• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مضبوط مدافعتی نظام آپ کو کئی بیماریوں سے بچا سکتا ہے

Updated: December 23, 2024, 12:52 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

سردی کے موسم میں مدافعتی نظام کا درست ہونا نہایت ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق، اسی مقصد میں کامیابی کے لئے متوازن غذاؤں کا استعمال ضروری ہے تاکہ جسم پر حملہ آور ہونے والے زہریلے مادّے، وائرس یا بیکٹیریا کا مقابلہ کیا جاسکے۔

A balanced diet helps the body fight diseases. Photo: INN.
متوازن غذا جسم کو بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

انسان کا مدافعتی نظام جسم کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ مدافعتی نظام مضبوط ہونے کی صورت میں ہی بیماریوں کا مقابلہ کرنا ممکن ہے۔ بالخصوص سردی کے موسم میں مدافعتی نظام کا درست ہونا نہایت ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق، مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے کے لئے متوازن غذاؤں کا استعمال ضروری ہے تاکہ جسم پر حملہ آور ہونے والے زہریلے مادّے، وائرس یا بیکٹیریا کا مقابلہ کیا جاسکے۔
ماہرین ادویات کا سہارا لینے کے بجائے غذا کے ذریعے مدافعتی نظام کو مستحکم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق وٹامن اور معدنیات کی درج ذیل فہرست مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں کارآمد ثابت ہوتی ہے۔
وٹامن اے
وٹامن اے جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے اہم غذائی اجزاء میں سے ایک ہے۔ وٹامن اے میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔ اس کے اہم ترین ذرائع میں انڈا، گاجر، شکر قندی، کدو، اخروٹ، تربوز اور گہرے سبز رنگ کی سبزیاں شامل ہیں۔ وٹامن اے ڈیری پروڈکٹس بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
وٹامن سی
ماہرین کے مطابق وٹامن سی انفیکشن سے بچانے یا بیماری کی مدت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، جسم کی جراثیم کے خلاف مزاحمتی صلاحیت کو بھی مستحکم کرتا ہے۔ پھلوں میں مالٹے، اسٹرابیری اور پپیتے کے علاوہ پالک، گوبھی اور شملہ مرچ سے بھی وٹامن سی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وٹامن ڈی
وٹامن ڈی کی کمی آسٹیوپوروسس اور مستقل بنیادوں پر تھکاوٹ کے احساس کے علاوہ صحت سے متعلق دیگر پریشانیوں کا سبب بنتی ہے جو جسم کے اعضا اور مدافعتی نظام کو متاثر کرتی ہیں۔ روزانہ صبح و شام کی سورج کی روشنی میں کچھ وقت بیٹھ کر وٹامن ڈی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے کھانے پینے کی اشیاء جیسے سامن مچھلی اور ٹیونا مچھلی کے علاوہ سارڈینز، دودھ ، انڈوں اور اناج میں وٹامن ڈی وافر مقدار میں موجود ہے۔
وٹامن ای
وٹامن ای ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو جسم کو بیماریوں اور انفیکشن کے خلاف مزاحمت کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ بادام، مونگ پھلی، سورج مکھی کے بیج، کیلا، بروکلی اور سویا بین میں وافر مقدار پایا جاتا ہے۔
فولک ایسڈ
فولک ایسڈ دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتا ہے اور قوت مدافعت کو مضبوط کرتا ہے۔ جسم کو تناؤ اور خون کی کمی سے بھی بچاتا ہے۔ فولک ایسڈ کی مناسب مقدار حاصل کرنے کے لئے پھلیاں، دالیں، اناج کی روٹی، سفید یا بھورے چاول، سیٹرس  اور ٹراپیکل فروٹس کھانے چاہئیں۔
آئرن
جسم کو خلیوں تک آکسیجن منتقل کرنے میں آئرن کا اہم کردار ہے، یہ مدافعتی نظام کے عمل میں بھی ایک اہم عنصر ہے۔ جسم میں خون کی کمی در حقیقت آئرن کی کمی کا سبب بنتی ہے جس کی وجہ سے سر میں درد، جسم میں کمزوری اور سانس کی قلت کی شکایت رہتی ہے۔ سرخ گوشت، مرغی، سارڈینز، پھلیاں، بروکولی، گوبھی اور اناج کے استعمال سے آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ 
سلینیم
سلینیم قوت مدافعت کے نظام کو بہتر کرنے کرنے کے علاوہ دماغ اور اعصابی نظام کو بیماری سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ڈاکٹر زیادہ مقدار میں سلینیم حاصل کرنے کے لئے متعدد غذائیں کھانے کی تجویز کرتے ہیں۔ جن میں گری دار میوے، اخروٹ، اناج، سمندری خوراک، جگر، ادرک، مرغی اور پنیر شامل ہیں۔
زنک
زنک مدافعتی خلیوں کی تیاری کیلئے نہایت اہم اور لازمی سمجھا جاتا ہے۔ کیکڑے، جھینگوں، گوشت، کدو کے بیج، اوٹس، دودھ اور پھلیاں اس کا بھرپور ذریعہ ہیں۔
وٹامن بی ۶
وٹامن بی ۶؍ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد کرتا ہے۔ چنے میں وٹامن بی ۶؍ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آلو اور چکن بریسٹ کے ذریعہ بھی وٹامن بی ۶؍ کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔
وٹامن بی ۱۲
وٹامن بی ۱۲؍ سمندری غذا، انڈے، دودھ، کیلے، شیل فش جیسے کچھ کھانوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ سبزیاں، پھل اور پھلیوں سے بھی وٹامن بی ۱۲؍ کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔
درج بالا وٹامنز کے ذریعہ ہم اپنی کو صحت بہتر بنا سکتے ہیں۔ اس موسم میں لاحق ہونے والی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ ورزش کریں، ۷؍ سے ۸؍ گھنٹہ سوئیں اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK