سنیچر کی دوپہر باندرہ میں او این جی سی کالونی کے قریب واقع گیانیشورنگر میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں کئی جھوپڑے جل گئے لیکن خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: January 05, 2025, 10:19 AM IST | Inquilab News Network | Bandra
سنیچر کی دوپہر باندرہ میں او این جی سی کالونی کے قریب واقع گیانیشورنگر میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں کئی جھوپڑے جل گئے لیکن خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سنیچر کی دوپہر باندرہ میں او این جی سی کالونی کے قریب واقع گیانیشورنگر میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں کئی جھوپڑے جل گئے لیکن خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ سے موصولہ اطلاع کے مطابق اس آتشزدگی میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ جھوپڑے خاکستر ہوگئے۔ البتہ اسے ’لیول ایک‘ (چھوٹی آگ) قرار دیا گیا ہے۔
بی ایم سی کے مطابق ’’ سنیچر کی دوپہرڈھائی بجے آگ لگنےکی اطلاع موصول ہونےپر فائر بریگیڈ عملے کو جائے وقوع پر راحت رسانی کیلئے روانہ کیاگیا۔ فائر عملے کےعلاوہ متعلقہ وارڈاور پولیس عملے نے راحت رسانی کےکاموں میں مددکی۔ حادثہ میں کسی کے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے۔‘‘
اس آگ کو قابو کرنے کے لئے ۴؍فائر انجن، ایک بڑا فائر ٹینکر، ایک ایریئر واٹر ٹینکر ٹرک، ۲؍ پانی کے ٹینکر اور ایمولنس کو روانہ کیا گیا تھا۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
خبر لکھے جانے تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔ آتشزدگی کی وجہ سے کئی خاندان بے گھر اور بے سر و سامان ہوگئے۔ مقامی افراد نے ان کے کھانے پینے کا انتظام کیا تھا۔ تاہم سردی کے موسم میں ان کیلئے رہنے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔