جب بچوں کو فیصلے کرنے کی آزادی دی جاتی ہے تو ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے ان کی ذہنی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 1:45 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
جب بچوں کو فیصلے کرنے کی آزادی دی جاتی ہے تو ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے ان کی ذہنی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔
والدین عموما ۳؍ طریقوں سے اپنے بچوں کی تربیت کرتے ہیں، بالکل سختی، بالکل نرمی اور اعتدال کے ساتھ سختی و نرمی۔ لیکن پیرنٹنگ کے کسی ایک طریقہ کو درست ٹھہرانا غلط ثابت ہوسکتا ہے۔ عام طور پر اعتدال یعنی سختی و نرمی، کے تربیت کے انداز کو مستند سمجھا جاتا ہے۔ کیونکہ بہت زیادہ سختی بچوں کو جارحانہ بنا سکتی ہے جبکہ بہت زیادہ نرمی انہیں بگاڑ سکتی ہے۔ اِن دنوں پانڈا پیرنٹنگ پسند کی جا رہی ہے۔ پیرنٹنگ کے اس انداز میں بچوں کو رہنمائی کے ساتھ آزادی دی جاتی ہے اور ساتھ ہی انہیں نظم و ضبط کا پابند بھی بنایا جاتا ہے۔
پیرنٹنگ کے اس انداز کو اپناتے ہوئے والدین بچوں کو جذباتی طور پر مضبوط بناسکتے ہیں اور ایک حد تک دی گئی آزادی ان کے اعتماد میں اضافہ کرسکتی ہے۔ اس طرح والدین اور بچوں کے درمیان ایک مضبوط رشتہ استوار ہوتا ہے۔ پانڈا پیرنٹنگ کے ذریعہ والدین اپنے بچوں کی تربیت بہترین انداز میں کرسکتے ہیں۔
پانڈا بہت ہی پیارا جانور ہے۔ یہ اپنا بہت خیال رکھتے ہیں۔ پانڈا جس انداز میں اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اس سے انسان کو بہت کچھ سیکھنا چاہئے۔ ان کی تربیت کے انداز کو اپنا کر والدین اپنے بچوں کی بہتر انداز میں تربیت کرسکتے ہیں۔ پانڈا اپنے بچوں کو چیزوں کو جانچنے اور پرکھنے کا بھرپور موقع فراہم کرتے ہیں ساتھ ہی اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے اقدامات بھی کرتے ہیں۔
رہنمائی کے ساتھ آزادی
پانڈا اپنے بچوں کو سیکھنے کا موقع دیتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے دیتے ہیں۔ بچوں کو فیصلے کرنے کی بھی آزادی دیتے ہیں۔ لیکن اس دوران وہ خود اپنے بچوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر وہ اپنے بچوں کی مدد کے لئے بھی پہنچ جاتے ہیں۔ مثال کے طور پانڈا اپنے بچوں کو پیڑ پر چڑھنے کا موقع دیتے ہیں ساتھ ہی بچوں کے گرنے پر انہیں تھام لینے کیلئے بھی تیار رہتے ہیں۔
جذبات پر کنٹرول
پانڈا بچوں کو بہت زیادہ قابو میں رکھنے اور حد سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے کے درمیان توازن قائم کرتے ہیں۔ بچوں کو بھرپور سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرسکیں۔ اس سے بچے مایوسی اور چڑچڑے پن کا شکار نہیں ہوتے۔ ساتھ ہی اپنے جذبات پر قابو پانا سیکھتے ہیں۔
آپسی گفتگو
پانڈا پیرنٹنگ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ آپسی گفتگو کو یقینی بناتے ہیں۔ پانڈا اپنے بچوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ وہ اپنے بچوں کو بات چیت کی آزادی دیتے ہیں۔ آپسی گفتگو بہت ضروری ہوتی ہے۔ اس کے ذریعے والدین بچوں کے جذبات کو سمجھ پاتے ہیں۔ اس سے رشتے بھی مستحکم ہوتے ہیں۔
اعتماد میں اضافہ
جب بچوں کو فیصلے کرنے کی آزادی دی جاتی ہے تو ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے ان کی ذہنی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔ اس طرح بچوں کو اپنے مقصد تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے۔ ساتھ ہی بچے میں احساسِ ذمہ داری پیدا ہوتی ہے۔
تناؤ میں کمی
بچوں کی تربیت والدین کے لئے صبر آزما مرحلہ ہے۔ اس دوران والدین بہت زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں۔ مگر پانڈا پیرنٹنگ کا انداز اس دباؤ کو کم کرسکتا ہے۔ اس طریقے سے بچوں کی بہتر انداز میں تربیت کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تربیت کا یہ انداز بچوں کو آزادانہ طور پر اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔