Inquilab Logo

خواتین پراحساسِ تشکر کے مثبت اثرات

Updated: March 20, 2023, 12:01 PM IST | Dr. Sharman Ansari | Mumbai

شکر گزاری ہمارے جذبات، کریئر، تعلقات، شخصیت یہاں تک کہ ہماری صحت کو بہتر بنانے کی کلید ہے۔ شکر گزاری کا رویہ اپنانا ہماری زندگیوں کو بدل سکتا ہے۔ شکر گزاری کا نقطۂ نظر رکھنے سے ہمیں اچھا محسوس کرنے میں مدد ملتی ہے جب ہم حال میں مثبت چیزوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تو ہم پُرسکون اور مطمئن رہتے ہیں

A grateful woman has strong relationships with others
شکر گزار خاتون کے رشتے دوسروں سے مضبوط رہتے ہیں

کیا آپ نے اپنی زندگی میں کسی ایسی خاتون کو دیکھا ہے جو ہمیشہ مسکراتی رہتی ہے جو ہمیشہ خوش اور پُرسکون نظر آتی ہے۔ جو کبھی تناؤ میں نظر نہیں آتی اور جو خلوص دل سے دوسروں کو دیکھ کر خوش ہوتی ہے اور اگر سامنے والا حوصلہ شکی یا مایوسی محسوس کرے تو وہ اس کا حوصلہ بڑھاتی ہے۔ یہ خاتون آپ کی ماں، بہن، بیٹی، بیوی، سہیلی یا رشتے دار کوئی بھی ہوسکتی ہے۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ وہ خاتون یہ کیسے کرتی ہے؟ کیا وہ کبھی ناراض نہیں ہوتی یا اسے غصہ، تناؤ اور ٹینشن نہیں ہوتا۔ اس کی شخصیت اتنی پُرسکون کیسے ہوسکتی ہے؟ راز ہے شکر گزاری۔
 شکر گزاری ہمارے جذبات، کریئر، تعلقات، شخصیت یہاں تک کہ ہماری صحت کو بہتر بنانے کی کلید ہے۔ شکر گزاری کا رویہ اپنانا ہماری زندگیوں کو بدل سکتا ہے۔ شکر گزاری کا نقطۂ نظر رکھنے سے ہمیں اچھا محسوس کرنے میں مدد ملتی ہے جب ہم حال میں مثبت چیزوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تو ہم پُرسکون اور مطمئن رہتے ہیں۔ شکر گزاری کے آپ کی ذہنی، جسمانی اور سماجی صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جب آپ شکر گزاری کی عادتیں اپناتے ہیں تو اپنے خیالات کو منفی جذبات اور غیر آرام دہ احساسات سے دور کر دیتے ہیں اور آپ مثبت چیزوں پر توجہ مبذول کرنا شروع کر دیتے ہیں اور اس قسم کی سوچ دماغ میں سیروٹون اور ڈوپامائن کے اخراج کا باعث بنتی ہے جو خوشی اور لذت سے وابستہ ہیں۔ شکر گزاری کا اعتراف تناؤ کے ہارمونز کو بھی کم کرتا ہے اور خواتین کی مجموعی ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ شکر گزاری کے دیگر صحت افزاء فوائد بھی ہوتے ہیں، ملاحظہ فرمائیں:
بہتر نیند
 اکثر نیند کی کمی کی وجہ تناؤ اور ذہنی الجھن ہوتی ہے۔ جب خواتین شکر گزاری کی مشق کرتی ہیں تو تناؤ اور افسردگی کی علامات میں کمی محسوس کرتی ہے جس سے پُرسکون اور بہتر نیند آتی ہے۔ اگرچہ صرف احساس تشکر ذہنی صحت کے مسائل کیلئے جادوئی دوا نہیں ہوسکتی لیکن یہ علاج کے وسیع تر منصوبے کا ایک حصہ ضرور ہے جس سے ذہنی صحت پر خاطر خواں نتائج ہوتے ہیں۔
خود اعتمادی
 دنیا کو شکر گزاری کے احساس سے دیکھنا آپ کی اپنی قدر کے بارے میں سوچنے کا انداز بدل سکتا ہے۔ جب خواتین شکر گزار رہتی ہیں تو انہیں اپنے آپ سے بھی زیادہ شکایتیں نہیں ہوتیں اور وہ بنا خوف اور ڈر کے تمام کام نہایت بحسن و بخوبی انجام دیتی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ان کے کام کی صلاحیت بہتر ہوتی بلکہ خود اعتمادی بھی بڑھتی ہے۔
صبر میں اضافہ
 ۲۰۱۶ء کی تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے اظہار ِ تشکر کرتے ہیں وہ زیادہ صبر کرنے والے ہوتے ہیں۔ لہٰذا اگر خواتین خود پر قابو رکھنا چاہتی ہیں اور جذباتی پن کو کم کرنا چاہتی ہیں تو انہیں باقاعدگی سے شکر گزاری کی مشق کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔
کام پر توجہ
 شکر گزاری آپ کے لئے کام پر توجہ کرنا آسان بنا سکتی ہے۔ اگر آپ کے سامنے کام کا کافی دباؤ یا زیادہ کام ہو اور آپ مثبت انداز میں خوش اسلوبی سے کام کرنا شروع کریں تو آپ کام کا دباؤ محسوس کئے بغیر کم توانائی صرف کرکے اسے بحسن و خوبی انجام دے سکتی ہیں۔ یہاں تک کہ آپ کام کے چیلنجز جیسے کہ آنے والی رکاوٹوں کو مسئلے کے بجائے مواقع کے طور پر دیکھیں گے۔
سماجی فوائد
 شکر گزاری آپ کے تعلقات کے معیار کو بڑھانے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر آپ اپنے کسی قریبی، دوست یا کنبہ کے ممبر کی کھلے دل سے تعریف کرتے ہیں تو انہیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ آپ ان کی پروا کرتے ہیں۔ وہ بھی آپ کی فکر کرکے مشکل وقت میں آپ کو سنبھالیں گے۔ اس طرح شکر گزاری سے آپ کے اپنوں کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔
جسمانی فوائد
 شکر گزاری ہمارے تناؤ کو کم کرتی ہے اور آپ کو اپنوں کے قریب لاتی ہے جس کی وجہ سے تناؤ اور ٹیشن کم ہوتا ہے۔ بلڈ پریشر نارمل رہتا ہے جس کی وجہ سے دل کی صحت بہتر رہتی ہے اور آپ کا مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔
پُراُمید ہونا
 شکر گزاری نہ صرف دوسروں کے تئیں ہمارے جذبات کو مثبت کرتی ہے بلکہ ہمیں مزید اُمید بھی بناتی ہے۔ شکر گزار بندے ہمیشہ اللہ کی ذات سے اُمید رکھتے ہیں۔ جو خواتین شکر گزار ہوتی ہیں وہ اپنے حالات سے مطمئن رہتی ہیں اور اچھی اُمید وابستہ کرتی ہیں۔
 ان نکات کے پیش نظر ہم کہہ سکتے ہیں کہ شکر گزاری خواتین کی جذباتی، ذہنی اور ممکنہ طور پر جسمانی حالت پر بھی اہم اثر ڈال سکتی ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK