Inquilab Logo

رمضان،اُمورِ خانہ داری میں سمجھداری کا تقاضا کرتا ہے

Updated: March 22, 2023, 11:22 AM IST | ODhni desk | Mumbai

بیشتر خواتین رمضان سے قبل کئی تیاریاں کرلیتی ہیں۔ گھر کی صفائی کا مرحلہ خاصا پیچیدہ ہوتا ہے۔ اس کام میں آپ گھر والوں کی مدد لے سکتی ہیں۔ آپ کمروں کے حساب سے گھر والوں میں کام بانٹ سکتی ہیں جیسے خواتین باورچی خانے کی صفائی کرلیں اور گھر کے دیگر افراد اپنا اپنا کمرہ صاف کریں یا مل جل کر یہ فرض ادا کریں

Cleaning and decorating the house for Ramadan is important from the point of view of uniformity in worship
رمضان کیلئے گھر کی صفائی ستھرائی اور سجاوٹ عبادتوں میں یکسوئی کے نقطۂ نظر سے اہم ہے

عنقریب رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ اس ماہ میں معمولات تبدیل ہو جاتے ہیں اور خواتین کی مصروفیت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔  خواتین اس ماہ کے استقبال کے لئے پوری طرح سے تیار ہوں گی۔ البتہ ممکن ہے کہ کچھ خواتین کی تیاریاں مکمل نہ ہوں۔ جن خواتین کی تیاریاں  اب تک مکمل نہیں ہوئی ہیں ان کے لئے یہاں چند تجاویز پیش کی جا رہی ہیں:
منصوبہ بندی کرلیں
 سب سے پہلے رمضان کی تیاری سے متعلق منصوبہ بندی کر لیں۔ یہ طے کرلیں کہ آپ کو کون کون سے کام انجام دینے ہیں؟ اس کے مطابق فہرست بنا لیں۔ اہم کاموں کو ترجیح دیں۔
فہرست بنا لیں
 رمضان میں استعمال ہونے والی اشیاء کی فہرست بنا لیں اور ساری اشیاء خرید لائیں تاکہ بار بار بازار کا چکر لگانا نہ پڑے۔ رمضان میں معمولات تبدیل ہوجاتے ہیں ایسے میں بازار کا چکر لگانا تھوڑا مشکل ہے۔ ضرورت سے زیادہ سامان بھی نہ خریدیں۔ آپ بازار کی بھاگ دوڑ سے بچنا چاہتی ہیں تو آن لائن شاپنگ کو بھی ترجیح دے سکتی ہیں۔ یہ زیادہ آسان ہوتا ہے اور رعایت بھی ملتی ہے۔
گھر کی صاف صفائی
 یہ عمل سب سے پیچیدہ ہوتا ہے۔ رمضان کے قبل بیشتر خواتین پورے گھر کی صفائی کرتی ہیں۔ اس کام میں آپ گھر والوں کی مدد لے سکتی ہیں۔ آپ کمروں کے حساب سے گھر والوں میں کام بانٹ سکتی ہیں جیسے خواتین باورچی خانے کی صفائی کرلیں،گھر کے دیگر افراد اپنا اپنا کمرہ صاف کریں یا مل جل کر یہ فرض ادا کریں۔
 گھر کی صفائی کرتے وقت غیر ضروری اشیاء کو فوراً باہر کا راستہ دکھا دیں۔ اکثر خواتین ’’بعد میں کام آئے گا....‘‘ کہہ کر کئی سامان جمع کر لیتی ہیں جو ایک ڈھیر میں تبدل ہوجاتا ہے۔ اس عادت کو فوراً تبدیل کر لیں۔ صفائی غیر ضروری اشیاء سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اگر ایک سال سے کوئی جوتا استعمال میں نہیں آیا ہے تو اسے فوراً ہٹا دیں۔ ایسا کرنے سے آپ دیکھیں گی کہ آپ کا گھر کافی کشادہ ہوگیا ہے اور بھلا معلوم ہو رہا ہے۔ باورچی خانے کی صفائی کے دوران رمضان میں استعمال آنے والے برتن کو سامنے کی جانب رکھ لیں، اس سے آسانی ہوگی۔
پردے، تکیہ کور اور چادریں
 صفائی کے بعد مرحلہ آتا ہے گھر کے پردے، تکیہ کور اور چادریں بدلنے کا۔ اگر آپ نے رمضان کے لئے خاص طور پر نئے پردے، تکیہ کور اور چادریں بنوائی ہیں تو پہلے انہیں دھو کر سکھا لیں اور پھر رمضان سے قبل استعمال میں لائیں۔ اگر نیا نہیں خریدا ہے تو کوئی بات نہیں۔ آپ صاف ستھرے پردے اور چادریں وغیرہ بدل لیں۔
الماری کی صفائی
 اکثر خواتین رمضان سے قبل نئے کپڑے خریدتی ہیں۔ اگرچہ الماری میں پرانے کپڑے ہی بہت ہوں گے۔ اس پریشانی سے بچنے کا حل یہ ہے کہ آپ پرانے کپڑوں کو الماری باہر نکال دیں اور انہیں کسی ضرورتمند کو دے دیں۔ اس طرح آپ کی الماری میں نئے کپڑے کے لئے جگہ بن جائے گی۔ الماری سیٹ کرتے وقت روزانہ استعمال آنے والے کپڑوں کو آگے رکھیں۔ خاص مواقع پر پہنے جانے والے کپڑوں کو الگ رکھیں۔ ایک، ایک کپڑا سیٹ کی شکل میں ترتیب سے رکھیں، اس طرح انہیں تلاش کرنا آسان ہوتا ہے۔ ان باتوں پر عمل کرکے آپ اپنی الماری کو منظم کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔
گھر کی سجاوٹ
 رمضان بہت ہی خاص موقع ہے۔ اس مناسبت سے اپنے گھر کی سجاوٹ کریں۔ آپ اپنے گھر کو پینٹ کروا سکتی ہیں۔ گھر کے فرنیچر کی سمت بدل کر ایک نیا انداز دے سکتی ہیں۔ آپ کمرے میں گلدان کا اضافہ بھی کرسکتی ہیں۔ اس سے گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگ جائے گا۔
مسالوں کی تیاری
 اکثر رمضان میں قسم قسم کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ کبھی کبھی وقت کی کمی کی وجہ سے خواتین پکوان کی تیاری کے دوران پریشانی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اس سے بچنے کے لئے آپ رمضان سے قبل تیاری کرسکتی ہیں۔ جیسے چکن کے کباب کا آمیزہ تیار کر سکتی ہیں۔ ہری مرچ، لہسن اور ادرک کا پیسٹ تیار کرکے فریج میں محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ ٹماٹر کی پیوری بھی محفوظ رکھی جاسکتی ہے۔ قیمہ بنا کر فریزر کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح آپ کم وقت میں اور بغیر پریشانی کے مزیدار پکوان تیار کر سکتی ہیں۔
یہ کام بھی ضروری ہے
 رمضان کی تیاری کرتے وقت اپنے آس پاس بھی نظر دوڑائیں۔ اگر کوئی ہمسایہ ضرورتمند ہے تو اس کی مدد کریں۔ اگر کسی کے یہاں راشن نہیں آیا ہے تو اس کا انتظام کر دیں تاکہ اسے رمضان کے دوران زیادہ پریشانی نہ اٹھانا پڑے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK