Inquilab Logo Happiest Places to Work

گرمی، چلچلاتی دھوپ اور جلد کے مسائل: چند باتیں آپ کی توجہ چاہتی ہیں

Updated: April 17, 2025, 12:33 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

گرمی کے موسم میں دھوپ کی تپش نہ صرف جلد کو جھلسا دیتی ہے بلکہ رنگ بھی سیاہ ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے چہرے کی شادابی بھی ختم ہو جاتی ہے۔ دھوپ کے سبب اکثر پاؤں پر چپل یا سینڈل کے نشان بھی بن جاتے ہیں جو دیکھنے میں برے لگتے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

گرمی کے موسم میں دھوپ کی تپش نہ صرف جلد کو جھلسا دیتی ہے بلکہ رنگ بھی سیاہ ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے چہرے کی شادابی بھی ختم ہو جاتی ہے۔ دھوپ کے سبب اکثر پاؤں پر چپل یا سینڈل کے نشان بھی بن جاتے ہیں جو دیکھنے میں برے لگتے ہیں۔ سورج کی شعاعوں کی وجہ سے جلد کی باریک رگیں ٹوٹ پھوٹ جاتی ہیں جس سے جلد بے جان اور بے رونق ہو جاتی ہے۔
 اس لئے اس موسم میں جلد کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ سب سے پہلے تو گرمی سے بچنے اور چہرہ تر و تازہ رکھنے کے لئے ۳؍ سے ۴؍ مرتبہ چہرہ دھوئیں۔ گھر سے باہر نکلیں تو کوشش کریں کہ سن بلاک کا استعمال لازمی کریں۔ اس مضمون میں گرمی میں جلد کی حفاظت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔ اس پر عمل کرکے چہرے کی شادابی اور رونق برقرار رکھیں۔
جھلسی جلد
 انگور کے رس میں روئی بھگو کر چہرے پر لگائیں۔ یہ عمل اس وقت تک جاری رکھئے جب تک آپ کے چہرے پر ٹھنڈک کا احساس ہونے لگے۔ اس کے بعد کسی نرم اور صاف ستھرے کپڑے میں برف رکھ کر چہرے پر لگائیں۔ ٹھنڈا پانی چہرے پر بار بار ڈالیں یہاں تک کہ ٹھنڈک اور سکون کا احساس ہونے لگے۔ اور اپنی جلد کی نوعیت کے مطابق اس کا خیال رکھیں۔
خشک جلد
 خشک جلد کی حامل خواتین کی جلد گرمیوں میں نارمل اور سردیوں میں سخت ہو جاتی ہے۔ البتہ گرمی کے موسم میں داغ دھبے اور جھائیاں پڑنے لگتی ہیں۔ ان خواتین کے لئے شہد، زیتون کا تیل اور عرق گلاب ملا کر لگائیں۔ اس سے جلد کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے۔ خشک جلد کے لئے کلینز فیس واش استعمال کریں۔
چکنی جلد
 چکنی جلد کی حامل خواتین کا ماتھا، ناک اور تھوڑی عموماً چکنی ہی رہتی ہے۔ گرمیوں میں تو خاص طور پر زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چکنی جلد کی خواتین کو چہروں پر دانے، کیل مہاسے کی شکایت رہتی ہے۔ اس جلد کے لئے ملتانی مٹی کا ماسک بہترین ہے۔ اس کے علاوہ نیم کے پتوں کو اُبال کر ٹھنڈا کرکے اس سے منہ دھوئیں، اس سے کیل مہاسوں میں کمی آتی ہے۔ کیلے کا ماسک بھی ان کی اسکن کے لئے بہترین ہے۔
نارمل جلد
 یہ جلد زیادہ چکنی نہیں ہوتی، اس قسم کی جلد پر بہت زیادہ محنت اور توجہ کی ضرورت بھی نہیں ہوتی لیکن تھوڑا بہت خیال تو رکھنا پڑتا ہے تا کہ اس کی خوبصورتی برقرار رہے۔ عرق گلاب کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ علاوہ ازیں خشک دودھ اور چند قطرے عرق گلاب کے اچھی طر ح مکس کرکے چہرے اور گردن پر لگائیں۔ اس سے جلد چمکدار اور تر و تازہ ہوجائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK