• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سال بدل رہا ہےاپنے آپ کو بھی بدلئے! نئے سال میں ان۶؍باتوں پر توجہ دیجئے

Updated: December 20, 2023, 12:54 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جو چیزیں آپ کے اختیار میں نہیں ہوتی ہیں ان پر بہت زیادہ سوچ بچار کرنا چھوڑدیجئے۔ کیونکہ اس سے سوائے ذہنی دباؤ کے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

جو چیزیں آپ کے اختیار میں نہیں ہوتی ہیں ان پر بہت زیادہ سوچ بچار کرنا چھوڑدیجئے۔ کیونکہ اس سے سوائے ذہنی دباؤ کے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ایسی بات پر آپ جتنا سوچتے ہیں، اتنا ہی آپ خود پر دباؤ ڈالتے چلے جاتے ہیں۔اگر آپ کو سوچنا ہی ہے ، یا فکر ہی کرنی ہے تو ان باتوں اور چیزوں کی کیجئے جو آپ کے دائرہ اختیار میں ہیں، یا جنہیں آپ بدل سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کی توانائی صحیح مد میں خرچ ہوگی اور آپ بلاوجہ کی سوچ دفکر سے بھی نجات پاسکیں گے۔ 

دوسروں کی مدد کے لئے آگے بڑھنا، یا ان کی لڑائی لڑنا اچھی بات ہے ، لیکن اس دوران اپنی ذات سے کوئی سمجھوتہ مت کیجئے۔ اپنے اصول، اقدار اور اخلاقیات کو ملحوظ رکھیں۔ یہ بھی دیکھئے کہ اس طرح کے عمل سے آپ کا کوئی ذاتی نقصان تو نہیں ہورہا ہے۔ نیز اگر آپ دوسروں  کے لئے اپنی طاقت، صلاحیت ، وقت صرف کررہے ہیں تو یہ بھی دیکھئے کہ کیا آپ اسی طرح خود کو بھی یہ سب کچھ دے پاتے ہیں۔ کیا اتنی شدت اور جذبہ آپ اپنے لئے بھی رکھتے ہیں۔

اپنے آپ کو ترجیح دیں، اپنا فائدہ سوچئے۔ ایسا کرنا خودغرضی نہیں جب تک آپ دوسروں کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ایسے بہت سے لوگ ہوتے ہیں جو ہمیشہ دوسروںکو آگے کرتے رہتے ہیں۔حالانکہ وہ بھی اس مقام یا چیز کے حقدار ہوتے ہیں۔ لیکن کچھ تو جھجک ، اورکچھ کسر نفسی کے سبب وہ خود کو آگے نہیں کرپاتے۔ اسلئے اگر آپ بھی ایسا کرتے ہیں تو نئے سال میں خود میں تبدیلی لائیں اور اپنے لئے بھی سوچیں۔ کیونکہ جب تک آپ اپنی نظروں میں اہل نہیں بنیں گے،دوسرے بھی تک آپ کی قدر نہیں کریں گے۔

دنیا ہمیشہ آپ کے لئے رحمدلی نہیں دکھائے گی ، اسلئے کبھی ایسی صورتحال کا سامنا ہوتو خود کو کمزور نہ سمجھیں۔ نہ ہی یہ سوچیں کہ آپ اس صورتحال سے نمٹنے کے اہل نہیںیا پھر اس وجہ سے چیزیں یا حالات آپ کے حق میں  نہیں  ہوں  گے۔ یادرکھئے  انسان اپنی سوچ ، ارادے، ہمت اور کوشش سے مشکل سے مشکل مسئلے کو حل کرسکتا ہے۔ نئے سال میں یہ ٹھان لیجئے کہ آپ کیسے ہی حالات سے دوچار ہوں، ہمت نہیں ہاریں گے، خود کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، جب یہ سوچ آپ اپنالیں گے تو پھر دیکھئے کیسا کمال ہوتا ہے۔

ماضی کے ’شکار‘ نہ بنئے۔ اگر آپ ماضی میں ہونے والی غلطیوںاور محرومیوں پر افسوس کرتے رہتے ہیں تو اب طے کرلیں کہ نئے سال میں ایسا نہیں کریں گے ۔ یادرکھئے کہ  ماضی طے نہیں کرے گا کہ آپ کیا بن سکتے ہیں یا کیا بنیں گے، بلکہ حال میں کئے جانے والے کام اور کوششوں سے آپ کا مستقبل طے ہوگا۔ اسلئےجو کچھ ہوا، اسے سوچتے نہ رہیں،ماضی میں ہونے والی  غلطیوں پر حال میں افسوس کرنے کی بجائے یہ طے کریں کہ اب سے ایسی غلطیوں کو دہرائیں گے نہیں۔ 

دوسرے کیسی زندگی جی رہے ہیں، یا ان کے پاس کیا کچھ ہے یہ ہرگز نہ دیکھئے۔ دوسروں کو جو کچھ ملا ہے یا مل رہا ہے ، وہ ان کے نصیب اور کوششوں کے عوض مل رہا ہے۔ آپ اپنی زندگی پر توجہ مرکوز رکھئے۔ اس کے ساتھ ہی دوسروں کی زندگی کے ساتھ اپنی زندگی کا بھی موازنہ ہرگز نہ کیجئے، ہر آدمی کے وسائل ومسائل جدا جداہوتے ہیں۔خدا نے آپ کو جو نعمتیں اور خوبیاں عطا کی ہیں، ان پر شکر کیجئے۔ اگر آپ بہتری چاہتے ہیں تو اپنی زندگی پر نظر رکھئے اور اس کی بہتری کے لئے کوشش کیجئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK