ٹیکنالوجی کا حد سے زیادہ استعمال اور کتابوں سے دوری نے ہماری ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو انسانی قدریں بھی مسمار ہو جائیں گی۔ اس کا واحد ذریعہ میرے نزدیک یہ ہے کہ ہر انسان کتابوں کے مطالعے کو ترجیح دے۔ خاص طور خواتین، کیونکہ نئی نسل کی تربیت کا وہ براہِ راست ذریعہ ہیں۔
جس طرح صحتمند جسم کے لئے ورزش ضروری ہے اسی طرح ذہنی صحت کے لئے مطالعہ ضروری ہے۔ تصویر: آئی این این
کتابوں کیلئے وقت نکالنا آج کل اتنا ہی مشکل ہوچکا ہے جتنا اپنی ذات کے لئے وقت نکالنا۔ ٹیکنالوجی نے انسان کو فضول کاموں میں مصروف کر دیا ہے جس کی وجہ سے کتابوں کے مطالعہ کی اہمیت کو ہم نے فراموش کر دیا ہے۔ ٹیکنالوجی کا حد سے زیادہ استعمال اور کتابوں سے دوری نے ہماری ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو انسانی قدریں بھی مسمار ہو جائیں گی۔ اس کا واحد ذریعہ میرے نزدیک یہ ہے کہ ہر انسان کتابوں کے مطالعے کو ترجیح دے۔ خاص طور خواتین، کیونکہ نئی نسل کی تربیت کا وہ براہِ راست ذریعہ ہیں۔ ساتھ ہی بچوں کو بھی مطالعے کا عادی بنائیں۔ یہ عادت ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
کتابوں کے مطالعے کے چند فوائد بتائیں جارہے ہیں، جانئے:
ذہنی سکون کا ذریعہ
ٹیکنالونی نے ہمارا ذہنی سکون چھین لیا ہے۔ ہر انسان ذہنی اذیت سے دوچار ہے۔ مطالعہ ہمارے ذہن کو سکون بخشتا ہے۔ جس طرح صحتمند جسم کے لئے ورزش ضروری ہے اسی طرح ذہنی صحت کے لئے مطالعہ ضروری ہے۔
توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں بہتری
باقاعدگی سے اچھی کتابیں پڑھنے سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ دراصل جب ہم کسی کتاب کو پڑھتے ہیں تو اس سے توجہ مرکوز ہوتی ہے۔ اس سے دیگر کام کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
سوچنے کی صلاحیت
مطالعہ انسان کے ذہن کو روشن کرتا ہے۔ اس کی سوچ میں وسعت پیدا کرتا ہے اور انسان کے ذہن میں نئے نئے خیالات پیدا ہوتے ہیں۔ کتابوں کی روشنی تخیل کی دنیا کا دروازہ کھلتی ہے۔ مطالعہ ایک ایسی جادوئی طاقت ہے جو نہ صرف موجودہ دنیا کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ مستقبل کو بھی تشکیل دیتی ہے۔
ہمدردی کے جذبے کو فروغ
جب ہم کسی کتاب میں کسی کہانی یا کسی ڈرامے کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہم کرداروں میں کھو جاتے ہیں۔ مخصوص کرداروں سے ہمدردی پیدا ہوتی ہے۔ اس سے حقیقی زندگی میں بھی فائدہ ہوتا ہے اور دوسروں کے لئے دل میں ہمدردی پیدا ہوتی ہے جو ہماری زندگی کے لئے بہت ضروری ہے۔
تحریری صلاحیت میں اضافہ
’گڈ ریڈر از اے گڈ رائٹر‘ مثل تو آپ نے سنی ہوگی۔ ایک بہترین تخلیق و تحریری صلاحیت میں اضافے کیلئے مطالعہ بہت ضروری ہے۔ کتابوں کے مطالعے سے ہمارے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے جو کسی بھی موضوع کو قلم بند کرنے کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے۔
شخصیت نکھارنے کا ذریعہ
اکثر دیکھا گیا ہے کہ شخصیت سازی میں مطالعہ نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کتابوں کے لئے ذریعہ انسان اپنی خوبیوں میں اضافہ کرسکتا ہے جو اس کی شخصیت پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔
مؤثر انداز گفتگو
جو شخص کتابوں کا مطالعہ کرتا ہے وہ معیاری گفتگو بھی کرتا ہے۔ مختلف قسم کی کتابیں پڑھنے سے آپ چیزوں اور حالات کا تجزیہ کرتے رہتے ہیں اور اس علم کے ذریعے آپ کسی بھی موقع پر بات کرنا سیکھتے ہیں۔ آپ کے الفاظ، لوگوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔
بلڈ پریشر کم ہوتا ہے
ایک تحقیق کے مطابق، کتابیں پڑھنے سے انسان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔ دراصل مثبت کتابیں انسان کے ذہن کو اطمینان بخشی ہے۔
بہترین زندگی گزارنے کا ذریعہ
مطالعے کی عادت ہمیں زندگی جینا کا طریقہ سکھاتی ہے۔ ہمارے سوچنے سمجھنے کے انداز کو تبدیل کرتی ہے۔
دراز عمر کا راز
۲۰۱۶ء میں ایک تحقیق کے مطابق، روزانہ کتاب پڑھنے سے عمر دراز ہوتی ہے۔ اس لئے روزانہ کتابیں پڑھیں۔
معیاری نیند کا حصول
آج کل معیاری نیند کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس نعمت کے حصول سے ہم نے خود اپنے اپ کو دور کر دیا ہے۔ عام طور پر رات کو سونے سے قبل موبائل فون کا استعمال کیا جاتا ہے، اس کے بجائے اگر ہم سونے سے قبل کتابوں کے مطالعہ کو اپنا شعار بنائیں گے تو معیاری نیند حاصل ہوگی۔ ایک تحقیق کے مطابق معیاری نیند کے لئے مطالعہ بے حد ضروری ہے۔ مطالعے کی وجہ سے اسکرین ٹائم کم کرنے میں ہمیں مدد ملتی ہے۔
درج بالا فوائد حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کتابوں سے دوستی کرلیں کیونکہ یہ دوستی ذہن کو روشن اور دنیا کو بہتر بناتی ہے۔