ہر گھر میں ہفتے یا مہینے میں رشتے داروں کے لئے دعوتوں کا نظم کیا جاتا ہے۔ یہ دعوت مل بیٹھنے کا بہانہ ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 29, 2023, 12:33 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
ہر گھر میں ہفتے یا مہینے میں رشتے داروں کے لئے دعوتوں کا نظم کیا جاتا ہے۔ یہ دعوت مل بیٹھنے کا بہانہ ہوتا ہے۔
ہر گھر میں ہفتے یا مہینے میں رشتے داروں کے لئے دعوتوں کا نظم کیا جاتا ہے۔ یہ دعوت مل بیٹھنے کا بہانہ ہوتا ہے۔ رشتے داروں سے مل کر خوشی ہوتی ہے۔ البتہ دعوت کا اہتمام اور انتظام ایک مشکل کام ضرور ہے۔ دراصل دعوت کو شاندار بنانے کے لئے ایک خاتونِ خانہ کو بہت جتن کرنے پڑتے ہیں جن میں صفائی ستھرائی، مہمانوں کو وقت دینا، کھانا پکانا اسے اچھے طریقے سے پیش کرنا وغیرہ وغیرہ شامل ہیں ۔ اس تھکن اور پریشانی سے بچنے کیلئے ہم آپ کو چند کار آمد باتیں بتا رہے ہیں جو آپ کیلئے کافی مدد گار ثابت ہوں گی:
مہمانوں کی لسٹ بنالیں
مہمانوں کی لسٹ بنایئے کہ کتنے لوگ متوقع ہیں اور اس میں کتنے بڑے ہیں اور کتنے بچے ہیں تاکہ تیاری کرنے میں آسانی ہو۔
مینو ترتیب دیں
سب سے پہلے آپ دو تین دن پہلے ذہن بنا لیں کہ دعوت میں کیا پکانا ہے۔ مینو کو مدنظر رکھتے ہو ئے اس میں استعمال ہو نے والے تمام لوازمات بھی لکھ لیں کہ کیا کیا بازار سے آنا ہے اور کیا کیا گھر میں موجود ہے۔
برتن پہلے سے نکال لیں
جو بھی برتن استعمال میں آئیں گے ان کو پہلے سے نکال کر دھو کر کسی ٹیبل پر اوندھاکرکے رکھ دیں ۔ تمام، پلیٹیں ، چمچے، ڈشیز، پیالے وغیرہ، کیونکہ کھانا لگاتے ہوئے برتنوں کو تلاش کرنا آپ کے پھوہڑ پن کا ثبوت ہے۔ مہمانوں کا اندازہ لگائیں کہ کتنے ہیں اور ان میں کتنے برتن استعمال ہو سکتے ہیں سب کے حساب سے گلاس، پلیٹیں اور چمچے موجود ہوں ۔ کھانے میں کتنی ڈشیز ہیں اس کیلئے کیا کیا برتن چاہئے ہو ں گے، سب پہلے سے ترتیب دے کر رکھیں۔
مہمانوں کے بیٹھنے کابندو بست
مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام درست ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر بیٹھنے کی گنجائش کم ہوگی تو سب بے اطمینانی محسوس کریں گے۔ اسی لئے اگر کچھ چیزیں سمیٹ کر گنجائش بنانی ہے یا فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب ایک دن پہلے ہی کرلیں ۔ دعوت والے دن یہ سب کا م، کام کے بوجھ کو دُگنا کر دیتے ہیں۔
ٹھنڈا اور سادہ پانی کا انتظام
پینے کے لئے ٹھنڈا اور سادہ پانی، دونوں کا انتظام کریں ۔ چند افراد کو پینے کے لئے ٹھنڈا پانی درکار ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگ پینے کے لئے سادہ پانی مانگتے ہیں۔ اس لئے آپ اپنی تیاری مکمل رکھیں۔
جو پہلے پکا سکیں پکالیں
سوئٹ ڈش میں اگر کوئی ایسی چیز ہے جو ایک رات پہلے بنائی جا سکتی ہے تو ضرور بنالیں ، اس سے بھی آپ کا کام ہلکا ہو جائے گا۔ اگر بریانی پکا رہی ہیں تو مسالہ رات میں تیار کر لیں ، پلاؤ ہے تو یخنی بناکر رکھ دیں ، فرائیڈ رائس ہیں تو سبزیاں کاٹ کر فرائی کر لیں تاکہ دعوت میں صرف چاول ابال کر ڈالنے ہو ں ، قورمہ پکانا ہے تو پیاز فرائی کر کے انہیں مسل کر رکھ لیں ۔ کڑاہی بنانی ہے تو ٹماٹر پیس کر رکھ دیں ۔ کباب ایک دو دن پہلے بنا لیں ۔ رائتہ اور سلاد صبح ہی بنا کر فریج میں رکھ دیں۔
صفائی ساتھ ساتھ کرتے رہیں
بعض خواتین کھانا پکانے کے بعد برتن دھونے اور کچن سمیٹنے کا کام کرتی ہیں ۔ لیکن اگر ساتھ ہی کچن سمیٹتے بھی جائیں تو صفائی کے لئے الگ سے وقت نکالنا نہیں پڑے گا اور برتنوں کا انبار بھی جمع نہیں ہوگا۔
بچوں کے لئے انتظام
کہتے ہیں بڑے اگر سو بھی آجائیں تو پتہ نہیں چلتا لیکن دو بچے ہوں تو آفت مچ جاتی ہے۔ بچوں کے کھیلنے کے لئے ایک الگ جگہ مقرر کردیں۔ کوشش کریں کچھ کھلونے یا تفریح کا کوئی اور انتظام پہلے سے کرکے رکھ لیں تاکہ بچے اور ان کے ماں باپ بھی پر سکون رہیں۔
سادگی سے کام لیں
کوشش کریں کہ زیادہ لوگوں کی دعوت میں زیادہ ڈیکوریشن اور آرائش کی چیزوں سے گریز کریں ۔ میز کی سجاوٹ اور کرسیوں وغیرہ کی سیٹنگ سادہ رکھیں تاکہ مہمانوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تھوڑی مدد لے لیں
مہمانوں کی آمد سے پہلے ہی ٹیبل یا دستر خوان سیٹ کر لیں ، یہ اور ایسے دیگر کاموں کیلئے بچے، میاں یا بھائی بہن وغیرہ کی مدد لی جا سکتی ہے۔ اس پر پلیٹیں ، چمچے، گلاس، وغیرہ سیٹ کر دیں تاکہ وقت ضرورت کسی بھی افرا تفری کے بغیر فوری کھانا لگایا جا سکے۔ اسی طرح کھانے کے بعد برتن اٹھانے اور فوری صفائی کی ذمہ داری بھی پہلے ہی سے کسی کے سپرد کردیں ۔
مہمانوں کی آمد سے پہلے تیار ہو جائیں
کوشش کریں کہ مہمانوں کی آمد سے پہلے آپ اپنا کام ختم کر لیں اور نہا دھو کر اچھی سی خوشبو لگا کر ہلکا پھلکا میک اپ کرکے تیار ہو جائیں۔ اس سے خود آپ کو بھی اچھا محسوس ہو گا، اور آپ کے آنے والے مہمان بھی آپ کو دیکھ کر اچھا محسوس کریں گے۔
خود بھی لطف اٹھائیں
یہ کسی بھی میزبان کے لئے سب سے اہم کام ہوتا ہے۔ اگر اتنی محنت اور اہتمام کرنے کے بعد آپ خود ہی انجوائے نہ کرپائیں تو مہمان کیسے انجوائے کر پائیں گے۔ چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظر انداز کریں کیونکہ یقین مانیں شاید کوئی بھی اتنی باریکیوں کو نوٹس نہ کرے۔ دعوت میں لوگوں کا مقصد اپنے رشتے داروں کے ساتھ اچھا وقت گزارناہوتا ہے۔ لہٰذا پر سکون رہئے، خو ب ہنسئے اور دعوت کا مزے لیجئے !