Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آج کا پکوان (رمضان اسپیشل): انوکھی مرچیں

Updated: March 16, 2025, 9:30 PM IST | Mumbai

آج افطار میں بنایئے خاص پکوان ’’انوکھی مرچیں۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Anokhi Mirchi. Photo: INN
انوکھی مرچیں۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: بڑی ہری مرچیں ۱۰؍ سے ۱۲؍ عدد، بھنا ہوا قیمہ ایک پیالی، میدہ ۲؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، چیڈر چیز ایک پیالی، دودھ آدھی پیالی، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: ۲۰۰؍ گرام قیمے کو دھو کر اس میں حسب ِ ذائقہ نمک، ایک بڑا چمچہ پسی ہوئی لال مرچ، ایک چھوٹا چمچہ ہلدی، ایک باریک کٹی ہوئی پیاز اور ۲؍ سے ۳؍ باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں ڈال کر درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب قیمے کا اپنا پانی خشک ہوجائے تو اچھی طرح بھون کر چولہے سے اتار لیں۔ علاحدہ فرائنگ پین میں ایک بڑا چمچہ میدہ اور ایک بڑا چمچہ تیل ڈال کر ۲؍ سے ۳؍ منٹ بھونیں اور اس میں دودھ شامل کرکے لکڑی کے چمچے سے پھینٹیں۔ ہلکا سا گاڑھا ہونے پر چولہے سے اتار کر اس میں ایک پیالی بھنا ہوا قیمہ اور کدوکش کیا ہوا چیز ڈال کر ملائیں اور ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ میدے میں ۳؍ سے ۴؍ بڑے چمچے تیل اور چٹکی بھر نمک ڈال کر ملائیں اور پانی کی مدد سے نرم گوندھ لیں۔ چپاتی بیل کر ایک انچ چوڑی پٹیاں کاٹ لیں۔ مرچوں کو صاف دھو کر چیرا لگا لیں (زیادہ تیزی نہ پسند ہو تو اس کے بیج نکال لیں) اور ایک بڑا چمچہ تیار شدہ قیمہ بھر دیں۔ میدے کی پٹی کو اس کے اوپر ایک سرے سے دوسرے سرے تک لپیٹ دیں۔ ساری مرچوں کو اس طرح بنا کر ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل کو درمیانی آنچ پر ۳؍ سے ۴؍ منٹ گرم کریں اور ان مرچوں کو سنہرا فرائی کرلیں۔ ویسے تو افطار پر بہت سے گھروں میں بھری ہوئی مرچیں بنائی جاتی ہیں، اس مرتبہ یہ منفرد مرچیں آزمائیں جو آپ کو ذائقے کے ساتھ بھرپور غذائیت بھی دیں گی۔ افطار پلیٹر کو ان ذائقہ دار مرچوں کے ساتھ مختلف قسم کے پکوڑے، فروٹ چاٹ، دہی بڑے، چھولا چاٹ وغیرہ سے سجائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK