Updated: November 14, 2024, 10:24 AM IST
| Mumbai
جیسے جیسے اسمبلی الیکشن کی تاریخ قریب آرہی ہے ممبا دیوی اسمبلی حلقہ میں انتخابی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جامع مسجد کے ٹرسٹی شعیب خطیب جو آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے امیدوارہیں نے اس نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے پرجوش لہجے میں کہا کہ حلقے کے عوام بدلاؤ کے متمنی ہیں۔
شعیب خطیب اپنی انتخابی مہم کے دوران
جیسے جیسے اسمبلی الیکشن کی تاریخ قریب آرہی ہے ممبا دیوی اسمبلی حلقہ میں انتخابی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جامع مسجد کے ٹرسٹی شعیب خطیب جو آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے امیدوارہیں نے اس نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے پرجوش لہجے میں کہا کہ حلقے کے عوام بدلاؤ کے متمنی ہیں۔
شعیب خطیب اپنی انتخابی مہم کے تحت دن رات ایک کرکے ریلیوں اور گلی محلوں میں جاکر عوام کے مسائل کو سمجھ کر انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔ان کے مطابق لوگوں سے گفتگو کے بعد انہیں محسوس ہورہا ہے کہ اس الیکشن میں لوگ تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اور بھیم آرمی کے بانی اور سربراہ چندر شیکھر آزاد نے ایک ویڈیو جاری کرکے ممبادیوی حلقہ انتخاب کے ووٹروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی پارٹی کے امیدوار شعیب خطیب کی قابلیت اور عوامی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں ووٹ دیں۔ ان کا انتخابی نشان کیتلی ہے۔
شعیب خطیب کے مطابق لوگوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کرنے کے دوران اس حلقہ کے جو بڑے مسائل سامنے آئے ہیں ان میں پرانی عمارتوں کی حالت نہ سدھرنا اور لوگوں کا خطرناک عمارتوں میں مجبوراً مقیم رہنا ہے۔اس کے علاوہ ٹریفک جام کے مسائل اور نئی عمارتوں میں بھی پارکنگ اور خاص طور پر موٹرسائیکل کی پارکنگ کا انتظام نہ ہونا شامل ہیں۔
عوامی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے ووٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں کا ایم ایل اے اُس شخص کو بننا چاہئے جو ممبادیوی میں ہی رہتا ہو لیکن کئی ایسے اُمیدوار ہیں جو دیگر علاقوں کے ہیں اور یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس حلقہ انتخاب میں بہت بڑے پیمانے پر پرانی عمارتیں ہیں جو ایک یا ڈیڑھ صدی سے بھی زیادہ پرانی ہیں اور ان میں رہنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔ شعیب خطیب نے عوام کو یقین دلایا ہیکہ وہ ایسا لائحہ عمل تیار کریں گے جس سے پرانی عمارتوں کی مرمت اور ری ڈیولپمنٹ کا مسئلہ حل ہوسکے۔