آج افطار میں بنایئے خاص پکوان ’’افغانی تکہ بوٹی۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 8:58 PM IST | Mumbai
آج افطار میں بنایئے خاص پکوان ’’افغانی تکہ بوٹی۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چربی ۲۰۰؍ گرام، نمک حسب ِ ذائقہ، لہسن کے جوئے ۳؍ سے ۴؍ عدد، پیاز ۲؍ عدد درمیانی، کالی مرچ ۱۰؍ سے ۱۲؍ عدد، لیموں کا رس ۲؍ بڑے چمچے، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: گوشت کو صاف کرکے دھو لیں اور اس کی چوکور بوٹیاں کاٹ لیں، اسی طرح سے چربی کی بھی چوکور بوٹیاں کاٹ لیں۔ گوشت اور چربی کی بوٹیوں کو ایک پیالے میں ڈال کر اس پر نمک مل کر رکھ دیں۔ پیاز اور لہسن کو موٹا موٹا کاٹ لیں اور کالی مرچ کو کوٹ لیں، پھر ان تمام چیزوں کو لیموں کے رس اور آدھی پیالی پانی کے ساتھ بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ اس آمیزے کو صاف ستھرے ململ کے کپڑے میں ڈال کر اچھی طرح نچوڑ کر پانی نکال لیں اور اس پانی کو بوٹیوں میں ڈال کر ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ پھر مٹی کے پھیلے ہوئے کونڈے میں کوئلے جلا لیں اور بوٹیوں کو سیخوں پر اس طرح لگائیں کہ ۲؍ سے ۳؍ گوشت کی بوٹیوں کے بعد ایک چربی کی بوٹی لگا لیں۔ ان سیخوں کو کوئلوں پر سنہری ہونے تک سینکیں، درمیان میں بوٹیوں کو گھماتے ہوئے ململ کے کپڑے یا ٹشو کی مدد سے ہلکا ہلکا تیل لگاتے جائیں۔ ان مزیدار بوٹیوں کو پیاز کے لچھوں اور نان یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔