بے موسم بارش سے سبزیوں کی پیداوار میں کمی کے سبب پیاز ۸۰؍ روپے تو لہسن ۵۰۰؍ روپے کلو ہوگئے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 09, 2024, 10:24 AM IST | Mumbai
بے موسم بارش سے سبزیوں کی پیداوار میں کمی کے سبب پیاز ۸۰؍ روپے تو لہسن ۵۰۰؍ روپے کلو ہوگئے ہیں۔
شہر و مضافات میں ایک طرف ریاستی اسمبلی الیکشن کی گہماگہمی میں تیزی اور دوسری جانب عین الیکشن کے وقت سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو ر ہا ہے ۔خردہ بازار میں پیاز ،لہسن اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہونے سے امید واروں کو عوام کے ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ گزشتہ ہفتہ جو پیاز ۴۰؍روپے کلو فروخت ہو رہی تھی وہ ۸۰؍ روپے اور لہسن ۴۰۰؍ سے ۵۰۰؍ روپے کلو ہوگیا ہے جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی۲۰؍سے ۳۰؍ روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے ۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ہونے والی بے موسم کی بارش سے پیازکی فصل خراب ہوگئی ہے، جس کی وجہ سےاس کی پیداوار میں کمی آئی ہے۔ اس لئے بازار میں پیاز کی آمد کم ہوئی ہے ۔گزشتہ ہفتہ مختلف قسم کی پیاز کی تھوک قیمت۱۸؍ تا ۴۸؍ روپے فی کلوتھی جو اس ہفتہ بڑھ کر۳۵؍ تا ۶۲؍روپے فی کلو ہوگئی ہے ۔ خردہ بازار میں پیاز ۷۵۔۸۰؍ روپے فی کلو کےحساب سے فروخت ہو رہی ہے ۔ کچھ مقامات پر ۱۰۰؍روپے کلو بھی پیاز فروخت ہو رہی ہے ۔ اطلاع کے مطابق پیاز کی قیمت میں مزید ۲؍ ہفتے تیزی رہے گی۔
گزشتہ ایک سال سے لہسن کی قیمت بڑھی ہوئی ہے جو کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ان دنوں تھوک بازار میں مختلف کوالیٹی کے لہسن۲۲۰؍ سے۳۲۰؍ روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے جبکہ خردہ بازار میں لہسن کی قیمت ۴۰۰؍ سے بڑھ کر ۵۰۰؍ روپے کلو ہوگئی ہے ۔ بیوپاریوں کے مطابق لہسن کی قیمت نئے سال کے آغاز تک یوں ہی بڑھی ہوئی رہ سکتی ہے ۔
عام سبزیوں کی قیمتیں بھی پیداوار کے متاثر ہونے سےبڑھ رہی ہیں ۔ تھوک بازار میں وٹانا ۲۰۰۔۱۶۰؍روپے جبکہ خردہ بازار میں ۲۵۰؍روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ اسی طرح میتھی ایک جوڑی ۳۰؍روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ دیگر سبزیوںکی قیمتوں میں بھی ۳۰۔۲۰؍ روپے فی کلو کے حساب سے اضافہ ہوا ہے۔
مورلینڈروڈ نیانگر کی زاہدہ آپاکے مطابق ’’ابھی گزشتہ ہفتہ کی بات ہےپیاز ۴۰؍روپے کلو مل رہی تھی ، لیکن اچانک اس کی قیمت دگنی ہوگئی ہے ۔ہمارے علاقے میں ۹۰۔۸۰؍ روپے کلو سے پیاز مل رہی ہے۔ لہسن کی قیمت تو بڑھتی ہی جارہی ہے۔ ساڑھے ۴۰۰؍روپے کلو لہسن مل رہی ہے۔ جو بھاجی ۱۰؍روپے گڈی تھی وہ اب ۳۰؍روپے ہوگئی ہے۔ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اچانک اتنا اضافہ کیوں ہورہا ہے۔ قیمتوں کے بڑھنے سے کم مقدار میں سبزی خریدنے پر مجبور ہوں۔ ‘‘
اے ایم پی سی ،واشی ویجیٹیبل مارکیٹ کے ڈائریکٹر شنکر پرنگلے نے بتایا کہ ’’ گزشتہ دنوں ریاست میں بارش کاموسم ختم ہونے کے باوجود ہونے والی بارش سے سبزیوں کی فصل متاثر ہوئی ہے ۔ فصل خراب ہونے سے پیداوار میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بالخصوص پیاز کی پیداوار میں کمی آنے سے مطلوبہ مقدار میں پیاز مارکیٹ میں نہیں آرہی ہے جس کے سبب اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔‘‘