Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

رمضان کا آخری عشرہ، عید کی تیاریاں اور خواتینِ خانہ کی ذمہ داریاں

Updated: March 25, 2025, 11:26 AM IST | Saad Shahid Hua | Mumabi

آخر کے تین دن بہت اہم ہوتے ہیں، پہلے سے منصوبہ بندی کرکے ان دنوں میں صفائی وغیرہ سے فارغ ہوجائیں۔ عید کے دن استعمال ہونے والی بیڈ شیٹ، ٹوویل، نیپکن، سرونگ میں استعمال ہونے والے برتن وغیرہ پہلے ہی سے نکال کر رکھ لیں۔

Clean and decorate your home before Eid. Photo: INN
عید سے قبل گھر کی صفائی ستھرائی کرکے سجاوٹ کرلیں۔ تصویر: آئی این این

اللہ کے فضل و کرم سے ماہِ مبارک رمضان کے دو عشرے مکمل ہوگئے اور اب آخری عشرہ کے ساتھ بہت ہی جلد ماہِ مبارک ختم ہوجائے گا۔ الوداع اے ماہِ رمضان! آخری عشرہ کی جہاں اپنی خاص اہمیت ہے جیسے لیلۃ القدر کا قیام، اعتکاف اور مختلف نفلی عبادتوں کا اہتمام وہیں خاتونِ خانہ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ ہم کتنا بھی قبل از وقت تیاریاں کرلیں کچھ چیزیں پھر بھی آخر تک توجہ درکار کرتی ہیں۔ عید کے مختلف پکوان کے ساتھ، بچوں کے کپڑے، جوتے اور دیگر لوازمات، گھر کی صفائی اور سجاوٹ وغیرہ یہ ساری ذمہ داریاں خواتین کی ہوتی ہیں۔ اگر ہم ابتدا میں کچھ منصوبہ بندی کرلیں تو ہمارا کام کافی حد تک آسان ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: خواتین اِس عید کو منظم اور یادگار بنانے کی کوشش کریں

باورچی خانہ کے وقت کو مختصر کردینا: آخری عشرہ میں باورچی خانہ میں کم سے کم وقت گزاریں۔ علی الصباح اپنی پلاننگ کرکے متعین وقت کے اندر کچن کا کام ختم کردیں۔ بآسانی تیار ہونے والی ڈشیز پکائیں۔ افطار میں کھائے جانے والی مختلف تلی ہوئی چیزیں اکثر زیادہ محنت والی ہوتی ہیں اس طرح کے پکوان پکانے سے گریز کریں۔
باہر کے کام جلد ختم کریں: باہر سے لانے والی جو بھی اشیاء ہیں کوشش کریں کہ ایک یا ۲؍ دورہ کرکے اسے مکمل کریں۔ ضروری سامان کی ایک لسٹ تیار کریں اور اس کے مطابق شاپنگ کریں۔ گھر سے باہر نکلنے میں جہاں ہمارا بہت سارا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے وہیں ہمیں بہت زیادہ ذہنی اور جسمانی تھکن ہوجاتی ہے۔ جتنا وقت خریداری میں لگتا ہے اس سے کہیں زیادہ وقت ٹریفک میں ضائع ہوجاتا ہے۔
سوشل میڈیا سے خود کو منقطع کریں: ہماری زندگی کا بیش قیمتی وقت وہاٹس ایپ، یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا جیسی مجازی دنیا میں ضائع ہوجاتا ہے۔ ان الوداعی دنوں میں کم از کم یہ طے کریں کہ بقدر ضرورت ہی سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔ ہر ممکن کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ عبادت ہو اور ہمیں شب قدر نصیب ہو۔
آخر کے تین دن بہت اہم ہوتے ہیں، پہلے سے منصوبہ بندی کرکے ان دنوں میں صفائی وغیرہ سے فارغ ہوجائیں۔ عید کے دن استعمال ہونے والی بیڈ شیٹ، ٹوویل، نیپکن، سرونگ میں استعمال ہونے والے برتن وغیرہ پہلے ہی سے نکال کر رکھ لیں۔ عید کا مینو بھی طے کرلیں۔ ایک مرتبہ ان چیزوں کے لئے ذہن بن جائے تو ہم اسے بخوبی انجام دے سکتے ہیں اور عبادات پر بھی خاص توجہ دے سکتے ہیں۔ ان چھوٹی چھوٹی باتوں پر عمل کرکے ہمارا کام کا دباؤ کافی حد تک کم ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK