• Thu, 27 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھر کی صاف صفائی کے لئے چند مفید مشورے

Updated: February 27, 2025, 3:45 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

گھر کی صفائی اور جھاڑ پونچھ یوں تو روزانہ ہی کی جاتی ہے تاہم چند مفید، بہترین اور آسان طریقے اپنا لئے جائیں تو نہ صرف گھر کی صفائی میں نفاست آتی ہے بلکہ نظر نہ آنے والے ہزاروں لاکھوں جراثیم کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے۔

Cleanliness keeps the house free from germs. Photo: INN
صفائی ستھرائی سے گھر جراثیم سے پاک رہتا ہے۔ تصویر: آئی این این

گھر کی صفائی اور جھاڑ پونچھ یوں تو روزانہ ہی کی جاتی ہے تاہم چند مفید، بہترین اور آسان طریقے اپنا لئے جائیں تو نہ صرف گھر کی صفائی میں نفاست آتی ہے بلکہ نظر نہ آنے والے ہزاروں لاکھوں جراثیم کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے۔ چند آسان ٹوٹکے پیش خدمت ہیں۔
فریزر کی صفائی: فریزر سے اکثر اوقات بدبو آنے لگتی ہے جو آہستہ آہستہ فریزر میں رکھے سامان میں رچ بس جاتی ہے، فریزر میں کھانے پینے کی چیزوں کو ترتیب سے رکھیں۔ سبزیوں، پھلوں، دودھ اور پانی کی بوتلوں سے دور رکھیں۔ ہر پندرہ دن میں فریزر کو ضرور صاف کریں۔ فریج کی بدبو کے خاتمے کے لئے کھانے کے سوڈے کا ڈبہ کھول کر فریزر میں رکھ دیں، چوبیس گھنٹے بعد اسے نکال لیں بدبو ختم ہو جائے گی۔ کافی کے بیج پیس کر ایک پلیٹ پر بچھا دیں، اس پلیٹ کو چوبیس گھنٹوں کے لئے فریج میں رکھ دیں، اس کافی کو پھینکنے کے بجائے آپ کسی پودے کی کھاد کے طور پر شامل کر سکتی ہیں۔
کچن کی صفائی: چولہے، اَوَن اور برتن دھونے والی جگہ یعنی سنک کی صفائی اگر نہ کی جائے تو کچن میلا اور بدنما معلوم ہوتا ہے اور اگر یہی چیزیں چمکدار اور صاف ستھری لگ رہی ہوں تو پورا کچن ہی چمکتا ہوا نظر آتا ہے۔ کھانے کا سوڈا ایک بہترین کلیننگ ایجنٹ ہے، تھوڑا سا سوڈا صفائی کی جگہ پر چھڑک دیں اور اتنا پانی ڈالیں کہ پیسٹ سا بن جائے، رات بھر کے لئے ایسے ہی چھوڑ دیں۔ صبح کسی صاف کپڑے سے صفائی کر لیں، نتائج پر آپ حیران رہ جائیں گئے۔
فرنیچر کی صفائی: ایک کپ بے بی آئل میں آدھا کپ لیموں کا رس شامل کرلیں اور دونوں اجزاء کو اچھی طرح مکس کرنے کے بعد ایک نرم کپڑے کی مدد سے لکڑی کے فرنیچر اور دروازوں پر مل لیں، اب لکڑی کو گیلے کپڑے سے پونچھنے کے بعد کسی دوسرے صاف کپڑے کو ناریل کے تیل میں ہلکا سا ڈبو کر ہلکے ہاتھ سے لکڑی پر ملیں۔
باتھ روم کی صفائی: سب سے زیادہ جراثیم غسل خانے میں پائے جاتے ہیں لہٰذا اس کی صفائی بھی زیادہ اہم ہے۔ غسل خانے کو تا دیر اور ہمیشہ صاف رکھنے کیلئے تمام گھروالوں کو یہ عادت بنا لینی چاہئے کہ وہ غسل خانے سے نکلتے ہوئے استعمال کی گئی چیزیں جیسے برش، ٹوتھ پیسٹ اور صابن اپنی جگہ پر رکھیں، فرش خشک کریں۔ غسل خانے کے شیشے کی صفائی کیلئے شیشے پر شیمپو کا اسپرے کریں اور ٹشو یا صاف کپڑے سے آئینہ خشک کر لیں۔ نمک کو کسی اچھے ڈٹرجنٹ میں شامل کریں اور فرش پوش کے ذریعے ٹائلوں پر ملیں، تھوڑی دیر کیلئے ایسے ہی چھوڑ دیں پھر پانی سے دھو کر وائپر سے صفائی کر لیں۔ پرانے دھبوں یا نشانات کو صاف کرنے کیلئے ٹوتھ پیسٹ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پنکھوں کی صفائی: عام طور پر پنکھوں کی صفائی سب سے مشکل لگتی ہے، گرد و غبار کی وجہ سے ان کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے جبکہ ایک آسان طریقے کی مدد سے آپ گھرکے پنکھے چند منٹوں میں چمکا سکتی ہیں۔ ایک اسپرے بوتل میں پانی اور دو بڑے چمچے سرکہ شامل کریں، ایک تکیے کا غلاف اور ایک صاف کپڑا لے لیں، کسی اونچی کرسی یا سیڑھی پر چڑھ کر پنکھے کے بلیڈ پر غلاف چڑھائیں اور پنکھے کو پونچھتے ہوئے غلاف اتار دیں، اس طرح سب مٹی غلاف میں آجائے گی اور اب پنکھے پر سرکے کا اسپرے کرکے صاف کپڑے سے ایک بار پونچھ لیں، پنکھے چمکنے لگیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK