• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آپ کا اندازِ گفتگو آپ کی شخصیت کو نکھارتا ہے

Updated: November 20, 2023, 12:39 PM IST | Rehana Qadri | Mumbai

ایک لمحے کیلئے سوچئے کہ اگر زبان نہ ہوتی تو انسان اپنی بات دوسروں تک کیسے پہنچاتا؟ اس لئے انسان کی زندگی میں زبان کی بہت اہمیت ہے۔ یہی زبان ہے جو انسان کو اچھا بھی بناتی ہے اور برا بھی۔ گفتگو ہی ایسا ذریعہ ہے جس سے کسی کے ذاتی معیار، قابلیت اور شخصیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

The key to effective communication is to listen more than you speak. Photo: INN
پُر اثر گفتگو کا طریقہ یہ ہے کہ آپ بولنے سے زیادہ سنیں۔ تصویر : آئی این این

اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ مثلاً دیکھنے کو آنکھیں ، سننے کو کان، بولنے کو زبان، زبان کے ذریعے انسان اپنے خیالات، احساسات اور جذبات سے دوسروں کو آگاہ کرتا ہے۔ ایک لمحے کے لئے سوچئے کہ اگر زبان نہ ہوتی تو انسان اپنی بات دوسروں تک کیسے پہنچاتا؟ اس لئے انسان کی زندگی میں زبان کی بہت اہمیت ہے۔ یہی زبان ہے جو انسان کو اچھا بھی بناتی ہے اور برا بھی۔ گفتگو ہی ایسا ذریعہ ہے جس سے کسی کے ذاتی معیار، قابلیت اور شخصیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ جب انسان کسی سے ملتا ہے تو گفتگو ہی سے اپنے آپ کو متعارف کرواتا ہے۔ گفتگو کا اصل مقصد سمجھنا اور سمجھانا ہوتا ہے۔ گفتگو کرنے کے آداب ہوتے ہیں جن سے ہم لوگوں کا دل جیت سکتے ہیں اور اپنی شخصیت کو پُروقار بنا سکتے ہیں :
گفتگو کے دوران مراتب کا خیال رکھیں۔
اگر گفتگو کرنے والا کوئی بزرگ ہے تو اس کے ساتھ بڑے ادب و احترام کے ساتھ گفتگو کریں۔ اگر ہم عمر ہے تو اس سے برادرانہ گفتگو کریں اور اگر آپ سے چھوٹا ہے تو اسے مشفقانہ انداز سے سمجھائیں ، اس پر اپنی بات مسلط نہ کریں۔
گفتگو کے دوران دوسرے بات کرنے والے کو بھی بات کرنے اور اپنی دلائل دینے کا پورا موقع فراہم کریں۔ مخاطب کی رائے کو غلط قرار نہ دیں۔
ہمیشہ سچ بولیں ، سچ بولنے میں کبھی جھجک محسوس نہ کریں ۔ کیسا ہی عظیم نقصان ہو ضرورت کے وقت بات کریں۔ بے وقت بولنا اور بے ضرورت باتیں کرنا وقار اور سنجیدگی کے خلاف ہے۔
مسکراتے ہوئے نرمی سے بات کریں اور جاہل ہمیں باتوں میں الجھانا چاہے تو مناسب انداز میں سلام کرکے وہاں سے رخصت ہو جائیں۔ فضول اور بکواس باتیں کرنے والوں سے دور رہیں۔
اگر دو آدمی آپس میں بات چیت کر رہے ہوں تو بغیر اجازت دخل نہ دیں اور نہ کبھی کسی کی بات کاٹ کر بولنے کی کوشش کریں۔ اگر بولنا لازمی ہو تو اجازت لے کر بات کریں۔
گفتگو کرتے وقت مخاطب کرنے والے کا نام ضرور لیں۔ اپنا نام سن کر اسے خوشی حاصل ہوتی ہے۔ اس لئے گفتگو کا آغاز دوسرے شخص کے نام کے ساتھ کریں اور کوشش کریں کہ گفتگو کے دوران بھی آپ اس کے نام کو مناسب وقفے کے ساتھ دہراتے رہیں۔ ایسا کرنے سے دوسرے شخص پر آپ کی گفتگو کا جادوئی اثر ہوگا۔
 پُر اثر گفتگو کا طریقہ یہ ہے کہ آپ بولنے سے زیادہ سنیں ، اگر مسلسل سننا آپ کیلئے مشکل ہو تو بولنے سے پہلے دوسرے کی بات کو مکمل سن لیں۔
گفتگو کے دوران جذباتی ذہانت کا مظاہرہ کریں وہ یہ کہ ہمیشہ دوسرے شخص کے جذبات یا مزاج کو سامنے رکھتے ہوئے گفتگو کریں۔ اگر دوسرا شخص دکھی ہو تو اس کے دکھ کا ساتھی بنیں۔
گفتگو کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں یا بار بار موبائل فون اور گھڑی کی طرف نہ دیکھیں۔
گفتگو کے دوران بات کرتے وقت دوسرے شخص کی آنکھوں میں یا چہرے کی طرف دیکھیں۔ اس سے گفتگو میں وزن پیدا ہوتا ہے۔
گفتگو کے دوران ہمیشہ تمیز سے بات کریں۔ اگر آپ کو غصہ آجائے تو بات جاری رکھنے کے بجائے وہیں روک دیں اور تب تک دوبارہ بات نہ کریں جب تک آپ کا غصہ ٹھنڈا نہ ہو جائے۔
ہمیشہ پُراعتماد لہجے میں آرام سے گفتگو کریں ۔ دھیان رکھیں کہ گفتگو کے دوران آپ کا لہجہ تلخ یا سخت نہ ہو۔ مثبت اور حوصلہ افزا الفاظ استعمال کریں ۔ ایسے الفاظ استعمال کرنے سے گریز کریں جن سے دوسروں کو تکلیف پہنچے۔
 بلا ضرورت زیادہ باتیں نہ کریں اور نہ ہی گفتگو کے دوران زیادہ قہقہے لگائیں ۔ زیادہ باتیں کرنے اور قہقہہ لگانے سے وقار مجروح ہوتا ہے۔
ابتدا و آخر تک گفتگو میں نرمی اور انکساری ہو۔ شیخی نہ جتائیں۔ نازیبا الفاظ نہ کہیں۔
کسی قصور یا غلطی پر ملامت کرنی ہو تو سب کے سامنے نہ کریں بلکہ تنہائی میں کریں۔
کسی کی برائی نہ کریں۔ چغلی نہ کریں۔ شکایتیں نہ کریں۔ دوسروں کی نقلیں نہ اتاریں۔ جھوٹا وعدہ نہ کریں۔ کسی کی ہنسی نہ اڑائیں۔ اپنی بڑائی نہ ماریں۔ کسی پر طنز نہ کریں ۔ فقرے نہ کسیں ۔ بات بات پر قسم نہ کھائیں ۔ ہمیشہ انصاف کی بات کریں۔ اپنے آپ کو بڑا سمجھ کر تکبر نہ کریں کیونکہ تکبر اللہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے۔
محفل میں سرگوشی اور کھسر پسر نہ کریں کیونکہ یہ آداب محفل کے خلاف ہے۔
گفتگو کے اسلوب شائستہ، مہذبانہ، متوازن اور شیرین ہوگا تو انسان کی شخصیت کو عظیم مانا جائے گا اور اگر زبان میں مٹھاس نہ ہو تو انسان کی شخصیت ماند پڑ جاتی ہے۔ سب سے اہم بات، دوسروں کو سلام کرنے میں پہل کیا کریں۔
مندرجہ بالا گفتگو کے آداب کو اپنا کر شخصیت کو سنواریں اور پُروقارشخصیت کے مالک بنیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK