آج بنایئے خاص پکوان ’’مرغ نور محل۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: March 27, 2025, 4:36 PM IST | Mumbai
آج بنایئے خاص پکوان ’’مرغ نور محل۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن کی بوٹیاں آدھا کلو، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک ۲؍ انچ کا ٹکڑا، لہسن ۳؍ سے ۴؍ جوئے، پیاز ۲؍ عدد (درمیانی)، شملہ مرچ ایک عدد چھوٹی، فریش کریم آدھی پیالی، سفید مرچ ایک چھوٹا چمچہ، ہری مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، مسٹرڈ پیسٹ ایک چھوٹا چمچہ، پسا ہوا ناریل ۲؍ بڑے چمچے، خشخاش ایک بڑا چمچہ، دہی آدھی پیالی، تیل ۴؍ بڑے چمچے۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے بغیر ہڈی کی چکن کی بوٹیوں کو دھو کر چھلنی میں خشک کرنے کے لئے رکھ دیں۔ پیاز، ہری مرچ اور شملہ مرچ کو باریک کاٹ لیں۔ ادرک کے آدھے ٹکڑے کو لہسن کے جوؤں کے ساتھ کچل لیں اور باقی ادرک کو باریک کاٹ کر رکھ دیں۔ فرائنگ پین میں ۲؍ بڑے چمچے تیل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور اس میں کٹی ہوئی سبزیوں کو نرم ہونے تک فرائی کریں۔ پھر چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ گرائنڈر میں صاف دھلی ہوئی خشخاش اور ناریل کو باریک پیس لیں، پھر اسے بلینڈر میں ڈال کر اس میں فرائی کی ہوئی سبزیوں بھی شامل کر دیں۔ دہی کی مدد سے پیس لیں۔ فرائنگ پین میں تیل میں کچلا ہوا ادرک لہسن ڈال کر سنہرا ہونے تک فرائی کریں، پھر اس میں چکن کی بوٹیاں ڈال کر تیز آنچ پر فرائی کریں۔ چکن کا اپنا پانی خشک ہوجائے تو اس میں سبزیوں کا پیسٹ ڈال کر ڈھانک دیں۔ ہلکی آنچ پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ پکائیں۔ پھر نمک، سفید مرچ اور مسٹرڈ پیسٹ ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور آخر میں کریم ڈال کر ۵؍ سے ۷؍ منٹ دَم پر رکھ دیں۔ اس مزیدار شاہی پکوان کو نان یا کلچوں کے ساتھ پیش کریں۔