• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیا واقعی ایک منٹ ہماری زندگی بدل سکتا ہے؟

Updated: January 10, 2024, 1:22 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

آپ کو اپنی زندگی تبدیل کرنے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے؟ زیادہ تر کا جواب ہوگا کہ کافی وقت لگ سکتا ہے، مگر یہ حقیقت نہیں ہے۔ دراصل زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے ایک منٹ ہی کافی ہے۔ جس منٹ آپ خود کو بدلنے کا فیصلہ کرتی ہیں، اور نئی سمت میں گامزن ہونے کا چیلنج قبول کرتی ہیں، اسی منٹ آپ میں تبدیلی رونما ہونے لگتی ہے۔

The minute you make a decision and act upon it, the change in your life begins. Photo: INN
جس منٹ آپ فیصلہ کرکے اس پر عمل کرتی ہیں اسی منٹ آپ کی زندگی میں تبدیلی کی ابتدا ہوجاتی ہے۔ تصویر : آئی این این

محض ایک منٹ میں کیا ہوگا؟ یہ سوال آپ کے ذہن میں ہوگا۔ لیکن یہی ایک منٹ آپ کی زندگی بدل سکتا ہے۔ کیونکہ ایک منٹ ہی آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کا نقطۂ آغاز ہے۔ ایک کامیاب زندگی صرف ایک منٹ سے شروع ہوتی ہے۔ اس لئے ہمیں ہر لمحے کی قدر کرنا چاہئے اور اس کا استعمال سمجھداری سے کرنا چاہئے۔
 ہر شخص کے پاس ۲۴؍ گھنٹے ہوتے ہیں ۔ اس طرح اس کے پاس ایک ہزار ۴۴۰؍ منٹ ہوتے ہیں ۔ ایک ایک منٹ کا درست استعمال کرکے آپ اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکتی ہیں ۔ خواتین اکثر وقت کی کمی کا رونا روتی ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ غیر ضروری سرگرمیوں میں دن بھر کا بیشتر حصہ ضائع کر دیتی ہیں ۔ اس طرح اُن کے کئی کام ادھورے رہ جاتے ہیں۔ اگر وہ منظم طریقے سے اپنے وقت کا درست استعمال کرتی ہیں تو زندگی میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔
وقت آگے بڑھ رہاہے، کیا آپ بھی؟
 وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ یہ اپنی رفتار سے مسلسل آگے بڑھتا رہتا ہے۔ یہ کسی چیز یا شخص کے لئے نہیں رکتا۔ اسے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنے امیر ہیں یا کتنے طاقتور ہیں یا کتنے مشہور ہیں ۔ وقت چلتا رہتا ہے۔ ایک ایک منٹ قیمتی ہے، کیونکہ اس کے بدلے میں دوسرا منٹ نہیں ملتا۔ ایک بار وقت گزر جائے تو وہ واپس نہیں آسکتا ہے۔ اس لئے وقت کا استعمال سمجھداری سے کرنا چاہئے۔ یاد رکھیں ، آج جو مَیں کر رہی ہوں ، وہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ مَیں اس کے بدلے میں اپنی زندگی کا ایک دن خرچ کر رہی ہوں۔ مجھے کامیابی ملنی چاہئے، کیونکہ قیمت بہت زیادہ ہے۔
وقت کا درست استعمال
 ہم سب کے پاس ایک دن یعنی ۲۴؍ گھنٹے ہوتے ہیں ، نہ ایک منٹ زیادہ، نہ ایک منٹ کم۔ کامیابی کی کنجی یہ ہے کہ ہم ان منٹوں کا کیا کر رہے ہیں ، جو آپ کو دیئے گئے ہیں ۔ ایک مثال سے سمجھئے کہ آپ کے پاس ۴۰؍ ٹرک ہیں۔ اب یہ آپ پر منحصر ہیں کہ آپ انہیں مٹی سے بھرتے ہیں یا پھر ہیروں سے۔ بل گیٹس کے پاس ایک دن میں ۲۴؍ گھنٹے ہوتے ہیں اور آپ کے پاس بھی۔
 آپ دونوں ہی اپنے اپنے دیئے گئے وقت کا الگ الگ طرح سے استعمال کرتے ہیں۔ ہم اکثر تصور کرتے رہ جاتے ہیں کہ آج مَیں یہ کام انجام دوں گی۔ آج تو پکا کروں گی۔ آج کا دن بہت خاص ہے، آج یہ کام ہو ہی جائے گا، مگر وہ کام کبھی مکمل نہیں ہوتا۔ اگلے دن آتا ہے اور ہم اپنی سستی کے سبب اسے یوں ہی گزار دیتے ہیں جبکہ ہم چاہیں تو اس دن کو بہتر طریقے سے گزار سکتے ہیں۔ اپنی زندگی کوکامیاب بنانے کی شروعات کرسکتے ہیں۔ لیکن ہم اپنے ٹرک کو مٹی سے بھر لیتے ہیں جبکہ ہم میں اتنی صلاحیت ہوتی ہے کہ ہم انہیں ہیروں سے بھر سکتے تھے۔ اگر ہم چاہے تو صحیح متبادل منتخب کرکے اپنی زندگی کے معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں ، بشرطیکہ وقت کا سمجھداری سے استعمال کریں۔
واقعی ایک منٹ میں کرشمہ ہوسکتا ہے
 آپ کو اپنی زندگی تبدیل کرنے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے؟ زیادہ تر کا جواب ہوگا کہ کافی وقت لگ سکتا ہے، مگر یہ حقیقت نہیں ہے۔ دراصل زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے ایک منٹ ہی کافی ہے۔ جس منٹ آپ خود کو بدلنے کا فیصلہ کرتی ہیں ، اور نئی سمت میں گامزن ہونے کا چیلنج قبول کرتی ہیں ، اسی منٹ آپ میں تبدیلی رونما ہونے لگتی ہے۔ طویل عرصہ فیصلہ کرنے میں درکار ہوتا ہے۔ آپ کی زندگی کا بیشتر حصہ اس میں صرف ہو جاتا ہے کہ کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے، آپ اکثر اپنے فیصلے سے متعلق تذبذب کا شکار رہتی ہیں ۔ دراصل ہم اتنا سوچ لیتے ہیں کہ فیصلہ کرنے کی قوت ہی ختم ہو جاتی ہے اور ہماری زندگی جوں کی توں رہ جاتی ہے مگر جس منٹ آپ فیصلہ کرکے اس پر عمل کرتی ہیں اسی منٹ آپ کی زندگی میں تبدیلی کی ابتدا ہوجاتی ہے۔
 خواتین اکثر دن رات اپنی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے بارے میں سوچتی رہتی ہیں۔ اُن کے ذہن میں نئے نئے خیالات آتے رہتے ہیں۔ وہ پُرآسائش زندگی کیلئے خواب دیکھتی رہتی ہیں لیکن صرف تصور کرنا اور خواب دیکھنے سے زندگی بدل نہیں جاتی۔ دیکھا جائے تو وہ محض خواب بنتے بنتے ہی اپنی زندگی کے قیمتی وقت کو ضائع کر دیتی ہیں۔
 یہ یاد رکھیں کہ زندگی میں اچانک تبدیلی نہیں آتی ہے بلکہ اس کے لئے کافی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ تاہم، یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ آج ہی بلکہ ابھی ہی اپنی زندگی کے اس ایک منٹ کو تلاش کریں اور اسے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا نقطۂ آغاز سمجھ لیں ۔ وقت کا سمجھداری سے استعمال کریں ۔ منظم منصوبہ بندی کے ساتھ اپنے گھریلو معاملات سنبھالیں ۔ غیر ضروری سرگرمیوں ترک کر دیں۔ صبح جلدی اٹھیں اور پورے دن کیا کیا کرنا ہے، اس کی فہرست تیار کرلیں اور اس کے مطابق ہی اپنے کاموں کو انجام دیں۔ اس طرح آپ ایک کامیاب زندگی گزار سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK