اگر آپ اپنے معمولات میں اسٹریچنگ کو شامل کرتی ہیں تو یہ آپ کو دن بھر توانائی بخشنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ صبح تازہ دم ہونے کیلئے آپ کو کافی کی ضرورت نہیں پڑسکتی۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 1:09 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
اگر آپ اپنے معمولات میں اسٹریچنگ کو شامل کرتی ہیں تو یہ آپ کو دن بھر توانائی بخشنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ صبح تازہ دم ہونے کیلئے آپ کو کافی کی ضرورت نہیں پڑسکتی۔
اگر آپ اپنے معمولات میں اسٹریچنگ کو شامل کرتی ہیں تو یہ آپ کو دن بھر توانائی بخشنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ صبح تازہ دم ہونے کیلئے آپ کو کافی کی ضرورت نہیں پڑسکتی۔ صبح کے وقت کی جانے والی اسٹریچنگ آپ کو اعتماد کے ساتھ دن بھر کے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔ صبح سویرے جاگنے کے بعد اسٹریچنگ کرنے کے لئے دس منٹ بھی کافی ہوسکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے آپ کا جسم اور دماغ، دونوں ہی دن کے آغاز میں خوشگوار فرق محسوس کریں گی۔ اس مضمون میں اسٹریچنگ کے کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں جن کو اپنا کر آپ ایک خوشگوار اور تازہ دم صبح کا آغاز کرسکتی ہیں:
Child`s Pose
اس طریقہ سے کی جانے والی اسٹریچنگ آپ کے کولہوں، کمر، رانوں اور ریڑھ کی ہڈی کو آہستہ سے پھیلانے کے لئے بہت اچھی ثابت ہوسکتی ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب آپ رات میں کسی غلط پوز میں سوئے ہوں تو یہ آپ کے اعضاء کو کھولنے میں یا جگہ پر لانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ یہ پوز ہاضمہ بھی درست کرتا ہے۔
کرنے کا طریقہ: اپنے کولہوں کے بل اپنی ٹانگیں موڑ کر اس انداز سے بیٹھیں جس میں آپ کے پاؤں کی انگلیاں زمین سے لگی ہوئی ہوں۔ اب آگے کی طرف چھوٹے بچے کے طرح جھک جائیں اور لمبی سانس لیں کچھ اس انداز سے کہ آپ کی ریڑھ کی ہڈی آگے کی جانب لمبائی میں جھکے۔ جیسے ہی آپ سانس چھوڑیں خود کو واپس اپنے پاؤں پر بیٹھ جائیں۔ ایسا کم از کم پانچ مرتبہ دہرئیں۔
Cat-Cow Pose
اسٹریچنگ کے یہ دونوں پوز ایک ساتھ کئے جانے سے آپ کی ریڑھ کی ہڈی کے سیال کو گردش کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ چربی کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور پیٹ کے حصے میں موجود اعضاء کو مساج ملتا ہے۔
کرنے کا طریقہ: چائلڈز پوز میں آکر ’پش اپ‘ کریں، ایسی پوزیشن میں کہ آپ کے پاؤں کا اوپری حصہ چپٹا ہو، کندھے آپ کی کلائی کی سیدھ میں ہوں اور کولہے آپ کے گھٹنوں کے اوپر ہوں۔ سانس اندر کی طرف لیتے ہوئے اپنے پیٹ کو اوپر کی جانب کھینچیں اور کمر کو نیچے کی جانب جھکاتے ہوئے سَر چھت کی جانب اٹھاتے ہوئے سانس باہر کی جانب چھوڑیں۔
Power pose
یہ اسٹریچنگ کا انداز پورے جسم کو توانائی بخشتا ہے۔ موڈ بہتر بناتا ہے۔ ذہنی تناؤ کم کرنے میں مددگار ہے۔
کرنے کا طریقہ: ایک چوپائے کے پوز میں آجائیں اور اپنے دائیں گھٹنے کو ناک کی سیدھ میں آگے کی جانب موڑیں، بائیں پاؤں کے پنجے پر زور دیتے ہوئے سانس اندر لیں اور دائیں ٹانگ کے ساتھ ۴۵؍ ڈگری کا زاویہ بناتے ہوئے آگے کی جانب جھکیں اور دونوں بازو اوپر کی جانب اٹھائیں اور سانس باہر چھوڑیں۔
Standing Forward Bend
یہ پوز دماغ کو سکون دیتا ہے۔ تناؤ، تھکاوٹ اور اضطراب کو دور کرتا ہے۔ توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔ گردوں، جگر اور ہاضمے کو متحرک کرتا ہے۔
کرنے کا طریقہ: ماؤنٹین پوز میں آئیں یعنی سیدھا کھڑے ہو کر دونوں پاؤں کو آپس میں ملائیں اور سَر کو پاؤں تک جھکائیں اور دونوں ہاتھوں سے پیروں کو چھوئیں پھر سانس باہر نکالتے ہوئے سر اوپر اٹھائیں اور ہاتھوں کو اوپر کی جانب کھینچیں۔ پھر نیچے کی جانب جھکتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ آپ کی کمر سَر کے ساتھ سیدھ میں ڈھلان بناتے ہوئے جھکی ہو لیکن آپ کے کولہے نہ جھکنے پائیں۔ ایسا کرنے کے لئے جھکتے ہوئے آپ کا پورا زور آپ کے پاؤں کی ایڑھیوں پر ہونا چاہئے۔ اس عمل کو ۵؍ مرتبہ دہرائیں۔
ہر کسی کا صبح کا اپنا ایک معمول ہوتا ہے۔ کوئی اپنی صبح کا آغاز چائے، کافی یا جوس سے کرتا ہے یا کوئی گرم گرم ناشتے سے لیکن اپنی صبح کا آغاز اسٹریچنگ مشقوں سے کرکے آپ اپنے دن کو صحت اور اعتماد سے بھرپور بناسکتی ہیں۔