خواتین اکثر وقت اور کام کے درمیان جدوجہد کرتی نظر آتی ہیں۔ ان میں چند ہی ہوتی ہیں جن کے سارے کام خوش اسلوبی سے انجام پاتے ہیں۔ دراصل وہ اپنے کام کو وقت ضائع بغیر انجام دیتی ہیں۔ ہم اپنا جائزہ لیں تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ ہم اپنا دن بھر کا کافی وقت غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع کر دیتے ہیں۔
خواتین غیر ضروری سرگرمیوں سے دوری اختیار کرکے آپ اپنی زندگی کو سہل بنا سکتی ہیں۔ تصویر : آئی این این
خواتین کے ذمے کئی کام ہوتے ہیں ۔ وہ اکثر وقت اور کام کے درمیان جدوجہد کرتی نظر آتی ہیں۔ چنندہ خواتین ہوتی ہیں جن کے سارے کام خوش اسلوبی سے انجام پاتے ہیں۔ دراصل وہ اپنے کام کو وقت ضائع بغیر انجام دیتی ہیں۔ ہم اپنا جائزہ لیں تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ ہم اپنا دن بھر کا بیشتر وقت غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع کر دیتے ہیں۔
برقی آلات
آج کے دور میں لوگ موبائل فون اور لیپ ٹاپ جیسے الیکٹرونک گجیٹ کے ساتھ سب سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ اس سے انہیں ان چیزوں کی عادت ہو جاتی ہے۔ انٹرنیٹ کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے زیادہ تر افراد اپنا وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ اپنے کام پر بھی دھیان نہیں دے پاتے۔ سوشل میڈیا پر اس وقت کیا چل رہا ہوگا، میری پوسٹ پر اب تک کتنے لائکس اور کمینٹس ملے، کہیں کسی نے میرے لئے کوئی نفی تبصرہ تو نہیں کیا؟ سوشل میڈیا پر زیادہ سرگرم رہنے والے لوگ دن رات اسی ادھیڑ بن میں رہتے ہیں۔ اس سے وہ اپنے ضروری کاموں پر دھیان مرکوز نہیں کر پاتے اور ان کا کافی وقت برباد ہوتا ہے۔ اکثر خواتین گھر کے کام چھوڑ کر موبائل فون پر اسکرولنگ کرتی نظر آتی ہیں۔ اس میں ان کا بیشتر وقت برباد ہوجاتا جس کی وجہ سے گھر کے کام متاثر ہوتے ہیں۔ ان کی اس عادت کی وجہ سے اکثر گھر میں اختلاف بھی پیدا ہونے لگتے ہیں۔
حل: ایسے گجیٹ کے استعمال کے معاملے میں نظم و ضبط بہت ضروری ہے۔ اپنے کام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ طے کرنا چاہئے کہ روزانہ کتنا وقت انٹرنیٹ کے ساتھ گزارنا ہے۔ اگر نوکری کے مطالبے کے مطابق ہمیشہ آن لائن رہنا ضروری ہو تو بھی پورے دن میں چند گھنٹے ایسے ضرور ہونے چاہئے، جب آپ موبائل اور انٹرنیٹ سے پوری طرح دور رہیں۔ وہاٹس ایپ پر ایک ساتھ کئی گروپ میں شامل نہ ہوں ، ایسے میں آپ کے پاس دن بھر کئی نوٹیفکیشن آتے رہیں گے اور انہیں دیکھ کر کمینٹ کرنے میں آپ کا اچھا خاصا وقت خرچ ہو جائے گا۔ اگر آپ اچھی نیند سونا چاہتی ہیں تو رات کو سونے سے پہلے کم سے کم ایک گھنٹے پہلے ہی سے ایسے سبھی گجیٹ سے دور رہنے کی حتی الامکان کوشش کریں۔
زیادہ بولنے والے افراد
قریبی افراد کے ساتھ اپنے دل کی باتیں شیئر کرنا اچھی عادت ہے مگر کسی بھی چیز کی زیادتی نقصادہ ہوتی ہے۔ چاہے گھر ہو یا دفتر آپ کے آس پاس کچھ ایسے افراد موجود ہوتے ہیں جو اپنی فضول باتوں سے نہ صرف اپنا بلکہ دوسروں کا بھی وقت برباد کرتے ہیں۔ جو بات چند الفاظ میں کہی جاسکتی ہے، اس کے لئے ایسے لوگ بڑے آرام سے ۵؍ سے ۱۰؍ منٹ برباد کرتے دیتے ہیں ۔ اپنی ہر پریشانی کو بڑھا چڑھا کر بتانا، ہمیشہ منفی باتیں کرنا، بغیر فون کئے اچانک دوسروں کے گھر آجانا وغیرہ، ایسے افراد کی عادتوں میں شمار ہوتا ہے۔ آپ کو اندازہ بھی نہیں ہوتا مگر تھوڑا تھوڑا کرکے ایسے لوگ آپ کا کافی وقت برباد کر دیتے ہیں۔ خواتین خود بھی زیادہ بولتی ہیں۔ وہ کوشش کریں کہ اپنی بات کم سے کم وقت میں مکمل کر لیں ۔ اس سے آپ کا اور دوسروں کا کافی وقت بچ جائے گا۔
حل: ایسے لوگ جیسے ہی بہت تفصیل سے ادھر اُدھر کی باتیں کرنے کے موڈ میں نظر آئیں تو شروعات میں ہی ان سے نرمی سے درخواست کریں کہ وہ اپنی بات مختصر میں بتائیں کیونکہ ابھی آپ کے پاس وقت نہیں ہے۔ اگر یہ بات آپ نے شروع میں نہیں کہیں تو وہ جب بولنا شروع کر دیں گے تو انہیں درمیان میں روکنا مشکل ہوگا۔
لاپروائی
خواتین اکثر اہم کام بھول جاتی ہیں۔ ان کی اس عادت کی وجہ انہیں اور دوسروں کو خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ یہ عادت ان کے وقت کا سب سے بڑا دشمن ہے کیونکہ عین ضرورت کے وقت ان کی چیزیں گم ہو جاتی ہیں۔ پھر انہیں ڈھونڈنے میں ان کا کافی وقت برباد ہو جاتا ہے۔
حل: روزانہ ۷؍ سے ۸؍ گھنٹے کی نیند لیں کیونکہ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے یادداشت میں بھی کمی آتی ہے۔ اپنی چیزوں کو صحیح جگہ پر اچھے طریقے سے رکھنے کی عادت ڈالیں ۔ سارے ضروری کاغذات کی اسکیننگ کرکے انہیں اپنے میل پر محفوظ کریں مگر ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ بھروسہ نہ کریں ۔ سارے ضروری نمبر اور پاس ورڈ ایک چھوٹی ڈائری میں بھی نوٹ کرکے، کسی محفوظ جگہ پر رکھیں ۔ کچھ چیزیں بہت ضروری ہوتی ہیں مگر ان کا روزانہ استعمال نہیں ہوتا۔ ایسی چیزوں کو لوگ کچھ زیادہ ہی سنبھال کر رکھ دیتے ہیں ، اس سے بعد میں انہیں ڈھونڈنے میں بہت پریشانی ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ضرورت نہ ہونے پر بھی کبھی کبھی اپنی الماری، بُک شیلف اور لاکر وغیرہ چیک کرکے، خود کو یاد دلاتے رہیں کہ ضروری چیز اس جگہ پر رکھی ہے۔