• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سردی کے موسم میں تیل مالش؛ کئی فوائد حاصل ہوں گے

Updated: December 13, 2023, 12:19 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

سردی کے موسم میں تیل مالش کے کئی فوائد ہیں ۔ زیادہ تر گھروں میں مالش کے لئے سرسوں کے تیل کا استعمال کرتے ہیں۔

Massaging mustard oil with heat removes dryness of the skin. Photo: INN
سرسوں کے تیل کو گرم کرکے مالش کرنے سے جلد کی خشکی دور ہوتی ہے۔ تصویر : آئی این این

سردی کے موسم میں تیل مالش کے کئی فوائد ہیں ۔ زیادہ تر گھروں میں مالش کے لئے سرسوں کے تیل کا استعمال کرتے ہیں۔ لیکن صرف تیل مالش کرنا ہی کافی نہیں ہے۔ تیل مالش کرتے وقت چند احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
گرم تیل سے مالش
 سرسوں کا تیل سردیوں میں مالش کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے۔ سرسوں کے تیل کو گرم کرکے مالش کرنے سے جلد کی خشکی دور ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تھکان اور جوڑوں کے درد سے بھی نجات ملتی ہے۔ مساج سے اسکن ٹون ہوتی ہے۔ جلد کو غذائیت ملتی ہے۔ خون کا دوران بہتر ہوتا ہے۔ جلد نرم و ملائم ہوتی ہے۔
مالش کا طریقہ
 سردی کے موسم میں مالش کرنے سے قبل تیل گرم کریں ۔ مالش کرتے وقت احتیاط برتیں ۔ مثال کے طور پر کندھے، کہنی اور کلائی کے جوڑ پر گولائی کی شکل میں مساج کریں ۔ بانہوں اور پیروں کے عضلات پر نیچے سے اوپر کی جانب مالش کریں۔
 پیٹ کی مالش ناف سے شروع ہو کر باہر کی جانب گولائی میں ہونی چاہئے۔ اوپر پیٹ کے لئے سمت دائیں سے بائیں ہونی چاہئے جبکہ نچلے پیٹ کے لئے گولائی میں بائیں سے دائیں ہونا چاہئے۔ پیٹھ کے لئے مالش ریڑھ پر منحصر ہونی چاہئے، ریڑھ کی ہڈی سے پسلیوں تک، اوپر اور باہر کی جانب مالش کرنی چاہئے۔
جلد پر سرسوں کا تیل لگانے کے فوائد
 سرسوں کا تیل بطور اینٹی ایجنگ اور موئسچرائزر کا کام انجام دیتا ہے۔ یہ جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے، فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان سے بچاتا ہے، جس سے جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات زائل ہوتے ہیں ۔ سرسوں کا تیل کالیجن بڑھانے کا کام بھی کرتا ہے جس سے جلد کی شادابی بڑھ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کیل مہاسے، الرجی، کھجلی، خراش جیسی پریشانیوں سے نجات ملتی ہیں ۔ وٹامن اور منرلز سے بھرپور سرسوں کا تیل سن اسکرن کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور جلد کو سورج کی نقصاندہ شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اسکن ٹیننگ اور داغ دھبوں سے بچاتا ہے۔
سرسوں کا تیل بالوں کیلئے بھی مفید
 سرسوں کے تیل میں موجود پروٹین اور اومیگا ۳؍ فیٹی ایسڈ، سر اور بالوں کے عام مسائل سے چھٹکارا دلانے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ بالوں کو مضبوط بناتے ہیں ، بالوں کی نمی برقرار رکھتے ہیں اور ان کا جھڑنا روکتے ہیں۔ ہفتے میں دو بار سرسوں کا تیل لگانا چاہئے۔
زیتون کا تیل
 موسم سرما میں زیتون کے تیل کی مالش کرنا صدیوں پرانا نسخہ ہے۔ زیتون کے تیل کے دس قطروں کو سر پر ٹپکا کر اس کی مالش کریں اور سر کو کسی ٹوپی یا تولیے میں ڈھانپ کر سو جائیں ، اس کا استعمال نہانے سے قبل جلد پر مالش کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ نہانے کے فوراً بعد پورے جسم پر زیتون کا تیل لگا لینے سے خشکی سے کافی حد تک نجات ملتی ہے۔
کھوپرے کا تیل
کھوپرے کا تیل خشکی کا آزمودہ اور مؤثر علاج ہے جبکہ اس کی خوشبو بھی قابل قبول ہوتی ہے۔ سرد موسم میں جلد کو خشکی سے بچانے کے لئے نہانے سے قبل تین سے پانچ چھوٹے چمچے نیم گرم کھوپرے کے تیل سے بالوں کی جڑوں اور جسم پر مالش کر لیں۔ بعد ازاں کسی اچھے شیمپو اور صابن سے نہا لیں ، کوشش کریں کہ ایسا صابن اور شیمپو استعمال کیا جائے جس کے اجزاء میں کھوپرے کے تیل کی خصوصیات پائی جاتی ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK