اکثر اوقات انسان اپنی زندگی میں کسی نہ کسی کمی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ سے شکایت کرتا ہے جبکہ چند ایک کمیوں کے مقابلے میں اس کے پاس کئی نعمتیں ہوتی ہیں۔ کیا کبھی آپ نے سوچا کہ صحت بھی نعمت ہے، والدین بھی نعمت ہے اور اولاد بھی نعمت ہے؟ کتنا شکر ادا کرتے ہیں ہم؟
اولاد کا شمار بھی نعمت میں ہوتا ہے، اس کے لئے بھی شکرگزار رہیں۔ تصویر: آئی این این۔
ہم میں سے زیادہ تر لوگ پیسہ، گھر، گاڑی، مال و دولت کو ہی نعمت سمجھتے ہیں۔ جبکہ ہمارے پاس میسر ہر چیز کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ ہمیں اپنی زندگی کا جائزہ لینا چاہئے اور ہمارے پاس میسر ہر چیز کے لئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
والدین
والدین کا شمار بھی نعمتوں میں ہوتا ہے۔ جو دن رات ہماری آنکھوں کے سامنے رہتے ہیں۔ جنہیں ہم دیکھتے، باتیں کرتے، پیار کرتے اور اُن کی خدمت کرتے ہیں۔ والدین ہمیں اِس دُنیا میں جینے کے قابل بناتے ہیں۔ وہ ہم سے بہت پیار کرتے ہیں اور بدلے میں ہم سے کچھ نہیں مانگتے۔ والدین صرف اور صرف اپنے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر انہیں دعائیں دیتے ہیں۔ والدین کی دعائیں ملنا بھی ہمارے لئے نعمت ہیں۔
پڑوسی
ہمارے گھر کے قریب رہنے والے لوگوں کا ہماری زندگی میں اہم رول ہوتا ہے۔ پڑوسیوں کے ساتھ ہمیشہ حسن و سلوک سے پیش آئیں۔ انہیں تکلیف نہ دیں۔ ان کی عزت کریں۔ پڑوسیوں کے کام آئیں۔ اُن کی مدد کریں۔ یاد رکھیں کہ جب بھی ہم کو کوئی بھی مشکل یا پریشانی پیش آتی ہے یا پھر ہمیں فوری مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو سب سے پہلے پڑوسی ہی کام آتے ہیں۔ رشتہ دار تو بعد میں پہنچتے ہیں۔ نیک، مددگار اور اچھے پڑوسی اگر آپ کے آس پاس موجود ہیں تو وہ نعمت ہیں۔
اچھی صحت
اچھی صحت انسان کی زندگی میں بہت ہی اہم رول ادا کرتی ہے اور اچھی صحت کے حصول کے لئے ہمیں جو بھی کرنے کے لئے کہا جائے ہم وہ سب کرتے ہیں تاکہ ہم صحتمند اور تندرست رہ سکے۔ ہم صحتمند رہنے کے لئے ورزش کرتے ہیں۔ اپنے کھانے پینے کا دھیان رکھتے ہیں۔ اچھی صحت دنیا کی سب سے قیمتی دولت ہے اور اچھی صحت بھی اللہ کی خاص نعمت ہے۔
نیک ہم سفر
ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اُس کا ہم سفر نیک اور اچھا ہو، جو آپ کو سمجھے اور ہر مشکل میں ہمیشہ آپ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے، ہمیشہ آپ کا ساتھ دے، نیک، دیندار، مددگار اور ایمان والا ہو۔ ہمیں نیک اور ایماندار شوہر ملتا ہے تو یہ بھی اللہ کی نعمت ہے۔
اچھا سسرال
ہر لڑکی چاہتی ہے کہ اس کو ایک اچھا اور نیک گھرانے پر مشتمل سسرال ملے۔ جہاں اُسے سب لوگ پیار کریں۔ بہو کے بجائے بیٹی سمجھے اور اپنی ہی گھر کا ایک حصہ بنا لیں۔ کبھی لڑکی کو یہ محسوس نہ ہونے دیں کہ وہ باہر کی ہے۔ اُسے سسرال میں بھی میکے جیسا ماحول ملے۔ جب لڑکی کو اس قسم کا سسرال اور پیار کرنے والے لوگ مل جائے تو یہ بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
مخلص دوست
دوستی ایک انمول رشتہ ہے۔ اس کی قدر ہونی چاہئے۔ مخلص دوست ہر طرح کی قربانی دینے اور ساتھ دینے کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ وہ خود تکلیف برداشت کر لیتے ہیں مگر اپنے دوست پر کبھی آنچ نہیں آنے دیتے ہیں۔ اگر آپ کی زندگی میں مخلص دوست ہے تو اسے عظیم نعمت سمجھیں۔
نیک اولاد
والدین اپنے بچوں کو اچھی تربیت دیتے ہیں۔ انہیں پڑھا لکھا کر نیک اور قابل انسان بناتے ہیں۔ انہیں بچپن ہی سے دین اور دنیا کی تعلیم دیتے ہیں تاکہ اس کی دنیا و آخرت دونوں سنور جائیں۔ والدین کی اچھی تربیت کا نتیجہ ہی ہوتا ہے کہ اُن کی اولاد نیک بنتی ہیں اور اپنے والدین کے لئے دنیا اور آخرت میں بھلائی کا ذریعہ بنتی ہے۔ نیک اولاد بھی والدین کے لئے نعمت ہیں۔
دل کا سکون
اگر ہم اپنی زندگی میں اللہ کی رضا کے لئے نیک اور اچھے کام کریں۔ صبر کریں۔ ہمیشہ لوگوں کو درگزر کریں۔ مدد کریں۔ آخرت کو سنوارنے کی کوشش کریں۔ اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ یہ سب کام اگر ہم کرتے ہیں تو ہمارا دل پُرسکون رہتا ہے۔ یہ اطمینان نعمت ہے۔
محبت کرنے والے رشتہ دار
پیدا ہوتے ہی ہم بے شمار رشتوں سے منسلک ہوجاتے ہیں۔ ان میں بیشتر رشتہ دار ہم سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ ہماری فکر کرتے ہیں۔ رشتے دار ہماری خوشی میں خوش ہوتے ہیں اور غم میں افسردہ ہوجاتے ہیں۔ ایسے مہربان اور محبت کرنے والے رشتے بھی نعمت ہیں۔
اوپر بیان کی گئی نعمتوں کا ہمیں شکرگزار ہونا چاہئے۔ ہم ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے کمیوں کی شکایت کرتے ہیں مگر اُن چیزوں پر شکر ادا کرنا بھول جاتے ہیں جو ہمیں میسر ہیں۔ درج بالا نعمتوں کے علاوہ جو نعمتیں آپ کے پاس میسر ہیں ان کا تہہ دل سے رب ِ کریم کا شکریہ ادا کریں۔