• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیغمبرمحمد ؐبل‘ کیلئے ممبئی اور مہاراشٹر بھرمیں ۱۰؍ روزہ بیداری مہم شروع

Updated: November 01, 2021, 10:39 AM IST | Kazim Shaikh | Sakinaka

ساکی ناکہ میں مسلم تنظیموں کے اشتراک سے ونچت بہوجن اگھاڑی کے بینر تلے پروگرام کاانعقاد ۔علماء اور تمام مذاہب کےافراد کی شرکت

Scene of the program held at Saki Naka on Prophet Muhammad Bal and other issues.Picture:INN
پیغمبرمحمدبل اور دیگر مسائل کے تعلق سے ساکی ناکہ میں منعقدہ پروگرام کا منظر۔تصویر: انقلاب

:حضرت  محمدؐ کی شان میں کی جانے والی گستاخیوں  اور دیگر مذاہب کو نشانہ بنائے جانے  کے معاملے میں مجوزہ ’ پیغمبر محمدؐ    بل‘ اور  مدارس اور مساجد میں اپنی خدمات پیش کرنے والے عالم دین اور ائمہ کرام کو وقف بورڈ کےذریعہ مالی وظائف کے اہم ترین موضوع پر ونچت بہوجن اگھاڑی اور مسلم تنظیموں کے اشتراک سے ساکی ناکہ میں یکم نومبر (آج) سے  ۱۰؍ نومبر تک عوامی بیداری مہم  چلانے کے سلسلے میں  ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا  جس  کا مقصد   یہ ہے کہ اس بل کے ذریعہ ملک میں مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے  بلکہ  تمام مذہبی پیشوا کے خلاف بکواس کرنے والوں پر لگام بھی  لگائی جاسکے۔ مطالبات کی منظوری  کے سلسلے میں ممبئی  اور مہاراشٹر کی سبھی سیاسی پارٹیوں کے عوامی نمائندے،   میونسپل کارپوریٹرس ، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان اور پولیس  کے توسط سے  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور گورنر کومجوزہ پیغمبر محمدؐ بل کی کاپی اور میمورنڈم دینے کیلئے یہ بیداری مہم شروع کی گئی ہے۔ پیغمبر محمدؐ بل اور عوامی بیداری مہم کے اس پروگرام کے روح رواں پروفیسر سجاد ماپاری نے کہا کہ’’ ملک میں فرقہ پرست پارٹی  برسر اقتدار آنے کے بعدگزشتہ  چند برسوں میں شرپسندوں کے ذریعے مسلمانوں اور مذہب اسلام کو  طرح طرح  بدنام کیا جارہاہے۔ اب ان فتنہ پرور طاقتوں نے پیغمبر اسلام ،قرآن کریم ،صحابہ کرام اور بزرگان دین کی شان میں کھلے عام گستاخیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو دنیا کا کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔ان واقعات پر ٹھوس  قانون نہ ہونے  کے باعث ایف آئی آر درج ہونے پر ان پر کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔اسی سے  دل برداشتہ ہوکر سابق ممبر پارلیمنٹ اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے ان  واقعات پر سخت قانونی کارروائی کئے جانے کیلئے پیغمبر محمدؐ اور دیگر مذہبی  پیشواؤں کی  شان میں گستاخی کی روک تھام کیلئے ایکٹ ۲۰۲۱ء تیار کرکے  سرکردہ مسلم تنظیموں کی تائید و حمایت سے گزشتہ  مانسون اجلاس میں یم ایل سی کپل پاٹل کے ذریعے مہاراشٹرکی قانون ساز کونسل میں پیش کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بل منظوری اور۵؍ فی صد مسلم ریزرویشن کے مطالبے کیلئے ممبئی کے آزاد میدان میں احتجا ج بھی کیا گیا تھا اور گرفتاریاں دی گئی تھیں۔  انھوں نے مزید کہا کہ  دسمبر ۲۰۲۱ء   میں  اجلاس میں اس بل پر بحث ہونی ہے ۔ کورونا بحران کے دوران لاک ڈاؤن میں مسجد مدرسہ اور درگاہوں کے مکمل اور جزوی  طور سے بندہونے کی وجہ سے ان اداروں  میں خدمات انجام دینے والے  علماء ، ائمہ اور مدرسین کو سخت مالی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ ان کا پورا  خاندان اور گھرانہ ذہنی اضطراب میں مبتلا  ہوگیا ۔بچوں کی فیس، بجلی بل ،گھروں کے کرایے اور روز مرہ کے  اخراجات کیلئے یہ طبقہ قرضوں پر گزر بسر کر رہا ہے۔دہلی، بہار، اترپردیش اور ملک کی دوسری ریاستوں کی طرز پر وقف بورڈ سے کوئی مالی راحت نہیں ملتی۔  اس لئے ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر پرکاش امبیڈکر نے مہارشٹر سرکار سے فوری  طور پر مالی راحت دینے اور ماہانہ طور پر وظیفے شروع کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا  ہے۔ ساکی ناکہ میں اندھیری گھاٹکوپر لنک روڈ میں واقع کوہ نور سوسائٹی ہال میں اتوار کی صبح ساڑھے ۱۰؍بجے ’  پیغمبر محمدؐبل‘ سے متعلق عوامی بیداری مہم کا یہ پہلا  اجلاس تھا۔

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK