Inquilab Logo Happiest Places to Work

باغبانی کا مشغلہ بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے

Updated: April 14, 2025, 12:22 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

باغبانی کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ ایک صحتمند مشغلہ ہے۔ گھر میں پودے اور سبزیاں اگانے سے گھر کے ماحول میں ایک خوشگوار تبدیلی آتی ہے۔

Taking care of plants instills a sense of responsibility in children. Photo: INN
بچوں کا پودوں کی دیکھ بھال کرنے سے ان میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ تصویر: آئی این این

باغبانی کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ ایک صحتمند مشغلہ ہے۔ گھر میں پودے اور سبزیاں اگانے سے گھر کے ماحول میں ایک خوشگوار تبدیلی آتی ہے۔
 ماہرین نے باقاعدہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گھر میں اگائے گئے پودے طرز زندگی اور صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ گھر میں پودے لگانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہمارے مزاج و عادات پر بھی مثبت اثرات ڈالتا ہے جبکہ یہ فارغ وقت میں سر انجام دی جانے والی بہترین سرگرمی ہے۔
 ایک تحقیق کے مطابق وہ بچے جو باغبانی کا مشغلہ اپناتے ہیں ان کی ذہنی و جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور باغبانی ان کی اخلاقی تربیت میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں بچے باغبانی سے کیا فوائد حاصل کرتے ہیں۔
ماحول دوست عادت
 بچپن سے ہی باغبانی کرنا بچوں میں ماحولیاتی آگاہی پیدا کرتا ہے۔ وہ فطرت، زمین، مٹی، ہوا اور موسم کے اثرات و فوائد کے بارے میں سیکھتے ہیں جس کے باعث وہ بڑے ہو کر ماحول دوست شہری بنتے ہیں۔ ساتھ ہی ماحول تحفظ کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔
خود اعتمادی
 باغبانی کے دوران اگر بچے اپنے گھر میں خود سبزیاں اور پھل اگائیں تو یہ عادت ان میں خود مختاری اور خود اعتمادی کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ بچپن ہی سے خود اعتماد ہونے کے باعث وہ زندگی کے کسی شعبہ میں پیچھے نہیں رہتے۔
صحتمند غذائی عادت
 باغبانی کرنا اور گھر میں سبزیاں اور پودے اگانا بچوں میں صحتمند غذائی عادات پروان چڑھاتا ہے۔ وہ تازہ پھل اور سبزیاں کھانے کو ترجیح دیتے ہیں اور باہر کی غیر صحتمند اشیاء سے عموما پرہیز کرنے لگتے ہیں۔
احساس ذمہ داری
 پودے لگانا، باقاعدگی سے ان کو پانی دینا اور ان کی دیکھ بھال کرنا بچوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ بچپن میں پیدا ہونے والا یہ احساس ذمہ داری ساری زندگی ان کے ساتھ رہتا ہے اور وہ زندگی کے ہر معاملے میں اس کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ساتھ ہی ایسے بچوں میں ہمدردی کا جذبہ دوسرے بچوں سے زیادہ ہوتا ہے۔ پودوں کی دیکھ بھال انہیں ہمدرد انسان بناتی ہے۔
سائنسی تکنیک پر عبور
 باغبانی کے ذریعہ بچے مختلف زراعتی و سائنسی تکنیک سیکھتے ہیں جو ان کی تعلیم میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جو بچے گھر میں باغبانی کی صحتمند سرگرمی میں مصروف تھے انہوں نے اسکول میں سائنس کے مضمون میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
 آپ بھی اپنے بچوں کو باغبانی کی صحتمند اور مفید سرگرمی میں مشغول کرکے ان میں اچھی عادات پروان چڑھانے کا سبب بنیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK