• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حد سے زیادہ اَنا ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہے

Updated: December 10, 2024, 1:23 PM IST | Dr. Sherman Ansari | Mumbai

اکثر اَنا پسند خواتین تنقید کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں اور اپنی خامیوں کو تسلیم نہیں کرتیں۔ خواتین کا یہ رویہ ترقی کے موقع سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔ تعمیری تنقید ترقی کیلئے ضروری ہے۔ لیکن اَنا پرست خواتین اسے ذاتی حملے کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔ اسلئے ترقی کرنے میں انہیں دشواری پیش آسکتی ہے۔

Women should focus on `we` more than `me`. Photo: INN
خواتین کو چاہئے کہ ’مَیں‘ سے زیادہ ’ہم‘ پر توجہ مبذول کریں۔ تصویر: آئی این این

اَنا بذات خود منفی نہیں ہے۔ اَنا خواتین میں عزائم اور خود اعتمادی کو فروغ دیتی ہے۔ خواتین کے لئے ایک متوازن اَنا برقرار رکھنا خاص طور پر سماجی رکاوٹوں کو توڑنے اور برابری حاصل کرنے کے لئے اہم ہے۔ لیکن جب یہ حد سے زیادہ بڑھ جائے تو خواتین کے لئے نقصاندہ ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا بھی سبب بن سکتی ہے۔
اَنا کی حد سے بڑھنے 
کی علامات
٭تعمیری تنقید کو قبول نہ کرنا۔ ٭ذاتی کامیابی کا سہرا خود کے سَر باندھنا، تعاون کی اہمیت کو قبول نہ کرنا۔
٭ذاتی کامیابی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا۔
٭غلطیوں کو تسلیم کرنے میں مشکل پیش آنا۔
٭دوسروں کے نقطۂ نظر کے ساتھ اتفاق نہ کرنا۔
اَنا خواتین کو کیسے نقصان پہنچا سکتی ہے؟
ذاتی تعلقات میں تناؤ
 حد سے زیادہ اَنا ذاتی تعلقات کے لئے رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اَنا رکھنے والی خواتین اکثر دوسروں کے ساتھ ہمدردی کرنے، مختلف خیالات کو قبول کرنے یا اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ یہ رجحانات غلط فہمیاں اور تعلقات میں تناؤ پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ترقی میں رکاوٹ
 اکثر اَنا پسند خواتین تنقید کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں اور اپنی خامیوں کو تسلیم نہیں کرتیں۔ خواتین کا یہ رویہ ترقی کے موقع سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔ تعمیری تنقید ترقی کے لئے ضروری ہے۔ لیکن اَنا پرست خواتین اسے ذاتی حملے کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔ اس لئے ترقی کرنے میں انہیں دشواری پیش آسکتی ہے۔
پیشہ ورانہ مسائل
 کام کی جگہ پر اَنا تعاون اور ٹیم ورک میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اکثر خواتین اپنی اَنا کو مشترکہ مقاصد پر ترجیح دیتی ہیں جس سے ان کے کریئر کو نقصان پہنچتا ہے۔
کامل شخصیت
 اکثر اَنا پرست خواتین اپنی کمزوری ظاہر کرنے کے خوف کی وجہ سے مدد مانگنے یا اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شخصیت کی تخلیق کے بعض گوشے خالی رہ جاتے ہیں اور وہ ایک کامل شخصیت نہیں بن پاتیں۔
ذہنی صحت
 خواتین جن کی اَنا بے قابو ہوتی ہے وہ اکثر دباؤ، بے چینی اور مایوسی کا شکار رہتی ہیں۔ وہ خود کو زیادہ اہم سمجھتی ہیں جبکہ دوسروں کو کمتر۔ اس رویے کی وجہ سے زیادہ تر لوگ ان سے دوری اختیار کر لیتے ہیں۔ اس لئے وہ ہمیشہ تنہائی میں بے اطمینانی محسوس کرتی ہیں اور ان کی ذہنی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔
تنازعات کو ہوا دینا
 اکثر اَنا پر مبنی رویے ذاتی اور پیشہ ورانہ مقامات پر تنازعات کا باعث بنتے ہیں۔ سمجھوتہ کرنے یا دوسروں کے نقطۂ نظر پر غور و فکر کرنے سے انکار اختلافات کو بڑھا سکتے ہیں جس سے مسائل کا حل مشکل انتہائی ہوجاتا ہے اور تعلقات بھی متاثر ہوتے ہیں۔
 اگر ان رجحانات کو قابو نہ کیا جائے تو یہ تعلقات میں تناؤ اور ترقی کے مواقع کو کھو دینے کا سبب بن سکتے ہیں۔
اَنا کو رکاوٹ بننے سے روکنے کے اقدامات
خود شناسی:
 اگر خواتین خود کا احتساب کرتی رہیں تو اَنا سے جڑے رویوں کو پہچاننے میں مدد ملتی ہے۔
تنقید کو اپنانا
 تعمیری تنقید ترقی کا ایک آلہ ہے۔ تنقید کو فعال طور پر قبول کرنا عاجزی اور کشادگی کو فروغ دیتا ہے۔ اس لئے خواتین کو تعمیری تنقید کو اپنا کر خود میں سدھار پیدا کرنا چاہئے۔
شکر گزاری کا رویہ اپنانا
 شکر گزاری خواتین کی توجہ کو خود پر مرکوز کامیابیوں سے ہٹا کر دوسروں کے تعاون کی قدر دانی کی طرف لے جاتی ہے۔ یہ رویہ تعاون کو فروغ دیتا ہے اسلئے خواتین کو شکر گزاری کرتے رہنا چاہئے۔
ہمدردی کے جذبات
 دوسروں کے نقطہ نظر کو سمجھنا، آپسی تعلقات کو بہتر بناتا ہے۔ اس لئے خواتین کو ذاتی اَنا پر مشترکہ مقاصد کو ترجیح دینا چاہئے۔
مسلسل سیکھنا
 یہ تسلیم کرنا کہ کسی کو سب کچھ نہیں آتا خواتین کو کافی ترقی عطا کرتا ہے۔ اور ان میں برتری کے احساس کو کم کرتا ہے۔
اجتماعی کامیابی کا جشن منانا
 خواتین کو چاہئے کہ ’مَیں‘ سے زیادہ ’ہم‘ پر توجہ مبذول کریں۔ ان کا یہ رجحان ٹیم ورک اور مشترکہ کامیابیوں کو بڑھاتا ہے۔ جس سے اَنا پر مبنی تنازعات کم ہوتے ہیں۔
 اس طرح خواتین اپنی حد سے بڑھی ہوئی اَنا پر قابو پا کر ترقی کی منازل پر گامزن ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK