میکسیکن رائس وِتھ چیز پیٹیز بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 9:17 PM IST | Mumbai
میکسیکن رائس وِتھ چیز پیٹیز بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چاول دھائی کپ، تیل ۲؍ بڑے چمچے یا حسب ِ ضرورت، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، گاجر ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، شملہ مرچ ۲؍ عدد (باریک کٹی ہوئی)، لال مرچ ایک چھوٹا چمچہ (کُٹی ہوئی)، ہری مرچ ۴؍ عدد (کچلی ہوئی)، نمک حسب ِ ذائقہ۔
چیز پیٹیز کے لئے: آلو ۲؍ عدد (اُبلے ہوئے)، کاٹیج چیز ۲؍ پیکٹ، میدہ ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، لال مرچ حسب ِ ذائقہ، ہری مرچ ۶؍ عدد (کچلی ہوئی)، کالی مرچ ایک چھوٹا چمچہ (کُٹی ہوئی)، انڈے کی سفیدی ۲؍ عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی (باریک کٹا ہوا)، تیل تلنے کے لئے حسب ِ ضرورت۔
گریوی کیلئے: تیل ایک چھوٹا چمچہ، ٹماٹر کا پیسٹ ۳؍ بڑے چمچے، پیاز ایک عدد (کچی پسی ہوئی)، لال مرچ ایک چھوٹا چمچہ (کُٹی ہوئی)، نمک حسب ِذائقہ، اجوائن ایک چٹکی، براؤن شوگر ایک چھوٹا چمچہ۔
بنانے کا طریقہ: چاول دو کنی اُبال لیں اور پانی نتھار کر دم پر لگا دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ اس کے بعد گاجر اور شملہ مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ اب لال مرچ اور ہری مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ اسکے بعد چاول اور نمک ڈال کر اسٹر فرائی کریں اور کڑاہی میں رہنے دیں۔ اب آلوؤں میں کاٹیج چیز میش کرکے ملائیں۔ پھر میدہ، نمک، لال مرچ، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور کالی مرچ ڈال کر مکس کریں۔ اب اس کے گول گول کباب بنائیں اور انڈے کی سفیدی میں ڈپ کرکے تیل میں ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن کرکے نکال لیں۔
گریوی کیلئے: دوسری کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں ٹماٹر کا پیسٹ ڈال دیں۔ ساتھ ہی پیاز، لال مرچ، نمک، اجوائن اور براؤن شوگر ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور اتار لیں۔ اب ایک بڑے اور پھیلے ہوئے بیکنگ ڈش میں نیچے ذرا سی چکنائی لگا کر چاول ڈالیں۔ پھر تلے ہوئے چیز پیٹیز رکھیں۔ اس کے بعد اوپر ٹومیٹو گریوی ڈال کر ۵؍ سے ۱۰؍ منٹ تک بیک کر لیں۔ گرم گرم پیش کریں۔