پیٹ میں درد ہو یا دانت میں، دادی ماں ہمیشہ ہمیں کچن میں موجود چیزوں کے استعمال کی صلاح دیتی ہیں۔ ہمارے گھر کے بزرگوں کے پاس ہماری ہر پریشانی کا علاج مل جاتا ہے۔ یہاں باورچی خانے میں موجود ۵؍ مسالوں سے عام بیماریوں کے علاج کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔ تمام تصاویر: آئی این این
کٹنے اور جلنے کا بہترین مرہم ہلدی: کٹنے، خون روکنے یا جلنے کا علاج کرنے کے لئے سب سے اچھا طریقہ متاثرہ جگہ پر ہلدی لگانا ہے۔ اس میں موجود اینٹی سیپٹک خصوصیت زخم کو قدرتی طریقے سے بھرتی ہے۔ استعمال کرنے کیلئے تھوڑے سے سرسوں کے تیل میں آدھا چمچہ ہلدی ملائیں۔ اسے زخم پر لگائیں اور تھوڑی دیر کے لئے ایسے ہی چھوڑ دیں۔
سردی کھانسی کیلئے جادوئی ہے کالی مرچ: کالی مرچ کی چائے انسانی صحت کے لئے مفید ہے۔ یہ سردی، کھانسی اور سوجن سے راحت دلانے میں مدد کرتا ہے۔ استعمال کرنے کیلئے ایک کپ پانی میں ۲؍ چٹکی ہلدی پاؤڈر اور ۵؍ سے ۶؍ کالی مرچ ملائیں۔ اسے ۵؍ منٹ کیلئے دھیمی آنچ پر اُبالیں۔ سردی کھانسی سے بچنے کے لئے اسے گرم پئیں۔
دارچینی سے سانس کی بدبو کا علاج: سانس کی بدبو دور کرنے کے لئے دارچینی کا استعمال بہترین قدرتی علاج میں سے ایک ہے۔ استعمال کرنے کیلئے ایک کپ پانی میں ایک چمچہ شہد کے ساتھ آدھا چھوٹا چمچہ دارچینی ملا کر ماؤتھ واش تیار کریں۔ دن میں ایک مرتبہ اس ماؤتھ واش سے کلی کریں۔
ادرک سے سر کے درد سے نجات: ادرک میں موجود اینٹی انفلے میٹری خوبی کے سبب سر درد سے راحت ملتی ہے۔ سر درد سے نجات پانے کیلئے ادرک کی چائے پئیں۔ اس کیلئے ایک کپ پانی میں ایک چمچہ کدوکش کیا ہوا ادرک اُبال لیں۔ گیس سے اتار کر ایک بڑا چمچہ لیموں کا رس ملاکر گرم گرم پئیں۔
زیرے سے وزن گھٹائیں: زیرہ میٹابولزم کو تیز اور نظام ہضم کو بہتر بناکر کیلوری کو جلانے میں مدد کرتا ہے۔ استعمال کرنے کیلئے ایک کپ پانی میں ایک چمچہ زیرہ ڈال کر رات بھر چھوڑ دیں۔ صبح اس پانی کو پئیں۔