جلد کو صاف اور شادابی بنانے کے لئے بادام کا استعمال ہزاروں سال سے جاری ہے۔ بادام میں موجود مینگنیز کولیگن کی مقدار کو بڑھاتا ہے جس سے جلد کو ہموار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور قبل از وقت جھریاں نمودار نہیں ہوتیں۔ بادام جلد کے حوالے سے اپنے اندر بے شمار خوبیاں رکھتا ہے۔ بادام وٹامن ای کا بہترین ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی اس میں اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جس سے جلد صحتمند رہتی ہے۔ اس کے علاوہ بادام جلد کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کرتا ہے۔ جلد کی رنگت بھی نکھارتا ہے۔ زیر نظر مضمون میں بادام سے بنے ۵؍ فیس ماسک کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جو آپ کی جلد کو حسین بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
بادام کا ماسک چند عدد بادام کو پانی کی مدد سے باریک پیس لیں، پھر اس لیپ میں سے تھوڑا سا لے کر اس میں مزید پانی ملا کر اتنا پتلا بنا لیں کہ وہ چہرے پر آسانی سے لگ جائے۔ یہ ماسک ایسے لوگوں کیلئے زیادہ مناسب ہے جن کی جلد روغنی اور چکنی ہو۔
بادام اور شہد کا ماسک بادام کے تیل میں تھوڑا سا شہد ملا کر اسے نیم گرم کر لیں۔ پھر انگلی کی مدد سے اس لیپ کو آہستہ آہستہ جلد پر اچھی طرح ملیں، ۱۵؍ منٹ کے بعد چہرہ اچھی طرح دھو لیں۔ اس سے جلد ٹائٹ ہوتی ہے اور جھریوں سے نجات مل جاتی ہے۔
بادام اور انڈے کا ماسک ایک انڈے کی زردی میں بادام کا تیل ملا لیں، اس کو اچھی طرح پھینٹ کر ہلکے ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر لگائیں۔ ۲۰؍ منٹ تک اس ماسک کو چہرے پر لگا رہنے دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے اس کو صاف کرلیں۔ جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔
بادام اور انگور کا ماسک چکنی جلد کیلئے بادام کے تیل میں انگور کا رس ملا کر فریج میں رکھ دیں اور پھر روئی کی مدد سے اس کو چہرے پر لگائیں۔ کچھ دیر بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور چہرا تولیے کی مدد سے آہستہ آہستہ خشک کرلیں۔ اس سے چہرہ چمک اٹھے گا۔
بادام اور ملتانی مٹی کا ماسک خشک جلد کیلئے بادام کا سفوف اور ملتانی مٹی گلاب کے پانی کیساتھ مکس کرلیں اور آہستہ آہستہ اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں۔ کچھ دیر لگا رہنے کے بعد اسے صاف کرلیں۔ جلد پر گرمی سے نکلنے والے دانوں سے نجات مل جائے گی۔