی پہچان، ذات اور خواہشات تک کو فراموش کر دیتا ہے۔ بعض معاملات میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ اپنی شناخت بھی بھلا بیٹھتا ہے۔ اسلئے رشتوں کو اہمیت ضرور دیں مگر اپنے وجود کو مکمل طور پر فراموش نہ کریں:
رشتوں میں اپنی شناخت کھونے کی علامات
بہت زیادہ سمجھوتا کرنے لگتے ہیں۔
خاندان اور دوستوں سے دور ہونے لگتے ہیں۔
خود کیلئے وقت نہیں نکال پاتے ہیں۔
ہمیشہ خود کو ذمہ ٹھہراتے ہیں۔
ہمیشہ اپنے پارٹنر کی خوشی کو اہمیت دیتے ہیں۔
اپنی خواہشات کو فراموش کر دیتے ہیں۔
ہمیشہ پارٹنر کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔
اس ضمن میں کیا کرنا چاہئے؟
حدودکا تعین کرنا: رشتے میں حد طے کرنا بہت ضروری ہے۔ اس سے فریق کو ذاتی ترقی میں مدد ملتی ہے۔ وہ اپنے لئے وقت نکال پاتا ہے۔ ایسی چیزیں جنہیں آپ بالکل برداشت نہیں کرسکتے، ان کے بارے میں دوسرے کو واضح انداز میں بتائیں۔ طے کی گئی حدیں آپسی رشتے کو مضبوط بناتی ہیں۔
دوست بھی اہمیت رکھتے ہیں: اکثر شادی کے بعد ایک فریق اپنے دوستوں سے ملنا جلنا بالکل بند کر دیتا ہے۔ ایسا بالکل نہیں کرنا چاہئے۔ دوستوں کی بھی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔ اِن سے مل کر خوشی محسوس ہوتی ہے۔ اس خوشی کو اپنے سے دور نہ کریں۔
خواب دیکھیں: کبھی کبھی شادی کے بعد ایک فریق اپنے خواب کو بھول جاتا ہے۔ ایسا ہرگز نہ کریں۔ ہر کسی کو خواب دیکھنے کا حق ہوتا ہے اس لئے آپ بھی خواب دیکھیں اور انہیں پورا کرنے کی کوشش بھی کریں۔ اس بارے میں اپنے پارٹنر سے بھی بات کریں کہ آپ کے خواب آپ کیلئے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔
اپنی پسند سے سمجھوتہ نہ کریں: بعض لوگ اپنے شریک حیات کے اردگرد ہی اپنی زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اپنے شریک حیات کی پسند یا ناپسند کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں کرنا چاہئے۔ اگر آپ کی پسند الگ ہے تو سمجھوتہ کرنے کے بجائے اس کے بارے میں اُن سے بات کرنی چاہئے۔
خود کو ترجیح دیں: ازدواجی زندگی میں میاں بیوی اکثر ایک دوسرے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایک دوسرے کی فکر کرتے ہیں۔ لیکن اس دوران خود فراموش کر دیتے ہیں۔ یاد رکھیں اس طرح آپ اپنی شناخت کو کھو سکتے ہیں۔ اس لئے اپنی شناخت کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے آپ کو بھی ترجیح دیں۔
خاندان کو وقت دیں: شادی کے بعد اپنے خاندان کو بھول نہ جائیں۔ یاد رکھیں آپ کے سکھ دکھ میں کوئی اور نہیں بلکہ خاندان ہی ساتھ دیتا ہے۔ خاندان والوں سے ملنا جلنا بند کرنے سے انہیں تکلف پہنچ سکتی ہے۔ اس لئے اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کے لئے وقت ضرور نکالیں۔
کاموں کو ترجیح دیں: اپنی موجودہ ضرورتوں اور کاموں کی ایک لسٹ بنائیں۔ اس میں اپنے ۱۰؍ اہم کاموں کو شامل کریں اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں۔ شریک حیات کو وقت دینا یقیناً اہمیت رکھتا ہے مگر اس وجہ سے اپنے اہم کاموں کو فراموش نہ کر دیں۔
اپنی بات کا اظہار: آپسی اچھے رابطے رشتے کو مضبوط بناتے ہیں۔ اس لئے اپنے شریک حیات کو بتائیں کہ آپ کیسا محسوس کرتے ہیں، آپ کو کیا پسند ہے اور کیا ناپسند۔ رشتے کو بہتر بنانے کے لئے اپنی خامیوں کو پہچاننا بہت ضروری ہے۔ اس لئے فریقین کو اپنی بات کا کھل کا اظہار کرنا چاہئے۔
اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں حصہ لیں: ان چیزوں میں شامل ہونا بند نہ کریں جو آپ کو پسند ہیں۔ جیسے سیر و تفریح کرنا، کرکٹ کھیلنا، شاپنگ وغیرہ۔ اس سے انسان کو اپنا وجود پہچاننے میں مدد ملتی ہے۔
رشتے میں اپنی شناخت کھونے کے نقصانات
اپنی پروا نہیں کرتے۔
اعتماد میں کمی آجاتی ہے۔
ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔
ہمیشہ خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں۔
جذبات کو تکلیف پہنچتی ہے۔
مختصراً یہ کہ رشتۂ ازدواج میں دوسرے فریق کو اتنی اہمیت نہ دیں کہ آپ خود کو بھلا بیٹھیں۔ اس وجہ سے رشتہ بوجھ محسوس ہونے لگتا ہے۔ اس کی وجہ سے خود اعتمادی میں کمی، جذباتی عدم توازن، فیصلہ سازی کی صلاحیت کا فقدان، پرسنل اسپیس، رشتوں میں عدم اطمینان اور شخصیت میں تبدیلی جیسی کیفیات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ رشتے میں اپنی شناخت کو برقرار رکھیں اور خود کو اہمیت دیں۔ اپنی زندگی میں توازن قائم کرنے کی کوشش کریں تاکہ آپسی رشتہ مضبوط اور خوبصورت ہو۔