• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریلوے کا ہزاروں مسافروں کی جان بچانے کا دعویٰ

Updated: November 18, 2024, 11:22 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

انتظامیہ نے مشن ’زیرو ڈیتھ‘ مہم اور’ `پٹری پر موت‘ عنوان پر چلائی گئی بیداری مہم کا مثبت نتیجہ قرار دیا۔

Railway administration keeps running various campaigns for the safety of passengers. Photo: INN.
ریلوے انتظامیہ مسافروں کی حفاظت کیلئے کئی طرح کی مہم چلاتی رہتی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

مشن’زیرو ڈیتھ‘ کے تحت ہزاروں مسافروں کی جان‌ بچانے کا سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں `’پٹری پر موت‘ عنوان سے چلائی گئی مہم کا مثبت نتیجہ بھی برآمد ہورہا ہے۔ ٹرینوں کی زد میں آکر ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں ۱۴؍ فیصد کمی درج کی گئی ہے۔ 
اس تعلق سے سی سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ جنوری تا اکتوبر ۲۰۲۴ءمیں ۳۶۷؍کم اموات درج کی گئی ہیں جو ۱۴؍ فیصد ہے۔ ۲۰۲۳ءمیں ان ۱۰؍ماہ میں ٹرینوں کی زد میں آنے سے۲؍ہزار ۷۵۵؍ اموات ہوئی تھیں جو کہ اس مدت میں رواں سال میں ۲؍ہزار ۳۸۸؍ اموات درج کی گئی ہیں ۔ اسی طرح زخمی ہونے والوں میں بھی ۱۰؍فیصد کمی آئی ہے، یہ بڑی کامیابی ہے۔ 
۸؍اقدامات کیا ہیں 
اہم پوائنٹس پر آر پی ایف کے جوانوں کی تعیناتی، پٹریوں کے قریب دیوار کی تعمیر، ریل پٹری کے قریب سے غیر قانونی قبضہ جات ہٹانا، آر پی ایف کے ذریعے بیداری مہم، ریلوے ایکٹ کی دفعہ ۱۴۷؍کے تحت غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث مسافروں پر جرمانہ عائد کرنا، پلیٹ فارم کے دونوں سروں پر باڑھ لگانا، بلیک اسپاٹ کے پاس بورڈ لگانا اور پلیٹ فارم کی توسیع، نئے پلیٹ فارم اور فٹ اوور بریج کی تعمیر اور خودکار زینہ لگانے اور لفٹ وغیرہ کی تنصیب جیسے اقدامات شامل ہیں۔ 
چیف پی آر او نے یہ بھی کہا کہ بہت پہلے سے کوشش کی جارہی ہے کہ اموات میں کمی واقع ہو کیونکہ مسافروں کی جان انتہائی قیمتی ہے۔ بہت سے مسافر جلد بازی کرتے ہیں جس سے وہ حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس لئے ہر ممکن طریقے سے مسافروں کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ اپنی جان کی قیمت کو سمجھیں اور مشن’ `زیرو ڈیتھ‘ کو صد فیصد کامیاب بنانے میں ریلوے کی مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس دن مسافر ریلوے کی اپیل پر صد فیصد عمل کرنے لگیں گے، محتاط ہوجائیں گے، قیمتی جا نوں کے اتلاف کا سلسلہ فوری طور نہ صرف رک جائے گا بلکہ برسوں سے جاری مہم صد فیصد کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور ہم سب مل جل کر ایک ایک قیمتی انسانی جان کو بچانے میں پوری طرح کامیاب ہوجائیں گے، ریلوے انتظامیہ اسی کا خواہاں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK