باورچی خانہ، گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں پر اہل ِ خانہ کے ذائقے اور صحت کا دھیان رکھا جاتا ہے۔ اسی کے ساتھ یہاں پر ایک اور انمول خزانہ چھپا ہوا ہے۔ جس سے ہم لاعلم ہے، وہ ہے کچن بیوٹی سیکریٹس۔ ہماری خوبصورتی کو بڑھانے، نکھارنے اور جلد سے متعلق مسائل سے نجات حاصل کرنے کے طریقے ہمارے باورچی خانے میں ہیں۔ تو کیوں نہ بازار میں ملنے والے مہنگے اور برانڈیڈ پروڈکٹ کے بجائے اپنے باورچی خانے کی جانب رجوع کریں۔ یہاں آپ کو ڈھیر ساری ایسی چیزیں مل جائیں گی جن میں آپ کی خوبصورتی کا راز چھپا ہے۔ آیئے جانتے ہیں آپ کی خوبصورتی کو نکھارنے والے کچن بیوٹی سیکریٹس کے بارے میں۔ تمام تصاویر: آئی این این
ناریل تیل:
میک اپ ریمور: میک اپ کو نکالنے کے لئے ناریل کے تیل کو ریمور کی طرح استعمال کرسکتی ہیں۔ اس میں ایسی خوبیاں ہوتی ہیں جو جلد کو موئسچرائزنگ اور ایکس فولیٹ کرتی ہیں۔ آدھا چھوٹا چمچہ ناریل کے تیل کو چہرے پر لگائیں۔ ۲؍ منٹ تک ایسے ہی رہنے دیں۔ اس کے بعد نیم گرم پانی اور مائلڈ کلینزر سے چہرہ دھو لیں۔ایکس فولیٹنگ ایجنٹ: آدھا چھوٹا چمچہ ناریل کے تیل میں ایک چٹکی بیکنگ سوڈا ملا کر ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر مساج کریں۔ یہ مائلڈ ایکس فولیٹنگ ایجنٹ کا کام کرتا ہے۔ جس سے جلد نرم و ملائم ہوتی ہے۔ جن خواتین کی جلد روغنی ہے، ان کے لئے بھی یہ اسکربر فائدہ مند ہے۔ہائیڈریٹڈ اسکن: ہونٹوں کو خشک ہونا اس بات کی علامت ہے کہ جلد میں پانی کی کمی ہے۔ ڈرائی اسکن کو ہائیڈریٹ کرنے کے لئے نہاتے وقت گرم پانی میں ۲؍ چھوٹے چمچے ناریل کا تیل شامل کریں۔ ایسا تب تک کریں جب تک کہ جلد نرم و ملائم نہیں ہوجاتی۔
لیموں: ایکنے سے چھٹکارا: لیموں میں نیچرول اینٹی سیپٹک، اینٹی بیکٹریل اوراینٹی فنگل خصوصیات ہوتی ہیں جو جلد کو مہاسے سے نجات دلانے میں مددگار ہوتے ہیں۔ باقاعدگی سے لیموں کے رس میں شہد ملا کر لگانے سے بلیک ہیڈز کم ہوتے ہیں۔پھٹے ہونٹ: کٹے پھٹے ہونٹ کو نرم و ملائم بنانے کے لئے لیموں بہترین متبادل ہے۔ آدھا چھوٹا چمچہ لیموں اور آدھا چھوٹا چمچہ گلیسرین کو ملا کر رات کو سونے سے پہلے پھٹے ہونٹوں پر لگانے سے ہونٹ ملائم ہوجاتے ہیں۔اینٹی ایجنگ: لیموں میں اینٹی ایجنگ خوبی پائی جاتی ہے جو بڑھتی عمر کے اثرات کو دھیما کرنے میں مدد کرتی ہے۔ چہرے پر باقاعدگی سے لیموں کا رس لگانے سے چہرے پر موجود باریک لکیریں اور جھریاں کم ہو جاتی ہیں۔
گھی: کھردری جلد اور پھٹے ہونٹ: دیسی گھی میں ایسی خوبیاں پائی جاتی ہیں جو پھٹی ہوئی جلد کو ٹھیک کرکے نرم اور ملائم بنانے میں معاون ہیں۔ روزانہ رات کو سونے سے قبل ہونٹ اور جلد پر دیسی لگا کر سوئیں۔پھٹی ایڑیاں: پھٹی ایڑیوں کا مسئلہ عام ہے۔ سیچوریٹیڈ فیٹس سے بھرپور گھی میں ایسی خوبیاں ہوتی ہیں جو پھٹی ایڑیوں کی دراڑیں بھرنے کا کام کرتی ہیں۔ رات کو سونے سے پہلے پھٹی ایڑیوں پر گھی لگا کر موزے پہن لیں۔
ہلدی: مہاسے سے راحت: ہلدی میں اینٹی سیپٹک اور اینٹی بیکٹریل خوبیاں ہوتی ہیں جو مہاسوں کو خشک کرکے انہیں جلدی ٹھیک کرنے کا کام کرتی ہے۔ ہلدی، چندن اور لیموں کا رس (تینوں ہم وزن مقدار میں) ملا کر چہرے پر ۱۰؍ منٹ تک لگا کر رکھیں۔ اس کے بعد نیم پانی سے دھو لیں۔جھریاں سے نجات: ہلدی جلد کو جھریاں سے نجات دلانے میں مدد کرتی ہے۔ چہرے کو جھریوں کو کم کرنے کے لئے ہلدی، چاول کا آٹا، کچا دودھ اور ٹماٹر کا رس ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ۱۵؍ منٹ تک سوکھنے دیں، پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔گلوئنگ اسکن: روکھی اور بے جان جلد میں جان ڈالنے کے لئے بیسن، ہلدی اور تھوڑا سا کچا دودھ ملا کر پیسٹ بنائیں۔ کم سے کم ۲۰؍ منٹ پر لگا کر چھوڑ دیں۔ اس کے بعد چہرہ نیم گرم سے دھو لیں۔
شہد: چمکدار جلد: روکھی اور بے جان جلد کو چمکدار بنانے کے لئے شہد، بادام کا پاؤڈر اور لیموں کا رس ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں۔ ۱۰؍ منٹ بعد سوکھنے پر چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ چہرہ چمکدار نظر آئے گا۔نکھری رنگت: چہرے کی رنگت نکھارنے کے لئے شہد اور ٹماٹر کے رس کو ہم وزن مقدار میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ۱۰؍ منٹ بعد پانی سے چہرہ اچھی طرح دھو لیں۔ ۱۰؍ سے ۱۲؍ دن میں فرق صاف نظر آنے لگے گا۔داغ دھبے: شہد مردہ خلیات کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ داغ دھبوں کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ آدھا چھوٹا چمچہ لیموں کے رس میں ایک چھوٹا چمچہ شہد ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ۱۰؍ منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔ ۲؍ ہفتے تک ایسا کرنے سے داغ دھبوں کے نشان کم ہونے لگیں گے۔