• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یاماہا فسینو : شہرہو یا ہائی وے،عمدہ مائلیج دیتی ہے یہ اسکوٹر

Updated: January 30, 2021, 12:15 PM IST | Bhawna

ہندوستان میں بے حد مقبول ہونے والے اس خوبصورت اسکوٹر کو یاماہا نے دسمبر ۲۰۲۰ء میں بی ایس ۶؍ کمپلائنٹ انجن کا اَپ ڈیٹ کیا ہے

Yamaya Fasino - Pic : INN
یامایا فسینو اسکوٹر ۔ تصویر : آئی این این

 ملک میں دوپہیہ گاڑیوں کے بازار پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ موٹر سائیکل سے زیادہ اسکوٹرس مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔   یہ ہرعمر کے افراد پسند کرتے ہیں۔  آٹوموبائل کمپنیاں بھی اسکوٹر سیگمنٹ پر کافی دھیان دے رہی ہیں۔  آج ہم ایک ایسےا سکوٹر کے بارے میں بات کرنے جارہے ہیں جو گزشتہ سال ستمبر میں لانچ ہوا تھا اوراس نے ملکی بازار میں اپنا ایک مقام بنالیا ہے۔ ہم نے یاماہا فسینو کو گزشتہ ہفتے آزمائشی طور پر چلایا ہے۔  اس سے ہم نے تقریباً ۵۰۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور اسی تجربہ کو ہم اس مضمون میں بیان کررہے ہیں۔
پرکشش ڈیزائن
 ہم نے یاماہا فسینو کا لال رنگ کا ماڈل چلایا۔ اس اسکوٹر کا ڈیزائن بہت ہی پرکشش نظرآتا ہے۔ اس کی فٹنگ اور فنشنگ لاجواب ہے ۔میٹل فرنٹ فینڈر کے علاوہ اس میں زیادہ تر باڈی ورک پلاسٹک کا ہے۔ ہیڈلائٹ، فرنٹ انڈیکیٹرس اور سائیڈ پینل کے چاروں جانب کروم فنشنگ دی گئی ہے۔ وہیں ڈیش بورڈ پر اینالاگ اسپیڈومیٹر اور فیول گیج کے ساتھ ایک سادہ لے آؤٹ  دیا گیا ہے۔
 پچھلی جانب وی شیپ لائٹ اسے پیچھے عمدہ لُک دیتی ہے۔ حالانکہ آپ اس ٹیل لائٹ کے ذریعے بمپر پلیٹ کو اسکوٹر پر بیٹھ کر صحیح سے نہیں دیکھ پاتے ہیں۔ اسکوٹرمیں آگے کی طرف ڈرم بریک یا ڈسک بریک سیٹ  اَپ کے متبادل کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اسٹائلنگ میں بےحد ہی خاص ہونے کے ساتھ یہ اسکوٹی سڑک پر دوڑتے ہوئے لوگوں کا دھیان بخوبی اپنی جانب کھینچتی ہے۔ 
پرانے ماڈل کے مقابلے زیادہ طاقتور
 یاماہا فسینو میں ۱۲۵؍ سی سی کا فیول انجکٹیڈ بی ایس ۶؍ کمپلائنٹ انجن دیاگیا ہے ۔ یہ ۶۵۰۰؍ آرپی ایم پر ۸ء۲؍ بی ایچ پی کی پاور اور ۵؍ہزار آرپی ایم پر ۹ء۷؍ این ایم کا پیٖک ٹورک دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اس کا موازنہ اگر پرانے ماڈل سے کریں تو پرانے ماڈل میں ۷۵۰۰؍ آرپی ایم پر ۷ء۱؍ بی ایچ پی کی پاور اور ۵؍ہزار آرپی ایم پر ۸ء۱؍ این ایم کاپیٖک ٹورک دیا تھا۔ حالانکہ کمپنی نے اس میں الیکٹرک اسٹارٹر کے استعمال کے بجائے ایک اسمارٹ موٹر جنریٹر کی شروعات کی ہے۔ اس کے کچھ خاص فیچر جو آپ کو ٹریفک میں بے حد ہی کارگر ثابت ہوں گے ان میں سیلف اسٹارٹ اسٹاپ سسٹم ہے جو اسٹاپ لائٹ پر اچھی طرح سے کام کرتا ہے اور تھروٹل کے موڈکے ساتھ بند ہوجاتا ہے ۔
مائلیج یہ ہے
 اس اسکوٹر کو ہم نے ہائی وے پر جم کر چلایا جس میں لگاکہ آپ اسکے ساتھ اوور اسپیڈنگ نہیں کرسکتے ہیں، لاکھ بھگانے کے باوجود یہ ۶۰؍ سے ۷۰؍ کلومیٹر کی اسپیڈ پر قائم رہتی ہے ۔ وہیں اس کی اسپیڈ کی بات کریں تو یہ صفر سے ۱۵؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار محض ۱ء۳۵؍ سیکنڈ میں پکڑلیتی ہے۔ حالانکہ آپ اسے ۷۰؍ سے ۸۰؍ کی رفتار کے درمیان بھی جاسکتے ہیں لیکن اسکے لئے آپ کو تھوڑا وقت ضرور لگے گا۔ مائیلیج کے متعلق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکوٹر ۶۶؍کلومیٹر فی لیٹر تک مائیلیج دینے کی اہل ہے۔ جسے پہلے ماڈل کے مقابلے ۱۶؍ فیصد بہتر بتایا جارہا ہے۔اس تعلق سے بہت کچھ کہا نہیں جاسکتا کیونکہ تقریباً ۷؍دن اسے چلانے کے بعد ہمیں اس کے مائیلیج میں کوئی خاص کمی نہیں لگی۔
ایک بار ٹنکی فل کرنے پر اسکوٹر کتنا فاصلہ طے کرتی ہے
 ہم نے اس اسکوٹر کو چلایا تو اس نے فل ٹنکی میں  تقریباً  ۳۲۰؍  کلومیٹر کا سفر طے کیا۔اس کی ایندھن ٹنکی کی استعداد ۵ء۲؍ لیٹر کی ہے۔ اسٹاپ اینڈ اسٹارٹ سسٹم ایندھن کے کفایتی خرچ میں مدد کرتاہے۔ یہ ٹریفک میں کچھ سیکنڈ کے بعد انجن کو بند کردیتا ہے۔ اسکوٹر میں ۲۱؍ لیٹر کا انڈر سیٹ اسٹوریج دیاگیا ہے جس میں آدھے چہرے والا ہیلمٹ آسانی سے رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ اس کے ایپرن پر آپ کرانہ کی تھیلیاں یا چھوٹا موٹا سامان رکھ سکتے ہیں۔ وہیں لاکنگ سیٹ کیلئے سیٹ کے نیچے ایک متبادل لاک ایبل ہُک بھی دیا گیا ہے۔
یاماہا فسینو کامقابلہ کس سے ہے؟
 ہندوستانی بازار میں یاماہا کی اس اسکوٹی کی قیمت ۶۹؍ہزار ۵۳۰؍ روپے سے لے کر ۷۳؍ہزار ۳۰؍ روپے (ایکس شوروم) ہے۔ جو ویرینٹ اور ماڈل کی بنیاد پر الگ الگ ہے ۔ ہندوستان میں اس کا مقابلہ ٹی وی ایس این ٹورک، ہونڈا ایکٹیوا اور سوزوکی ایکسس سے ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK