• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹھہراؤ زندگی کو حقیقت سے ملاتا ہے

Updated: December 30, 2024, 11:55 AM IST | Sayed Saba Mehdi | Mumbai

انسان تھم جانے اور ٹھہر جانے کے فرق کو آج تک نہیں سمجھ پایا۔ تھم جانا انسان کے وجود کے لئے ایک سوالیہ نشان بن سکتا ہے مگر ذرا ٹھہرنا انسان کے بہت سے سوالوں کے جواب تلاش کرکے لاتا ہے۔

‘Stay’ will calm your nature, settle your mind, and free your soul. Photo: INN.
’ٹھہراؤ‘ آپ کی طبیعت کو سکون، ذہن کو آباد اور روح کو آزاد کر دے گا۔ تصویر: آئی این این۔

زندگی کی رفتار ایک قابل توجہ موضوع ہے اس پر بات کرنا انسان کو کبھی اطمینان بخش جواب تک نہیں پہنچا سکتا۔ اس لئے اس پر بات کرنا وقت سے وقت چرانے کی مانند ہے۔ اس ترقی یافتہ دور میں انسان اکثر کچھ خاص رشتوں کو فراموش کردیتا ہے کیونکہ زمانے کے تقاضے ایک دم نئے ہیں اور نیا اہتمام چاہتے ہیں مگر قدرت کا نظام دیکھ کر انسان کو اس کے طرز عمل پر بڑا رشک آتا ہے۔ کبھی بھی بدلاؤ سے انحراف تو نہیں کرتا مگر خود سے رشتہ قائم رکھنے کیلئے اپنی حقیقت سے بھی آنکھیں نہیں چراتا۔
انسان تھم جانے اور ٹھہر جانے کے فرق کو آج تک نہیں سمجھ پایا۔ تھم جانا انسان کے وجود کے لئے ایک سوالیہ نشان بن سکتا ہے مگر ذرا ٹھہرنا انسان کے بہت سے سوالوں کے جواب تلاش کرکے لاتا ہے۔ صبر اور ٹھہراؤ، دونوں مشکل عمل ہے مگر ان سے دامن چھڑانا یعنی اطمینان و سکون کے لئے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے۔ انسان آج کے دور میں ہر شے کے متعلق معلومات حاصل کرسکتا ہے مگر حقیقی جستجو تو تب شروع ہوتی ہے جب وہ اپنی ذات کا مشاہدہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ زمانے سے تضاد ہو تو زندگی کا ایک پہلو متاثر ہوتا ہے مگر اپنی ذات کے ساتھ تضاد ہو تو زندگی کا ہر پہلو اثر انداز ہوتا ہے۔ ایک مشہور کہاوت ہے ’’رفتار سے زیادہ روش ضروری ہے۔‘‘ اور غور کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ روش کیلئے ذرا ٹھہر کر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ اگر ایک انسان اپنی زندگی میں ذرا ٹھہر کر سوچے تو اس کو اپنی ذات کا مشاہدہ کرنے میں بڑی آسانی ہوگی۔
مَیں نے یہ موضوع اس لئے چھیڑا کیونکہ آج کل انسان کو کوئی بھی چیز یا حالت اتنی متاثر نہیں کرتی کہ دل تک رسائی حاصل کرسکے اس لئے تو اتنی برق رفتاری سے انسان کی زندگی سے احساس رخصت ہو رہا ہے۔ خوشی کے مواقع فراہم بھی ہوتے ہیں تو ان سے لطف اندوز نہیں ہوپاتا بلکہ ایک عجیب سی دوڑ میں لگا ہوا ہے۔ ایک ایسی دوڑ جس کا نہ تو کوئی اطمینان بخش راستہ ہے اور نہ کوئی دلفریب منزل۔
زندگی میں ٹھہراؤ لانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی زندگی کا تناسب کسی اور کی زندگی کے ساتھ نہ کرے۔ اگر کرتے ہیں تو آپ نہ صرف اپنی توہین کرتے ہیں بلکہ اپنے حسن سے بھی انجان رہتے ہیں۔ اپنے گرد موجود اشیاء کی قدر کرنا ایک مفید عمل ہے جو آپ کو اپنی حقیقت سے  تعارف کراتی ہے۔
ٹھہراؤ زندگی کو حقیقت سے ملاتا ہے
یہی ٹھہراؤ زندگی کو مقصد بتاتا ہے
لاتا ہے یہی زندگی میں حوصلہ ٔ قیام
تبھی حیات خود سے نگاہیں ملاتی ہے
اس موضوع پر لکھنے سے زیادہ صرف ایک ہی لفظ پر غور کرنا کافی ہوگا وہ ہے ’ٹھہراؤ‘ جو آپ کی طبیعت کو سکون، ذہن کو آباد اور روح کو آزاد کر دے گا۔ اسی ٹھہراؤ کے تحت بڑے بڑے منصوبے وجود میں آتے ہیں اور نئے نئے انقلاب برپا ہوتےہیں کیونکہ صحیح روش انسان کو ایک غیر معمولی منزل تک پہنچاتی ہے جس کو حاصل کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔
صبا نے پھولوں سےخوشبو کو جدا نہیں پایا
ٹھہرنے والے کو بے یار و مددگار نہیں پایا
رہنمائی سے فراموش وہ ہرگز نہیں رہتا
صابر بتائیں گے کیا اس نے خدا نہیں پایا!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK