• Sat, 18 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوکرین کے خلاف روسی فوج کیلئے لڑتے ہوئے ۱۲؍ ہندوستانیوں کی موت، ۱۶؍ لاپتہ

Updated: January 18, 2025, 11:26 AM IST | Agency | New Delhi

وزارت خارجہ نے اعدادوشمار پیش کئے، اعتراف بھی کیا کہ ۱۲۶؍ ہندوستانی ماسکو کی فوج کیلئے لڑنے پر مجبور ہوئے جن میں سے۹۶؍ کو وطن واپس لایا گیا ہے۔

External Affairs Ministry Spokesperson Randhir Jaiswal. Photo: INN
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی وزارت خارجہ نے جمعہ کو اس بات کی تصدیق کی کہ روس -یوکرین جنگ میں روسی فوج میں  خدمات انجام دینے کے دوران  ۱۶؍ ہندوستانی لاپتہ اور ۱۲؍ ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو  پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’’یوکرین کی جنگ میں جان گنوانے والے کیرالا سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی شہری بنل بابو کی لاش ہندوستان واپس لائی جارہی ہے۔‘‘انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ’’ا ب تک  روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے ہندوستانی شہریوں کے۱۲۶؍ معاملات کا پتہ چلا ہے۔ ان میں سے  ۹۶؍ کو ہندوستان کی مداخلت پر  روسی فوج نے چھٹی دے دی ہے اور وہ ہندوستان واپس آگئے ہیں، جب کہ۱۲؍ ہندوستانی اس جنگ میں ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک دوسرے شخص کے رشتہ داروں سے رابطے میں ہے جو جنگ میں زخمی ہوا تھا، اور اسے ڈسچارج کرکے ہندوستان واپس لایا جائے گا۔جیسوال نے بتایا کہ ۱۸؍ہندوستانی شہری اب بھی وہاں موجود ہیں  جبکہ  ۱۶؍ کوروسی فوج نے لاپتہ قرار دیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ہندوستان روسی فوج میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے روس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔۱۴؍جنوری کو وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہندوستان نے کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک ہندوستانی شہری کی موت کے معاملے کو روس کے ساتھ سختی سے اٹھایا ہے اور روس میں خدمات انجام دینے والے تمام ہندوستانی شہریوں کی جلد از جلد رہائی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔  
 الزام ہے کہ ملازمت کیلئے روس جانے والے  ہندوستانی شہریوں کو فوج میں خدمات انجام دینے پر مجبور کیا جارہاہے۔ ان میں  سے اکثر کی بھرتی فوج کی کینٹین میں خدمات انجام دینے کیلئے ہوئے تھی مگروہاں پہنچنے کےبعد انہیں  میدان جنگ میں بھیج دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK