• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اگر آپ صحتمند رہنا چاہتی ہیں تو صبح کا ناشتہ ضرور کریں

Updated: July 03, 2024, 1:38 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

کیا آپ اکثر ناشتہ نہیں کرتی ہیں؟ اگر ہاں تو یہ صحت کیلئے تباہ کن عادت ہے جو متعدد طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

Eating breakfast improves mental performance. Photo: INN
ناشتے کرنے سے ذہنی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ تصویر : آئی این این

کیا آپ اکثر ناشتہ نہیں کرتی ہیں؟ اگر ہاں تو یہ صحت کیلئے تباہ کن عادت ہے جو متعدد طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ دن کی شروعات ناشتے سے کرنی چاہئے اس سے آپ کی صحت اچھی رہتی ہے۔
 ناشتہ نہ کرنے کی صورت میں آپ ان بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں:
٭ذیابیطس کا شکار ہوسکتے ہیں۔
٭برین ہیمرج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
٭جسمانی وزن میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
٭میٹابولزم متاثر ہوتا ہے۔
٭چڑچڑا پن کا شکار ہوسکتے ہیں۔
٭امراض قلب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
٭سانس میں بو کی شکایت ہوسکتی ہے۔
٭آدھے سر کا درد میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
٭بالوں کا گرنا بڑھ جاتا ہے۔
٭دماغی افعال متاثر ہوسکتے ہیں۔
٭کورٹیسول نامی ہارمون کی سطح بڑھتی ہے جس کے متعدد منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، جیسے جسمانی دفاعی نظام کمزور ہونا، مختلف امراض کا خطرہ بڑھنا اور بلڈ شوگر لیول میں عدم توازن وغیرہ۔
جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لئے ناشتہ ممکنہ طور پر دن کا اہم ترین کھانا ہوتا ہے مگر اس صورت میں جب آپ کچھ اصولوں پر عمل کریں۔ ناشتہ کرتے وقت اِن باتوں کا خاص خیال رکھیں۔
ناشتے کا وقت
 طبی ماہرین عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ ناشتہ دن کا سب سے اہم کھانا ہوتا ہے، جسے چھوڑنا جسمانی گھڑی کو متاثر کرکے موٹاپے سمیت کئی طرح کے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔ تاہم، گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایک مخصوص وقت (صبح ۶؍ سے ۱۰؍ بجے کے درمیان) سے پہلے ناشتہ کرلینا موٹاپے سے بچانے بلکہ اس سے نجات کے لئے مددگار ثابت ہوتا ہے۔ تل ابیب یونیورسٹی اور ہیبرو یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتہ نہ کرنے کی عادت نہ صرف موٹاپے بلکہ مختلف امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ ٹو، بلڈ پریشر اور امراض قلب وغیرہ کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ایک مخصوص وقت سے پہلے کھانے سے دونوں گروپس کے افراد کی جسمانی گھڑی کے ان مخصوص جینز میں بہتری آئی جو جسمانی وزن میں کمی کے لئے مؤثر ہوتے ہیں جبکہ گلوکوز اور انسولین کی سطح بھی بہتر ہوئی۔
پروٹین اور فائبر لازمی
 جسمانی وزن میں کمی اسی وقت ممکن ہے جب ناشتے میں غذا کا درست انتخاب کیا جائے، اگر تو آپ فاسٹ فوڈ اور پراسیس غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں تو اس سے ہاضمہ خراب ہوتا ہے جبکہ توند نکلنے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے، اس کے مقابلے میں زیادہ پروٹین اور فائبر والی غذائیں جیسے انڈے، اناج، گریاں، پھلوں اور سبزیوں کا انتخاب کرنا پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے جبکہ جسمانی توانائی کی سطح بھی بڑھتی ہے۔ جسمانی وزن میں کمی کے لئے ایسی غذاؤں کا انتخاب ضروری ہے جو بے وقت کھانے کی خواہش دور رکھے جبکہ مسلز بنانے میں مدد دے۔
کیلوریز کتنی ہونی چاہئے؟
 ایسا کہا جاتا ہے کہ اچھا ناشتہ روزانہ کرنا چاہئے مگر ہر صبح کتنی کیلوریز کو جزو بدن بنانا چاہئے؟ ماہرین کا مشورہ ہے کہ روزانہ زیادہ سے زیادہ ۳۵۰؍ کیلوریز ناشتے کا حصہ ہونا چاہئے۔
ناشتہ کبھی مت چھوڑیں
 ناشتہ چھوڑنا وہ بدترین امر ہوسکتا ہے جو کوئی وزن کم کرنے کے لئے اپناتا ہے، اس اصول کا اطلاق ناشتے پر ہوتا ہے کیونکہ اگر آپ وقت پر ناشتہ نہیں کریں گے تو دن بھر مسلسل بھوک محسوس ہوتی رہے گی۔ ناشتہ کرنے سے میٹابولزم حرکت میں آتا ہے، بھوک کے ہارمونز پر کنٹرول ممکن ہوتا ہے جبکہ دن کے دیگر اوقات میں بسیار خوری سے بچتے ہیں۔
ناشتہ کرنے کے فوائد
٭وزن کنڑول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
٭ذہنی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
٭ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ ناشتہ کرنے کے عادی ہوتے ہیں وہ صحت بخش غذا کو ترجیح دیتے ہیں۔
٭میٹابولزم کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
٭بسیار خوری سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
٭جسم توانا رہتا ہے۔
٭ہشاش بشاش محسوس ہوتا ہے۔
٭امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
٭مزاج بہتر ہوتا ہے۔
دل کی صحت میں بہتری آتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK