رکن پارلیمان شوبھا بچھائو نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں اس تعلق سے مطالبہ کیا گیا تھا جسے مرکزی حکومت نے منظوری دیدی ہے۔
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 10:16 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
رکن پارلیمان شوبھا بچھائو نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں اس تعلق سے مطالبہ کیا گیا تھا جسے مرکزی حکومت نے منظوری دیدی ہے۔
صنعتی شہر مالیگائوں میں ۲؍سو بیڈ پر مشتمل کینسر اسپتال کی تعمیر کیلئے شہری انتظامیہ کوقطعہ اراضی فراہم کرنے کے احکامات موصول ہوئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کیلئے مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو ہدایات جاری کی تھیں۔ ریاستی حکومت نے اب مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کوایک مفصل خط بھیجا ہے۔ اسکی تصدیق مالیگائوں جنرل ہاسپٹل اور ڈسٹرکٹ سول ہاسپٹل ناسک کے اعلیٰ افسران نے بھی کی۔ مالیگائوں کے گرنا ریسٹ ہائوس میں اس تعلق سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں رکن پارلیمان شوبھا بچھائو، ڈاکٹر دنیش بچھائو (کانگریس لیڈر)،اخلاق بالے مقادم،یوسف نیشنل والااور میونسپل کمشنر رویندر جادھو وغیرہ موجود تھے۔
شوبھا بچھائو نے کہا کہ گزشتہ پارلیمانی اجلاس کے دوران ایوان میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مالیگائوں میں کینسرکے مریضوں کی کثرت کے پیش نظرمناسب علاج ومعالجے کیلئے اسی شہر میں کینسر کا اسپیشل اسپتال قائم کیا جائے۔ اس تجویز کوپارلیمنٹ کی ہیلتھ کمیٹی نے نہ صرف قبول کیا بلکہ اس پر فوری وعملی کارروائی کیلئے حکومت مہاراشٹرکو احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر شوبھا نے کہا کہ مالیگائوں میں غریب اور مزدور پیشہ افراد کی کثرت ہے۔ کینسر سے متاثرغریب اور مزدور پیشہ مریضوں کیلئے مالیگائوں سے نکل کردوسرے شہروں میں علاج ومعالجے کیلئے جانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ معاشی پسماندگی سے مریضوں کو علاج کروانے میں دشواریوں کاسامناہوتاہے۔ اس مسئلے کے مستقل تدارک کیلئے اسی شہر میں کینسر کے علاج کیلئے اسپتال قائم کرنے کی عملی کوششیں کارگرثابت ہورہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالیگائوں میں کینسر کے اسپتال کے علاوہ کلون اور باگلان میں ملٹی سپر اسپیشالٹی اسپتال کے قیام کی تجویز بھی منظورہوئی ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے بھی کام جاری ہے۔
میونسپل کمشنررویندرجادھو نے کہا کہ مالیگائوں میں کینسرکے اسپتال کی تعمیر کیلئے مناسب رقبے کی زمین فراہم کرنے کیلئے شہری انتظامیہ کو ریاستی اور مرکزی حکومت سے جیسی ہدایات موصول ہوئی ہیں اسکے عین مطابق کام کیاجائے گا۔ کینسر کے اسپتال کی تعمیر سے شہری انتظامیہ اور صحت عامہ محکمے کو بھی سہولتیں مل سکیں گی۔ واضح رہے کہ کینسر کے علاج کیلئے اسپتال قائم کرنے کیلئے جاری کوششوں کی عوامی سطح پر ستائش بھی کی جارہی ہے۔