سب کو ایسے لوگ پسند ہوتے ہیں جو ’دینا‘ جانتے ہوں، خاص طور پر خواتین سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ہر خوشی دوسروں کیلئے قربان کر دیں۔ کسی کی خدمت سے حاصل ہونے والی خوشی نہایت قیمتی ہوتی ہے لیکن جو شخص خود سے محبت نہیں کرتا، اسکے پاس دوسروں کو دینے کیلئے بھی کچھ نہیں ہوتا، اسلئے اپنی ذات کو اہمیت دیں۔
اپنے لئے وقت نکالیں اور وہ کام کریں جس سے آپ کو خوشی ملتی ہے۔ تصویر: آئی این این
آپ نے سنا ہوگا جو خود سے محبت کرتا ہے، وہ دوسروں سے بھی محبت کرتا ہے۔ آج ہم بہت مصروف ہیں، ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے، موبائل نے مصروفیت کو چھ انچ کی اسکرین تک محدود کر دیا ہے۔ ایسے میں کیا خود سے محبت کرنے کی کوئی اہمیت ہے؟ اپنی پروا کرنے والوں کو اکثر خود پسند اور خود غرض سمجھا جاتا ہے، خود سے محبت کرنے کا جذبہ خود غرضی سے مختلف کیوں ہے؟ اس سلسلے میں ماہرین کہتے ہیں، ’’خود سے محبت کا مطلب اپنے آپ سے مطمئن ہونا ہے۔ رائے کا اظہار کرنا، اپنی خوشی کیلئے کوشش کرنا، خواہشات کو اپنانا، تعریف وصول کرنا، اپنی بہتری سے متعلق فیصلہ کرنا بھی اس میں شامل ہے۔ خود سے محبت کا مطلب اپنے آپ کو پورے دل سے اپنا لینا ہے، جو لوگ خود سے محبت کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کائنات میں دوسری چیزوں کے ساتھ ان کی اپنی ذات بھی اہم ہے۔ غلطی پر خود کو اور دوسروں کو معاف کر دینا بھی محبت ہی کی نشانی ہے۔ یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ خود سے محبت اور خود غرضی ایک چیز نہیں، دونوں بالکل مختلف جذبات ہیں۔ جیسے فخر اور غرور کے درمیان معمولی سا فرق ہوتا ہے، ویسے ہی خود غرضی و خود پسندی اور اپنے آپ سے محبت کا فرق بھی معمولی ہے۔‘‘
سب کو ایسے لوگ پسند ہوتے ہیں جو ’دینا‘ جانتے ہوں، خاص طور پر خواتین سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ہر خوشی دوسروں کے لئے قربان کر دیں۔ کسی کی خدمت سے حاصل ہونے والی خوشی نہایت قیمتی ہوتی ہے لیکن جو شخص خود سے محبت نہیں کرتا، اسکے پاس دوسروں کو دینے کیلئے بھی کچھ نہیں ہوتا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر خود سے کم محبت کرینگے تو دوسروں کو دینے کیلئے محبت میں اضافہ ہو جائیگا، جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے۔ اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ: کسی پیالی میں چائے اسی وقت ڈالی جاسکتی ہے جب کیتلی میں چائے ہو۔ جب ایک شخص خود سے محبت کرتا ہے تو قدرتی طور پر خوشی اور اطمینان کے جذبات اس کے دل میں ابھرتے ہیں، یہی احساسات دوسروں سے محبت کے جذبات پیدا کرتے ہیں، خوش اور مطمئن لوگوں کیلئے یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ دوسروں کو پریشانی اور بدحالی میں دیکھ سکیں؟ اسی لئے وہ دوسروں کیلئے بھی آسانی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ جو خود سے محبت کرتے ہیں، ان کیلئے دوسروں سے محبت کرنا بھی ممکن ہوتا ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اپنے آپ سے محبت، خود پسندی، خود غرضی اور خود پرستی سے کیسے مختلف ہے، ان کے درمیان فرق کیسے کیا جاسکتا ہے۔ جیسے پودے کی نشوونما کے لئے پانی اہم ہے، ویسے ہی ہم سب بھی محبت کے سہارے جیتے ہیں۔ ایک فرد بہترین جذباتی، جسمانی اور ذہنی حالت میں اس وقت ہوتا ہے، جب وہ محبت کے جذبات محسوس کرتا ہے۔ یہ جذبہ ہم پرلطف و سرور کی کیفیت طاری کر دیتا ہے۔ پھر جب ہم اپنے آپ سے محبت کرتے ہیں تب کیا ہوتا ہے؟ ہماری اخلاقی روایات بلند ہوتی ہیں، یہ بلندی ہمیں دوسروں کے ساتھ نیک سلوک کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ جبکہ خود غرض انسان خود سے محبت کرتا ہی نہیں۔ اپنے آپ سے محبت، ایک وسیع جذبہ ہے، جس میں دوسرے بھی شامل ہوتے ہیں جبکہ خود پرستی ایک محدود سوچ کا نتیجہ ہے، جس کے ساتھ لالچ، خود غرضی اور بے پروائی بھی فرد کی شخصیت کا حصہ ہوتی ہے۔
اکثر خواتین اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ یہ سوچتے ہوئے گزارتی ہیں کہ وہ کسی قابل نہیں، تو یہ کیسے ممکن ہے کہ اچانک وہ اپنے آپ کو اہمیت دینے کا ہنر سیکھ جائیں؟ حقیقت یہ ہے کہ محبت کرنا سیکھا نہیں جاسکتا۔ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیشہ سے ہمارے دل میں موجود ہے، اسے صرف پہچاننا اور اپنانا ہے۔ خود آگاہی، ہمیں ہر مشکل پر قابو پانے کا حوصلہ دیتی ہے، روزانہ چند منٹ اپنے لئے گزاریں، سکون کے یہ لمحات زندگی کو سمجھنے کا موقع دیں گے، آپ اپنے جذبات کو ایک خاص مثبت انداز میں ترتیب دے سکیں گی، اپنی دوست بن جائیں، جو عادت ترقی اور مثبت احساسات کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے اسے ترک کر دیں، اپنے اردگرد اضافی سامان اور اپنے دل میں موجود غیر ضروری منفی جذبات سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ حوصلہ، لگن، درگزر کی اہمیت اُجاگر ہوگی اور آپ اپنی عادت اور طرز عمل کی ان خرابیوں کو پہچان سکیں گی جس نے آپ کو محدود کر رکھا ہے تب دل و دماغ میں بھی وسعت آئے گی۔
کیا اپنے آپ سے محبت کرنے والی خواتین کی زندگی، شخصیت، سوچ اور گفتگو کا انداز مختلف ہوتا ہے؟ وہ عام خصوصیات کی مالک ہوتی ہیں بس مثبت انداز ِ فکر، چہرے پر مسکراہٹ، زندگی میں سکون اور اطمینان کا عکاس ہوتا ہے۔ آپ غور کیجئے، اردگرد ایسے کئی لوگ ہوں گے جن کی شخصیت، یہ ظاہر کرے گی کہ وہ اپنے آپ سے اور دوسروں سے محبت کرتے ہیں۔ اس لئے اپنی ذات کو فراموش نہ کریں۔ اپنے آپ سے محبت کر لیجئے!