رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد آمد ہے جو سارے مہینوں سے افضل ہے۔ اس مہینے میں کوشش کرنی چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ عبادات اور ذکر و اذکار میں وقت گزاریں۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 3:51 PM IST | Arisha Kokb | Muzaffarpur, Bihar
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد آمد ہے جو سارے مہینوں سے افضل ہے۔ اس مہینے میں کوشش کرنی چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ عبادات اور ذکر و اذکار میں وقت گزاریں۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد آمد ہے جو سارے مہینوں سے افضل ہے۔ اس مہینے میں کوشش کرنی چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ عبادات اور ذکر و اذکار میں وقت گزاریں۔ لیکن ہمارے یہاں عموماً اس کا الٹا ہوتا ہے۔ ہم اس مہینے میں زیادہ تر افطار اور سحری کا زیادہ سے زیادہ اہتمام اور نئی نئی ڈشیز تیار کرنے میں اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ اور خواتین کا زیادہ تر وقت کچن میں گزر جاتا ہے۔ اس طرح نہ تو وہ اپنی صحت کا خیال رکھ پاتی ہیں اور نہ ہی عبادت ہو پاتی ہے۔ سحر و افطار کا اہتمام بھی ضروری ہے لیکن اتنا جتنی ضرورت ہو۔ یہ دس قسم کے پکوڑے بنانا، چاٹ بنانا اور بھی دوسری چیزیں بنانا صرف اور صرف وقت کا ضیاع ہے اور صحت کیلئے مضر بھی۔ اکثر گھروں میں لوگوں کی الگ الگ پسند ہوتی ہے اور سب کی پسند کے مطابق چیزیں بنتی ہیں جو کہ نہایت غلط ہے۔ ہمیں یہی کوشش کرنی چاہئے کہ ایسی ہی چیزیں بنائیں جو مشترکہ طور پر سب کو پسند ہوں۔ اس سے کافی سہولت ہوجائے گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ گھر والوں کے سکون کے لئے خلوص دل سے کیا گیا کام بھی عبادت کا درجہ رکھتا ہے لیکن اس کی بھی ایک حد ہے۔
ہمارے یہاں افطار پارٹی کا اہتمام بھی بڑے ذوق و شوق سے ہوتا ہے۔ جس کی وجہ سے کافی محنت اور وقت ضائع ہوتا ہے۔ افطار پارٹی ضرور دیں لیکن انہیں جو غریب و مستحق ہیں۔ انہیں کھلائیں اور ان کے گھر افطار بھیجوائیں۔ وہ بھی خوش ہوجائیں گے اور آپ کو رب کی قربت بھی حاصل ہوگی۔ کوشش کریں کہ رمضان کے وہ کام جو پہلے ہوسکتے ہیں انہیں ضرور نمٹا لیں۔ جیسے گھر کی مکمل صفائی ایک بار ضرور کرلیں تاکہ عید تک آسانی ہو۔ رمضان میں جو بھی پکوان بنانے ہیں ان کے سامان رمضان سے پہلے ہی خرید لیں تاکہ رمضان میں دوڑ دھوپ نہ کرنا پڑے۔ رمضان کے معمولات پہلے ہی طے کر لیں تاکہ وقت کی پابندی ہوسکے۔ عید کے کپڑے اور سینے پرونے کے جو بھی کام وہ ابھی ہی کر لیں تاکہ رمضان میں ان جھمیلوں سے فارغ رہیں۔ سحر و افطار میں تیار کی جانی والی اشیاء کی فہرست پہلے ہی سے بنا لیں کافی سہولت ہوگی۔ اگر گھر میں زیادہ خواتین ہیں تو کوشش کریں کہ سب مل جل کر کام کریں تاکہ کسی ایک پر بوجھ نہ پڑے۔ سب سے اہم بات، رمضان میں صحت بخش اشیاء کو ترجیح دیں تاکہ آپ اور گھر والے پورا رمضان صحتمند رہیں۔