۹؍ دن گزر جانے کے بعد بھی بابا صدیقی قتل کیس کو حل کرنے میں ناکام ممبئی کرائم برانچ نے اس کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 21, 2024, 11:04 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۹؍ دن گزر جانے کے بعد بھی بابا صدیقی قتل کیس کو حل کرنے میں ناکام ممبئی کرائم برانچ نے اس کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
۹؍ دن گزر جانے کے بعد بھی بابا صدیقی قتل کیس کو حل کرنے میں ناکام ممبئی کرائم برانچ نے اس کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرفتار شدگان کی تعداد ۱۰؍ ہوگئی ہے۔ ۳۲؍ سالہ بھگونت اوم سنگھ کوسنیچر کو اُدئے پور سےگرفتار کیاگیا۔ٹرانزٹ ریمانڈ پر اسے ممبئی لانے کے بعدکرائم برانچ نے ممبئی کی عدالت میں پیش کرکے اس کا ۲۶؍ اکتوبر تک کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ پولیس نے جو معلومات فراہم کی ہے اس کے مطابق بھگونت اوم سنگھ باندرہ کرلا کامپلکس کا ہی رہنےوالاہے۔
۱۲؍ اکتوبر کوبابا صدیقی پر حملہ کے وقت وہ یہیں موجود تھا۔ حملے کے بعد وہ پہلے بیلا پور اور پھر اُدئے پور فرار ہوگیا جہاں سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔پولیس کے مطابق اس معاملے میں پہلے ہی دن جائے واردات سے گرفتار کئے گئے ۲؍ شوٹر گرمیل بلجیت سنگھ اور دھرم راج راجیش کشیپ اور ان کے مفرورساتھی شیو کمار کو قتل کیلئے جو ہتھیار فراہم کئے گئے تھے ان میں سے ایک بھگونت اوم سنگھ نے اُدئے پور سے سپلائی کروایا تھا۔
کورٹ میں پیشی کے دوران پولیس نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملزم بابا صدیقی کے قتل کی سازش میں ملوث ہے اور قتل کیلئے اسلحہ اسی نے فراہم کروایاتھا،اس کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ۱۰؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے مگر وہ اب تک بابا صدیقی پر گولی چلانےوالے شیوکمار کو ، فیس بک پر قتل کی ذمہ داری قبول کرنےوالے شبھم لونکر اور قتل کی سازش کے کلیدی ملزم محمد ذیشان اختر کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔