• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناسک شِرڈی ہائی وے پر بھیانک حادثہ، ۱۰؍مسافرہلاک

Updated: January 14, 2023, 10:18 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

لگژری بس اور ٹرک آپس میں ٹکراگئے۔ حادثہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ بس اورٹرک کے پرخچے اڑگئے ۔۱۰؍مسافروں نے جائے وقوع پر ہی دَم توڑدیا ۔شدید زخمی حالت میں۳۵؍مسافر نجی وسرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔وزیراعلیٰ شندے نے مہلوکین کے اہل خانہ کی مدد کیلئے فی کس ۵؍لاکھ روپے امداد دینے کااعلان کیا

In pictures: The severity of the collision can be estimated from the condition of the bus and truck in the post-accident photographs; (Photos: PTI)
تصاویر میں :حادثہ کے بعد کی تصاویر میں بس اور ٹرک کی حالت سے تصادم کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے؛ (تصاویر: پی ٹی آئی )

ناسک شِرڈی ہائی وے پر ۱۳؍جنوری علی الصباح پیش آنے والے  دلخراش حادثے میں ۱۰؍مسافر جائے وقو ع پر ہلاک اور ۳۵؍شدیدزخمی حالت میں زیرعلاج ہیں۔تفصیلات کے مطابق الہاس نگر کے امبرناتھ سے ناسک کے راستے شِرڈی جارہی نجی لگژری بس (ایم ایچ ۔۰۴۔ ایف  کے۔۲۷۵۱)اور ٹرک (ایم ایچ۔۴۸۔ٹی۔۱۲۹۵)کے درمیان آمنے سامنے ٹکر ہوئی تھی۔ لگژری میں ۴۵؍مسافر سوار تھے جو سائی درشن کیلئے شِرڈی جارہے تھے ۔اس دلدوز  حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ پولیس کمشنر سوگرکوتے کی نگرانی میں راحت کاری وتفتیشی کارروائی کا آغاز ہوا۔ لگژری بس میں الہاس نگر ، امبرناتھ ،تھانے اور کلیان علاقوں کے مسافر سوار تھے ۔۱۰؍مسافر ہلاک ،۷؍کی شناخت ،زخمیوں کا علاج جاری 
 سرکاری ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس حادثے کے مہلوکین کی تعداد ۱۰؍ بتائی گئی۔۷؍مہلوکین کی شناخت ہوچکی ہے ۔۳؍لاشوں کی شناخت ابھی باقی ہے ۔ زخمیوں کیلئے نجی وسرکاری اسپتالوں میں علاج ومعالجے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ضلعی سرکاری انتظامیہ سے جاری احکامات کی روشنی میں ماتوشری ہاسپٹل ،ڈاکٹر ساڑونکھے ہاسپٹل ،یشونت ہاسپٹل اور سنّر رُگنالیہ میں سبھی زخمیوں کو بغرض علاج رکھا گیا ہے۔معمولی طور پر زخمی ۲۰؍مسافروں کوڈسچارج کردیا گیا ۔
’’ڈرائیور حد سے زیادہ تیزرفتاری سے گاڑی چلارہا تھا‘‘
 خان نامی ایک مسافر نے بتایا کہ ’’ہماری بس امبرناتھ سے نکلی ، الہاس نگر تک ڈرائیور نے معمول کی رفتار سے گاڑی چلائی لیکن بعد میں  وہ بہت  تیزرفتاری سےگاڑی چلانے لگا۔ یہ حادثہ بھی اووراسپیڈنگ کی وجہ سے ہوا ہے۔  مجھے اتنا یاد ہے کہ ۵؍ بجے تک سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔  اس کے بعد یہ حادثہ ہوا۔‘‘ 
وزیراعظم مودی نے بھی دکھ کا اظہار کیا 
 وزیراعظم مودی نے اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور ’پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ‘ کی جانب سے فی مہلوک دو لاکھ روپے کی مالی امداد  دینے کااعلان کیا ہے۔ 
وزیراعلیٰ نے ضلعی حکام سے بات چیت کی 
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ناسک کے ڈیویژنل کمشنر رادھا کرشن گمے اور ضلع کلکٹر گنگاتھرن ڈی راجن سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تیز رفتاری سے راحت کاری کام کرنے کی گزارش کرتے ہوئے مذکورہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تفتیش کے احکامات جاری کئے ہیں۔وزیراعلیٰ سے گفت وشنید کے بعد ڈیویژنل کمشنریٹ اور ضلع کلکٹریٹ میں ہنگامی صورتحال دیکھی گئی ۔سرکاری افسران وملازمین احکامات کی تعمیل کیلئے بھاگ دوڑ کرتے دِکھائی دئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK