• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اوڑھنی اسپیشل: وہ ڈش جو مَیں نے اِس بقرعید پر بنائی

Updated: June 27, 2024, 1:44 PM IST | Saaima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں۔

Photo: INN.
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہر گھر میں نت نئے پکوان لازماً تیار کئے جاتے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

کوفتے


درکاراجزاء: قیمہ: ایک کلو (چربی کے بغیر)، نمک: حسب ذائقہ، لال مرچ: دو چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ: دو چمچ، زیرہ پاؤڈر: ایک چمچ، گرم مسالا پاؤڈر: آدھا چمچ، دھنیا پاؤڈر: ایک چمچ ہری مرچ، دو تین عددہرا دھنیا، ایک مٹھی کٹا ہوا پودینہ، ۸۔ ۹؍ پتے، کھانے کا تیل: حسب ضرورت (فرائی کیلئے)۔ 
بنانے کا طریقہ : ایک کلو بغیر چربی کا قیمہ صاف دھو کر لیں۔ اس میں حسب ضرورت نمک، لال مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ، زیرہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، گرم مسالا پاؤڈر، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور پودینہ کے ساتھ مکسر میں ڈال کر باریک پیس لیں۔ دونوں ہتھیلیوں پر کھانے کا تیل لگا کر گول گول کوفتے بنا کر رکھ لیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کرکے کوفتے اس میں ڈال دیں۔ کوفتوں کا رنگ بادامی ہونے تک فرائی کریں۔ اس طرح آپ کے لذیذ کوفتے تیار ہوجائینگے۔ آپ چاہیں تو ایسے بھی کھا سکتے ہیں اور اگر سالن یعنی گریوی بنانا چاہیں تو ایک پیاز باریک کاٹ کر تھوڑے سے تیل میں سرخ ہونے تک فرائی کریں۔ ایک چمچہ لال مرچ، نمک، خشک دھنیا، ہری مرچ اور دو عدد ٹماٹروں کا رَس اس میں ڈال کر بھون لیجئے۔ تھوڑا سا دہی اور آدھا کپ پانی ڈال کر پکنے دیں۔ جب مسالا تیل چھوڑ دے تو بنائے ہوئے کوفتے اس میں ڈال دیں اور ہلکی دم آنچ پر دس منٹ کیلئے رکھ دیں۔ اب لذیذ کوفتوں کی گریوی بھی تیار ہے۔ بقر عید کے ان تین دنوں میں اہل خانہ کو پیش کیجئے، یقیناً وہ بہت خوش ہوں گے اور بار بار فرمائش کرینگے۔ 
گل افشاں شیخ، ضلع، عثمان آباد، مہاراشٹر
قصوری مٹن 


درکاراجزا : بکرے کا گوشت آدھا کلو، قصوری میتھی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لہسن تین سے چار جوئے، پیاز دو عدد درمیانی، ثابت لال مرچیں دو سے تین عدد، ثابت گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، ٹماٹر دو عدد، دہی آدھی پیالی، ہری مرچیں تین سے چار عدد اور تیل آدھی پیالی۔ 
بنانے کا طریقہ : گوشت میں کچلا ہوا ادرک لہسن ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں تاکہ وہ اپنے ہی پانی میں گل جائے۔ پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں گرم مسالہ، ثابت لال مرچ اور باریک کٹی ہوئی پیا زڈال کر سنہری فرائی کرلیں، پھر اس میں نمک، لال مرچ، دھنیا، ہری مرچیں اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں اور تیل علاحدہ ہونے پر اس میں گلا ہوا گوشت، پھینٹی ہوئی دہی اور قصوری میتھی ڈال کر اچھی طرح ملا لیں اور ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ تیل علاحدہ ہونے پر اچھی طرح بھون لیں۔ لیجئے مزیدار قصوری مٹن تیار ہے۔ گر م گرم نان کے ساتھ کھائیں اور عرصۂ دراز تک اس کی لذت کو محسوس کرتے رہیں۔ 
آفرین عبدالمنان شیخ، شولا پور، مہاراشٹر
اسپیشل کلیجی مسالہ
درکاراجزاء اور بنانے کا طریقہ: ایک کلو کلیجی لیں اور اس کو پانی میں ڈال کر آدھا گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ ۳۰ ؍ تا ۳۵ ؍ منٹ انتظار کریں، کلیجی کے اندر خون ہوتا ہے اس طرح پانی میں رکھنے سے وہ بآسانی صاف ہو جائےگی۔ اس کے بعد ایک کڑاہی میں ایک تا تین کپ تیل ڈالیں، کلیجی میں بھی تیل تھوڑا زیادہ لیں اور ایک چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور اس طرح تیل میں بھونیں کہ ادرک لہسن کا پیسٹ تھوڑا سا فرائی ہوجائے۔ جیسے ہی وہ پیسٹ گولڈن ہو جائے تو اس میں دو درمیانی سائز کی پیاز پسی ہوئی شامل کریں اور بھونیں۔ اچھی طرح بھوننے کے بعد جب وہ گولڈن ہوجائے تو اس میں ٹماٹر شامل کریں پھر اس کو اچھی طرح بھونیں۔ اب دھنیا پاوڈر ایک دو چمچ، زیرہ پاوڈر ایک چمچ، ہلدی ایک تا دو چمچ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چمچ، تندوری مسالہ ایک چمچ، لال مرچ پاوڈر ایک چھوٹا چمچ اس میں ڈال دیں۔ پھر اچھی طرح ان مسالوں کو بھون لیں۔ یاد رہے کہ ابھی ہم نے نمک کا استعمال نہیں کیا ہے، بعد میں کرینگے۔ اب اس میں ایک کپ دہی شامل کیجئے، پھر دہی کو اچھی طرح مسالوں میں مکس کریں۔ جو کلیجی آپ نے دھو کر رکھی ہے اس کو مسالے میں شامل کر دیں اور دس سے بارہ منٹ تک پکانے کے بعد اس میں ایک چمچ بھنی ہوئی کسوری میتھی اور گرم مسالہ ڈالیں پھر اس کو اچھی طرح مکس کریں اور ایک منٹ کیلئے دم پر رکھیں تاکہ کسوری میتھی اور گرم مسالہ بھن جائے۔ اب اس میں نمک شامل کریں، دو سے تین ہری مرچ کاٹ کر ڈالیں اور اوپر ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ یہ رہی اسپیشل کلیجی مسالہ کی ڈش۔ لذیذ محسوس ہو تو اتنی اچھی ڈش تیار کرنے والے کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی یاد کرلیں اور دُعا دیں۔ 
ہاجرہ نورمحمد چکیا، حسین آباد، اعظم گڑھ
خستہ، ریشے دار شامی کباب


درکاراجراء اور بنانے کا طریقہ :آدھا کلو صاف گوشت کی یہ ڈش بنانے کیلئے جن مصالحوں کی ضرورت ہوگی وہ یہ ہیں : ثابت دھنیا ایک ٹیبل اسپون، ثابت لال مرچ ۵؍ عدد، زیرہ ایک چمچ، کالی مرچ آدھا چمچ، بڑی الائچی ایک، جاوتری ایک پیس، سات لونگ، دار چینی ایک ٹکڑا، پسی ہوئی لال مرچ آدھا چمچ، ہلدی آدھا چمچ، نمک ایک چمچ۔ سب سے پہلے مسالوں کو مکسر میں پیس لیں اور الگ رکھ لیں۔ کوکر میں دو چمچ خوردنی تیل میں ادرک اور لہسن کا پیسٹ بھون کر گوشت ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد چوپ کی گئی ایک عدد پیاز اور تیز پتہ ڈال دیں۔ اب دو گھنٹہ قبل بھیگی چنے کی دال کو کوکر میں ڈالیں اور ایک کپ پانی ملا کر اس کو خشک ہونے تک پکائیں۔ گلے ہوئے گوشت کو اچھی طرح کوٹ لیں اور پسا ہوا مسالہ مکس کر دیں۔ اب ایک ٹی اسپون امچور کا پاؤڈر، ایک لیموں کا رس، ایک انڈہ، چوپ کی گئی ہری مرچ، ہرا دھنیہ اور پیاز ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب کباب کی گول شکل بنا کر ایک برتن میں ان کو تلیں۔ اس طرح خستہ، ریشے دار اور لذیذ شامی کباب بقر عید کے پر مسرت موقع کیلئے بن کر تیار ہو گئے۔ خود بھی کھائیے اور تمام اہل خانہ کی خدمت میں پیش کیجئے، تقریب کا لطف دوبالا ہوجائیگا۔ 
سلطانہ صدیقی، اوکھلا وِہار، جامعہ نگر، نئی دہلی
مزیدار سیخ کباب


درکاراجراء اور بنانے کا طریقہ :بیف کا باریک قیمہ آدھا کلو، لال مرچ ایک چائے کا چمچ۔ زیرہ ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ضرورت و ذائقہ، دھنیا باریک کٹا ہوا ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، بڑی مرچ کا پیسٹ، گرم مصالہ ایک چائے کا چمچ، لیمو کا رس ایک چائے کا چمچ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، بیسن دو چائے کے چمچے، پودینہ باریک کٹا ہوا، پیاز ایک عدد، باریک کٹی ہوئی کوتمیر، باریک کٹا ہوا سیخ، ضرورت کے مطابق لکڑی کا کوئلہ۔ سب سے پہلے قیمے کو چا پر میں لے کر پوری طرح سے پانی نکال لیں۔ نمک، دھنیا، لال مرچ، کالی مرچ، لہسن، ادرک، گرم مسالہ، بیسن اور لیمو کا رس ڈال کر اچھی طرح گوندھ لیں۔ پھر اس آمیزے کو ہاتھ سے سیخ پر لگا کر کباب کی شکل دیں۔ سیخ کو دہکتے ہوئے کوئلہ پر رکھیں اور الٹ پلٹ کر تے رہیں تاکہ کباب، چاروں طرف سے اچھی طرح پک جائیں۔ لیجے مزے دار سیخ کباب تیار ہے۔ پودینہ، کوتمیر اور کٹی باریک پیاز سے سجا کر اہل خانہ اور مہمانوں کی خدمت میں پیش کریں۔ 
فرحین انجم، امراوتی، مہاراشٹر
توا چنا بوٹی


درکاراجراء اور بنانے کا طریقہ : بڑے کا گوشت آدھا کلو (چنے کی سائز کی چھوٹی بوٹیاں )، پیاز باریک کٹی درمیانی، دو عدد ہری مرچ، ہرا دھنیا، ادرک لہسن کا پیسٹ حسب ضرورت، لیمو کا عرق، ۔ یہ تمام اشیاء لے کر توا چنا بوٹی کی تیاری شروع کریں۔ سب سے پہلے گوشت کو تھوڑا سا پانی، نمک اور ڈیڑھ چمچ دھنیا پاؤڈر اور ادرک لہسن ڈال کو پریشر کوکر لیں، بڑا توا یا کھلے منہ کا برتن لیں، تیل گرم ہونے پر ہری مرچ ڈالیں، پھر پیاز ڈال کر نرم ہونے تک بھونیں، اب اس میں گلی ہوی چنا بوٹی ڈال کر تیز آنچ پر بھونیں، پانی سوکھنے پر ہرا دھنیا ڈال کر چولھا بند کر دیں۔ مزے دار چنا بوٹی تیار ہے۔ 
رضوانہ رشید انصاری، بیلجیم
مٹن ٹوتھ پیک اسٹارٹر


درکار اجزاء: ۷۵۰؍ گرام (بغیر ہڈی)، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، دہی ۲؍ بڑے چمچے، ہلدی ایک چٹکی، نمک حسب ِ ذائقہ، ہری مرچ ۶؍ عدد، پودینہ حسب ِ ضرورت، گرم مسالہ ایک چمچہ، تلنے کے لئے تیل۔ کوٹنگ کیلئے: میدہ ۲؍ بڑے چمچے، کارن فلور ۲؍ بڑے چمچے، کُٹی لال مرچ ایک چمچہ، کُٹا دھنیا ایک چمچہ، ریڈ فوڈ کلر ایک چٹکی یا حسب ِ پسند، کسوری میتھی ایک چمچہ، کالا نمک ایک چٹکی، چاٹ مسالہ ایک چمچہ، ٹوتھ پیک چند عدد۔ 
بنانے کا طریقہ: گوشت کو اچھی طرح سے دھو لیں۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، دہی، نمک، ہلدی، گرم مسالہ، ہری مرچ اور دھنیا کوٹ کر ڈالیں۔ پھر اس میں آدھا گلاس پانی شامل کریں اور کوکر میں ۴؍ سے ۵؍ سیٹی آنے تک پکنے دیں (گوشت کو بہت زیادہ نہ پکائیں، تھوڑی کسر باقی رہنی چاہئے)۔ گوشت کو ٹھنڈا ہونے دیں پھر اس میں میدہ، کارن فلور، لال مرچ، دھنیا، چاٹ مسالہ، کسوری میتھی، کالا نمک اور فوڈ کلر ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اب ٹوتھ پیک لیں اور اس میں گوشت کی بوٹیاں لگاتی جائیں۔ اب کڑھائی میں تیل گرم کریں اور بوٹیوں کو تلتی جائیں۔ گرما گرم مٹن ٹوتھ پیک اسٹارٹرس تیار ہیں۔ انہیں پودینے کی چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔ 
خان نرگس سجاد (جلگاؤں، مہاراشٹر)
چپلی کباب


درکار اجزاء: قیمہ آدھا کلو، نمک ایک بڑا چمچہ، زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، کٹی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، انار دانہ ایک چھوٹا چمچہ، پیاز ایک عدد، لیموں کا رس ایک بڑا چمچہ، ٹماٹر ایک عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت، مکئی کا آٹا ایک کپ۔ 
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے پیاز، ٹماٹر، ہری مرچ اور دھنیا کو باریک کاٹ لیں۔ زیرہ، ہرا دھنیا اور لال مرچ کو موٹا موٹا کوٹ لیں۔ اس کے بعد قیمے میں نمک، زیرہ، دھنیا، کٹی لال مرچ اور تمام مسالے ڈال کر مکس کرلیں۔ پھر کباب بنا کر فرائی کرکے چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔ 
سیمیں صدف میرنوید علی (جلگاؤں، مہاراشٹر)
نمکین گوشت


درکار اجزاء: ران، روغن اور ہڈی کا ملا جلا گوشت، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، دہی اور تیل۔ 
بنانے کا طریقہ: کوکر میں حسب ضرورت پانی ڈال کر مندرجہ بالا سبھی مسالے ڈال کر ۵؍ سے ۶؍ چمچے دہی شامل کریں۔ اچھی طرح سے مکس کر لیں۔ پھر گوشت شامل کرکے ایک چمچہ سرکہ ڈال دیں۔ اب ڈھکن لگا کر پہلی سٹی انے کے بعد دھیمی انچ پر تقریباً ۲۵؍ سے ۳۰؍ منٹ پکائیں۔ اس کے بعد ڈھکن کھول لیں۔ گوشت میں زائد پانی ہو تو اسے تیز آنچ پر تب تک بھونیں جب تک پانی خشک نہ ہو جائے۔ جب مسالے تیل چھوڑ دیں اس وقت ثابت سبز مرچ شامل کریں اور ۲؍ منٹ مزید بھونیں۔ اب پیالے میں نکال لیں۔ لمبائی میں کٹے ادرک سے سجائیں اور لیموں کے ساتھ پیش کریں۔ ذائقے دار نمکین گوشت بن کر تیار ہے۔ 
مومن رضوانہ محمد شاہد (ممبرا، تھانے)
قیمہ کی پکوڑیاں 
درکار اجزاء: قیمہ باریک کٹا ہوا ایک پاؤ، بیسن ایک سے ڈیڑھ کپ، ہری مرچ ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، پیاز ۲؍ عدد باریک اور چھوٹی کٹی ہوئی، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک سے ڈیڑھ چمچے، ثابت سوں ف آدھا چمچہ، زیرہ آدھا چمچہ، دہی یا کریم ۲؍ چمچے، ہلدی ایک چوتھائی چمچہ، ٹماٹر ایک عدد۔ 
بنانے کا طریقہ: پہلے ہری مرچ، ٹماٹر اور دہی کا پیسٹ تیار کرلیں۔ پھر قیمہ میں ساری چیزوں کو ملا کر ۱۰؍ منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ اب گرم تیل میں دھیمی آنچ پر سنہری تلیں۔ اب پسند کے مطابق سادہ یا کسی چٹنی کے ساتھ کھائیں اور سب کو کھلائیں۔ 
ایس خان (آعظم گڑھ، یوپی)
مٹن قورمہ

 
درکار اجزاء: ۵۰۰؍ گرام بکرے کا گوشت، ۲۰۰؍ گرام پیاز، ایک چمچہ پسا ہوا ادرک، ثابت گرم مسالہ حسب ِ ضرورت، کشمیری مرچ پاؤڈر، نمک حسب ِ ذائقہ، ۴؍ سبز الائچی، ۲؍ لونگ، ایک جاوتری پھول، ایک چمچہ سیاہ زیرہ، ایک چمچہ دھنیا پاؤڈر، ایک کپ تیل، آدھا کپ گھی، خوشبو کیلئے کیوڑے کا عرق۔ 
بنانے کا طریقہ: گوشت کو اچھی طرح دھو کر چھان لیں۔ پیاز چھیل کر موٹا کاٹ لیں۔ کوکر میں گوشت، پیاز، نمک، دھنیا پاؤڈر، مرچ پاؤڈر، ۲؍ الائچی، ۲؍ لونگ، جاوتری، آدھا تیز پات، ایک کپ تیل ڈال کر گلا لیں۔ اب ایک دیگچی میں تیل گرم کریں۔ ایک پیاز کا بریستہ تیار کرلیں۔ بقیہ تیل میں ادرک کا پیسٹ ڈالیں۔ مرچ پاؤڈر ڈالیں۔ اب گوشت میں سے پیاز نکال کر مسالہ میں ڈالیں اور اچھی طرح سے بھون لیں۔ تیل چھوڑنے لگے تو تھوڑا سا پانی شامل کرکے دھیمی آنچ پر چڑھا دیں۔ اوپر بریستہ کی ہوئی پیاز اور سبز الائچی کوٹ کر ڈال دیں۔ گھی ڈال اور کیوڑے کا عرق ڈال کر ۱۵؍ منٹ دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو آنچ کو بند کر دیں۔ لیجئے تیار ہے خوشبو دار مٹن قورمہ۔ اسے باکر خانی یا نان کے ساتھ نوش فرمائیں۔ 
نشاط پروین (شاہ کالونی، مونگیر، بہار)
مٹن بریانی
درکار اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو، گھی یا تیل ۲؍ پیالی، ادرک لہسن کا پیسٹ ۲؍ چمچے، پیاز ۴؍ عدد، بریستہ (۴؍ عدد پیاز کی)، ٹماٹر ۶؍ عدد، ہری مرچ ۶؍ عدد، دہی ایک پیالی، ثابت گرم مسالہ حسب ِ ضرورت، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، کیوڑے کا عرق چند قطرے، زرد رنگ حسب ِ پسند۔ 
بنانے کا طریقہ: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے کٹی ہوئی پیاز ڈالنے کے بعد گوشت کو ادرک لہسن کے پیسٹ کے ساتھ اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد نمک، لال مرچ پاؤڈر، کٹے ہوئے ٹماٹر، پسی ہوئی ہری مرچ، دہی اور گرم مسالہ پاؤڈر ڈال کر گوشت کو گلنے کے لئے چھوڑیں۔ دوسری طرف بڑی پتیلی گرم کرکے گھی، ثابت گرم مسالہ، نمک اور پانی ڈال کر ایک ابال آنے کے بعد چاول کو دھیمی آنچ پر پکا لیں۔ اب گوشت اور چاول پھر بریستہ کی ہوئی پیاز کی پرت لگا کر آخر میں کیوڑا اور زرد رنگ ڈال کر بریانی کو دم کے لئے رکھیں۔ لیجئے لذیذ مٹن بریانی تیار ہے۔ رائتے کے ساتھ نوش فرمائیں۔ 
ساریہ ابوالقیس (جونپور، یوپی)
چپلی کباب


درکار اجزاء: بکرے کے گوشت کا قیمه ایک کلو گرام، ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، پودینه آدھی گڈی باریک کٹا ہوئی، سبز دھنیا تھوڑا سا، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، انار دانہ ۲؍ بڑے چمچے، سرخ مرچ آدھا بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، سرسوں کا تیل حسب ِ ضرورت، پانی حسب ِ ضرورت، انڈے ۴؍ عدد، ٹماٹر اوسط سائز کا ۲؍ عدد، مکئی کا آٹا ۲؍ بڑے چمچے، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، کالی مرچ ایک چھوٹا چمچہ۔ 
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے ایک برتن میں قیمه ڈالیں۔ اب ہری مرچ ۴؍ عدد باریک کٹی ہوئی، ثابت دھنیا اور سفید زیرے کو بھون کر قیمے میں شامل کریں، انار دانہ، کالی مرچ، باریک کٹا ہوا پودینہ، لال مرچ، نمک، بقیه پسے ہوئے مسالے قیمے میں ملا کر اچھی طرح گوندھیں اور آدھے گھنٹے کے لئے ڈھانک کر فریج میں رکھ دیں تاکہ انار دانے کی کھٹاس اس میں شامل ہو جائے۔ اوسط سائز کے کباب بنالیں اور انہیں انڈوں میں لپیٹ کر ایک بڑے فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل گرم کرکے ہلکی آنچ پر تل لیں۔ تلنے کے دوران ٹماٹر کے سلائس کباب پر چپکاتی جائیں اور پلٹتی رہیں۔ چپلی کباب کبھی بھی زیادہ تیل میں نہ تلیں۔ ٹماٹر کی وجہ سے کباب تھوڑے گیلے اور نرم ہو جائیں گے۔ جب تھوڑے خشک اور ہلکے سخت ہو جائیں تو ٹیشو پیپر پر اتار لیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔ آخر میں دھنیے یا پودینے کی چٹنی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔ نہایت لذیذ ہوں گے۔ 
ناز یاسمین سمن (پٹنه، بہار)
اسپیشل چپلی کباب


درکار اجزاء: باریک قیمہ ۵۰۰؍ گرام، سرسوں کا تیل ۲۵۰؍ گرام، کچا پپیتا ۱۰۰؍ گرام، لال مرچ ایک چھوٹا چمچہ، زیرہ ایک چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، ہری مرچ کا پیسٹ ایک چمچہ، ادرک کا پیسٹ ایک چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک چمچہ، پیاز ایک عدد کٹی ہوئی، گرم مسالہ ایک چھوٹا چمچہ، ۲۵؍ گرام کاجو، ۲۵؍ گرام بادام۔ 
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے قیمے کو دھو کر اس کا پانی اچھی طرح سے نچوڑ دیں۔ لہسن ادرک کے پیسٹ، مسالے، کاجو بادام اور پپیتے کو گرائنڈر میں پیس لیں اور اس آمیزے کو قیمے میں ملا کر ۳۰؍ منٹ کے لئے رکھ دیں۔ پھر اس کی گول ٹکیاں بنائیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور قیمے کی بنی ہوئی ٹکیوں کو ہاتھ سے دباتے ہوئے تیل میں چھوڑیں۔ تیز براؤن رنگ کی ہوجانے پر ان کو نکال لیں۔ آپ کے چپلی کباب بن کر تیار ہیں۔ اوپر سے ہرے دھنیے سے سجائیں۔ دہی اور ہری مرچ کی چٹنی کے ساتھ اہل خانہ کے سامنے پیش کریں۔ 
ترنم صابری (سنبھل، یوپی)
مٹن پارچے کباب


درکار اجزاء: ایک کلو مٹن کے پارچے، ایک سے ۲؍ چمچے سیندھا نمک، ایک ایک چمچہ ادرک اور لہسن کا پاوڈر، ایک چمچہ تیکھی لال مرچ پاؤڈر، ایک چمچہ دھنیا پاؤڈر، ایک چمچہ ہری مرچ کا پیسٹ، ۲؍ چمچے پیاز کا پاوڈر، ۴؍ چمچے دہی، ۴؍ چمچے گھی، ۲؍ چمچے چاٹ مسالہ، ۲؍ چمچے گرم مسالہ پاؤڈر، ۲؍ سے ۳؍ چمچے بھنی اور پسی ہوئی چنے کی دال، ۴؍ چمچے سونف، خشخاش، تل اور کاجو (دودھ میں گلاب کی پتیوں کے ساتھ پیسا ہوا پیسٹ)، ایک عدد لیموں کا رس۔ 
بنانے کا طریقہ: اوپر کے سبھی مسالوں کو پارچوں پر موٹی پرت لگا کے ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ پھر چربی کے تیل میں شیلو فرائی کریں۔ دھنیا، پودینہ کی ہری چٹنی، مایونیز، پیاز کے لچھے، پودینہ کی پتیاں اور لیموں کے ساتھ پیش کریں۔ بہترین پارچے کباب تیار ہیں، نوش فرمائیں۔ 
شاہدہ وارثیہ (وسئی، پال گھر)
بھنا ہوا گوشت
درکار اجزاء اور بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے ۵؍ کلو گوشت کو اچھی طرح دھو لیں۔ اس کے بعد اس گوشت کو پریشر کوکر میں ڈال دیں۔ پھر اس میں ۳؍ عدد پیاز کو باریک باریک کاٹ کر شامل کر دیں اور ۲ چھوٹے چمچے نمک کے شامل کر دیں۔ اب کوکر کو بند کرکے گوشت کے گلنے تک دو چار سیٹی لگا دیں۔ اب اس کو کھول کر اس کا سارا پانی خشک کرلیں۔ اب گوشت میں ۱۵؍ سے ۲۰؍ ہری مرچیں پیس کر شامل کر دیں اور ہرا دھنیا باریک باریک کتر کے شامل کر دیں، گوشت تیار ہے۔ چپاتی کے ساتھ نوش فرمائیں یا ایسے ہی کھائیں۔ 
فائقہ حماد خان (بنکٹوا، بلرامپور، یوپی)
کٹلٹس


درکار اجزاء: گوشت ایک کلو (بغیر ہڈی)، پیاز ۶؍ عدد (باریک کتر لیں )، ادرک لہسن کا پیسٹ ۲؍ بڑے چمچے، مرچ پاؤڈڑ ۲؍ چھوٹے چمچے، زیرہ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، کالی مرچ ایک چھوٹا چمچہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، دہی ایک بڑا چمچہ، کچے پپیتے کا پیسٹ ایک چھوٹا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، ہرا دھنیا سجانے کے لئے۔ 
بنانے کا طریقہ: گوشت کو اچھی طرح دھو کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر تمام مسالے کو گوشت میں ملا کر ایک گھنٹے کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑھائی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر ہلکی سنہری ہونے تک تلیں۔ پھر اس میں گوشت ڈال کر اچھی طرح سے ملائیں اور ڈھکن ڈھانک دیں۔ پانچ منٹ بعد ڈھکن ہٹا کر گوشت کو بھونیں۔ گوشت تب تک بھونتے رہیں جب تک کہ اس میں تیل نظر نہ آجائے۔ اب اسے سرونگ ڈش میں نکال کر ہرے دھنیے سے سجائیں۔ لیجئے ذائقہ دار کٹلٹس تیار ہیں۔ گرما گرم دال چاول کے ساتھ نوش فرمائیں۔ 
تسنیم کوثر نوید (ارریہ، بہار)
لاجواب مریمی کباب


درکار اجزاء: بکرے کے گوشت کا قیمہ، چنے کی دال، سبھی قسم کے مکس مسالے، اچار، بادام، کاجو، پستہ، نمک، مرچ، ہلدی، گلاب کی پتیاں، ہری مرچ، دھنیا، پودینہ، انڈے، ناریل کی چٹنی۔ 
بنانے کا طریقہ: گوشت میں دال شامل کریں اور سبھی قسم کے مسالے مکس کریں۔ پھر سبھی کو پیس کر اس میں بادام، کاجو اور پستہ شامل کریں اور پھر کباب بنائیں اور جب تیار ہوجائے تو گلاب کی پتی اوپر سے ڈال دیں۔ انہیں ناریل کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ 
شریفہ بیگم عرف مرو (بلگرام، یوپی)

اگلے ہفتے کا عنوان: اسکول کے پہلے دن کی میری یادیں 
اظہار خیال کی خواہشمند خواتین اس موضوع پر دو پیراگراف پر مشتمل اپنی تحریر مع تصویر ارسال کریں۔ وہاٹس ایپ نمبر: 8850489134

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK