Inquilab Logo

طالبعلم نے کیمیائی عناصر کے نام تیزی سے گنوانے کا ریکارڈ بنایا

Updated: November 28, 2022, 12:46 PM IST | Azhar Mirza | Mumbai

ممبئی کےاے آرانتولے لاء کالج کے طالب علم عذیر احمد ابن زبیراحمد نے دوری جدول کے ۴۰؍ اہم عناصر کے نام محض۱۲؍سیکنڈ۹۰؍ملی سیکنڈ میں تیزی سے سنادئیے، انڈیا بک آف ریکارڈس۲۰۲۲ء میںیہ کارنامہ درج ہوا ، او ایم جی ریکارڈس میں بھی اس کا اندراج ہوگا

Uzair Ahmed, can be seen with the medal and certificate.Picture:INN
عذیر احمد،میڈل اور سرٹیفکیٹ کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر :آئی این این

انجمن اسلام ممبئی کے بیرسٹر اے آر انتولے لاء کالج کے طالب علم عذیر احمد ابن زبیر احمد  نے اپنے شوق و ذہانت سے کالج و شہر کا نام قومی سطح پر روشن کیا ہے۔زبیر نے دوری جدول کے ۴۰؍ اہم عناصر کے نام محض ۱۲؍سیکنڈ اور۹۰؍ملی سیکنڈ میں سناکر انڈیا بک آف ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔ بیلاسس روڈ علاقہ کے رہنے والے اس ہونہار نوجوان کا یہ کارنامہ جلد ہی  ’او ایم جی بک آف  ریکارڈس‘ میں بھی شامل کیا جائے گا۔
عذیر نے یہ کارنامہ کب انجام؟
 نمائندہ انقلاب سے گفتگو کے آغاز میں ۲۶؍ سالہ عذیر نے بتایا کہ ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۲ء کو ممبئی میں، انڈیا بک آف ریکارڈس کے نمائندہ کے روبرو میں نے دوری جدول کے ۴۰؍ اہم عناصر کے نام تیزی سے گنوادئیے تھے۔ میرے اس عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی تھی ۔ گزشتہ دنوں انڈیا بک آف ریکارڈ س کی جانب سے مجھے ای میل موصول ہوا جس میں تصدیق کی گئی کہ میرے ذریعے اس طرح کا کارنامہ اپنی نوعیت کامنفرد معاملہ ہے۔ اسے انڈیا بک آف ریکارڈس میں شامل کرلیا گیا ہے اور آئندہ سال ادارہ کی سالانہ کتاب میںیہ شامل اشاعت ہوگا۔
یہ کارنامہ انجام دینے کا خیال کیسے آیا؟
 اس استفسار پر عذیر نے بتایا کہ ’’یہ اگست کی بات ہے، میں اپنے ایک دوست کے ساتھ بات چیت کررہا تھا۔ میں انہیں بتارہا تھا کہ ایسے کئی کیمیکل ہوتے ہیں جنہیں ہم استعمال کرتے ہیں، ان کے نام کس طرح لینے چاہئے، ان کے اصرار پر میں نے اسی وقت دوری جدول کی فیملی کے۴۰؍ اہم عناصر کے نام(میتھین، ایتھین، بروفین، بیوٹین ...) ترتیب کے ساتھ گنوادئیے۔ وہ اتنی تیزی کے ساتھ یہ نام سن کر حیران ہوگئے۔ انہوں نے حیرت و تعجب کے ساتھ مجھ سے پوچھا کہ میں نے یہ نام کیسے یاد کئے تو میں نےبتایا کہ ڈی فارم کے دوران میں نے  انہیں  یاد کرلیا۔ اسکے بعد مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ میں اس طرح تیزرفتاری کے ساتھ ان عناصر کےنام بولنے کا ریکارڈ بناؤں۔‘‘
اگلا ہدف کیا ہوگا؟
 اس ریکارڈکے  بعد عذیراحمدنے اپنا اگلا ہدف بھی طے کرلیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں پرعزم انداز  میں کہاکہ ’’میں تیز رفتار طریقے سے ہارٹ ڈائی گرام بنانے کی کوشش کررہا ہوں،  دل کے ۲۶؍  حصوں  کے نام مع درست خاکہ کےسب تیز رفتار کے ساتھ بنانے کی مشق کررہا ہوں۔ان شاء اللہ یہ ٹارگیٹ میں حاصل کروں گا۔‘‘  خیال رہے کہ ہوکہ عذیراحمد  نےاین ایم ٹی اکیڈمی ہائی اسکول سے  دسویں  تک تعلیم حاصل کی۔ اسکے بعد مہاراشٹر کالج سے بارہویں اور دیوی مہالکشمی پیرا میڈیکل کالج سے بارہویں مکمل کی۔ اس کے بعد عذیر نے کے آئی پی ایس اے آر کالج سے ڈی فارمیسی کا کورس مکمل کیا۔ اتنا ہی نہیں وہ بی اے،بی ایس سی اور ڈی ایم ایل ٹی بھی کرچکے ہیں اور فی الوقت وہ انجمن اسلام،سی ایس ایم ٹی کے بیرسٹر عبدالرحمٰن انتولے کالج سے ایل ایل بی کررہے ہیں۔  عذیر لاءکی تعلیم مکمل کرکے جج بننا چاہتے ہیںاور ملک و قوم کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK