• Thu, 05 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سردیوں میں جلد کو خشکی سے بچانے کے آسان طریقے

Updated: December 04, 2024, 12:55 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوجاتا ہے جس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے اور جلد کھردری اور خشک ہونے کے ساتھ پھٹنے لگتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جلد کی حفاظت پر تھوڑی سی توجہ دے کر اس کی خوبصورتی اور نکھار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

Use body lotion after bathing to avoid the effects of this weather. Photo: INN
اس موسم کے اثرات سے بچنے کیلئے نہانے کے بعد باڈی لوشن کا استعمال کریں۔ تصویر: آئی این این

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوجاتا ہے جس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے اور جلد کھردری اور خشک ہونے کے ساتھ پھٹنے لگتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جلد کی حفاظت پر تھوڑی سی توجہ دے کر اس کی خوبصورتی اور نکھار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
 ماہرین امراض جلد کے مطابق زیادہ دیر تک گرم پانی سے نہانا بھی خشکی کا باعث بنتا ہے اس لئے سرد مودم میں غسل کرتے وقت اس بات کا دھیان رکھئے کہ پانی نیم گرم ہو اور غسل کا دورانیہ بھی ۱۰؍ منٹ سے زیادہ نہ ہو۔ اسکے علاوہ جلد کی حفاظت کیلئے نہانے سے پہلے پانی میں بے بی آئل یا کوئی اور تیل لے کر اس کے چند قطرے پانی میں ڈال لیں اور سرسوں یا کھوپرے کے تیل سے جسم پر مالش کریں، یہ طریقہ جلد کو شاداب رکھنے میں انتہائی معاون ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ نہانے کے بعد بدن خشک کرلیں اور کسی اچھے سے باڈی لوشن سے مساج کریں۔ روزانہ رات سونے سے قبل منہ دھو کر اچھی سی کولڈ کریم لگانا بھی فائدہ مند ہے۔
 سردیوں میں صابن کا استعمال کم کرنا چاہئے کیونکہ اس سے جلد کی قدرتی نمی میں کمی ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ صابن کو جسم پر زیادہ رگڑنے سے بھی پرہیز کرنا چاہئے کیونکہ اس طرح جلد پھٹنے اور متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق چہرے کی صفائی کیلئے بیسن کا لیپ بہترین طریقہ ہے جس سے چہرہ چکنائی سے پاک اور فریش ہوجاتا ہے۔ اگر کسی شخص کی جلد قدرتی طور پر خشک ہو تو اس کیلئے صابن سے پاک موئسچرائزز کلینر کا استعمال بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
 جن لوگوں کی جلد نازک ہوتی ہے، انہیں چاہئے کہ ایک گلاس گلاب کے عرق میں ۲؍ چمچے گلیسرین ایک بڑے لیموں کا رس ملا کر کسی بوتل میں محفوظ کرلیں۔ رات کو سوتے وقت مساج کریں اور صبح دھولیں اور کوئی اچھا سا لوشن لگائیں۔
 سردیوں میں جلد کو تروتازہ اور شاداب رکھنے کے لئے رات کو سوتے وقت معیاری کولڈ کریم اور موئسچرائزر کا استعمال کرنے سے جلد میں ضروری نمی برقرار رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK