پیسٹل میک اپ خوبصورت اور ہلکے رنگوں پر مشتمل جدید ٹرینڈ ہے۔ اس میک کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے دن اور رات کسی بھی وقت بلا جھجک بڑی سہولت کے ساتھ اپنایا جاسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: January 23, 2025, 5:21 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
پیسٹل میک اپ خوبصورت اور ہلکے رنگوں پر مشتمل جدید ٹرینڈ ہے۔ اس میک کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے دن اور رات کسی بھی وقت بلا جھجک بڑی سہولت کے ساتھ اپنایا جاسکتا ہے۔
پیسٹل میک اپ خوبصورت اور ہلکے رنگوں پر مشتمل جدید ٹرینڈ ہے۔ اس میک کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے دن اور رات کسی بھی وقت بلا جھجک بڑی سہولت کے ساتھ اپنایا جاسکتا ہے۔ اس میں شامل آئی میک اپ سے لے کر لپ اسٹک اور بلش تک اتنے دلکش شیڈز موجود ہیں کہ جن کی مدد سے آپ بغیر میک اپ کے بہت سے انداز اختیار کرلیتی ہیں اور ہر ایک میں خوبصورت نظر آسکتی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے تک میک اپ کے ہلکے رنگ صرف دن کے میک اپ کیلئے مخصوص تھے، لیکن اب بدلتے ہوئے رجحانات کے تحت ان خوبصورت پیسٹل کلرز کا شام کی تقریبات کے لئے بھی استعمال کیا جانے لگا ہے۔ یہاں تک کہ شوبز سے تعلق رکھنے والی حسینائیں بھی اہم تقریبات میں ڈارک میک اپ کے بجائے یہی پیسٹل میک اپ اپنائے بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔ پیسٹل میک اپ کا یہ ٹرینڈ ہلکے شیڈز پر مشتمل ہونے کے باعث خصوصاً لڑکیوں میں بہت مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ذیل میں آپ کے لئے کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن کی مدد سے پیسٹل میک اپ کرنا آپ کے لئے یقینا آسان ہوجائے گا۔
چہرہ: میک اپ شروع کرنے سے پہلے حسب معمول کلینزنگ، ٹوننگ اور موئسچرائزنگ کا عمل کرلیں۔ اس کے بعد چہرہ پر پرائمر لگا کر اس پر میک اپ اپلائی کرنے کیلئے تیار کریں۔ سب سے پہلے فاؤنڈیشن لگائیں اور ایسا فاؤنڈیشن منتخب کریں جس کا شیڈ آپ کی رنگت سے عین قریب ہو۔ پھر کنسلیر اسٹک کی مدد سے چہر کے داغ دھبے اور اگر چھائیاں وغیرہ ہوں تو انہیں چھپا لیں۔ آخر میں لوز پاؤڈر کی مدد سے میک اپ سیٹ کرلیں۔
ہونٹ: ہونٹوں پر نرمی سے اپنا ٹوتھ برش پھیر کر انہیں اسکرب کرلیں تاکہ ان پر سے کھال کے مردہ خلیات اتر جائیں۔ پھر ہونٹوں پر لپ بام لگائیں اور اس کے اوپر لپ پرائمر لگائیں تاکہ آپ کی لپ اسٹک دیر تک قائم رہ سکے۔ پھر کورل پنک شیڈز کی لپ پنسل سے ہونٹوں کی آؤٹ لائن بنائیں۔ اس کے بعد لپ برش کے ذریعے اسی شیڈ کی لپ اسٹک لگالیں۔ آخر میں ہلکا سا ٹرانسپیرنٹ شمری لپ گلوس اپلائی کرلیں۔
رخسار: بلش کے طور پر آپ اپنی پسند اور اسکن ٹون کی مناسبت سے کوئی دھیما شیڈ منتخب کرسکتی ہیں۔ اس مقصد کیلئے پنک لائٹ پنک، کورل اور ڈیپ شیڈز میں سے کوئی ایک شیڈ اپنے لئے چن لیں۔ اب گول برش کی مدد سے اسے رخساروں پر نفاست کے ساتھ اپلائی کرلیں۔
لیجئے آپ کا پیسٹل میک اپ مکمل ہوگیا۔ پیسٹل میں بہت شیڈز موجود ہیں لہٰذا آپ اپنی رنگت کی مناسبت سے ان کا انتخاب کریں تو آپ کا میک اپ کچھ اور خوبصورت دکھائی دے گا اسلئے جوخواتین قدر سانولی رنگت کی مالک ہیں وہ اپنے لئے لپ سٹک کے وارم شیڈز جیسے کہ ٹینجورین کورل اور سالمن میں سے کوئی ایک کلر منتخب کریں جن خواتین کی رنگت زردی مائل ہو ان پر پیسٹل کے تمام تر شیڈز ہی اچھے لگتے ہیں۔ تاہم، اگر وہ برائٹ پنک شیڈز میں سے کسی میٹ لپ اسٹک کا انتخاب کریں تو زیادہ خوبصورت نظر آئیں گی جبکہ گندمی رنگت کی حامل خواتین پیسٹل میک اپ کرتے ہوئے اورینج کے نسبتاً ڈارک شیڈز میں سے کوئی شیڈ استعمال کرسکتی ہیں۔