لکھنؤ میں دن کی شرح اوسط روزانہ کی بکنگ سے۵۰؍ فیصد زیادہ ہے۔احمد آباد اکتوبر اور نومبر کی بکنگ میں۷۷۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
EPAPER
Updated: October 03, 2023, 11:44 AM IST | Agency | New Delhi
لکھنؤ میں دن کی شرح اوسط روزانہ کی بکنگ سے۵۰؍ فیصد زیادہ ہے۔احمد آباد اکتوبر اور نومبر کی بکنگ میں۷۷۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
اس سال ہندوستان میں کئی بڑے ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں۔ جی۲۰؍ اجلاس سے لے کر کرکٹ ورلڈ کپ تک، جس کی وجہ سے ہوٹل کے کاروبار میں تیزی آئی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ۲۰۲۳ء مختلف شہروں میں منعقد ہونا ہے۔ اس ایونٹ کی وجہ سے شہر میں ہوٹلوں کی بکنگ بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے کمروں کے کرائے میں اضافہ ہوا ہے۔ جن شہروں میں کرکٹ میچ کا انعقاد ہونا ہے وہاں ہوٹل کے کمرے کا کرایہ تقریباً ۱۵؍ گنا بڑھ گیا ہے۔
میک مائی ٹریپ ،اویو اور یاترا آن لائن سے بکنگ کے رجحانات کے مطابق، احمد آباد، حیدرآباد، بنگلورو، دہلی، کولکاتا اور دھرمشالہ میں ہوٹلوں کی مانگ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ میک مائی ٹرپ کے شریک بانی اور گروپ چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) راجیش ماگو نے کہا کہ ہوٹلوں اور ہوم اسٹے سمیت رہائش کی سہولیات کیلئے بکنگ میں اب ان تمام شہروں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد آباد میں میچ ڈے کی بکنگ زیادہ رہی، ہوٹل اور ہوم اسٹے کی بکنگ میں اگست میں روزانہ کی اوسط بکنگ کے مقابلے میں۲۰۰؍ فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح دھرمشالہ میں میچ والے دن کی بکنگ اگست میں روزانہ کی اوسط بکنگ کے۶۰۵؍ فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
راجیش ماگو نے کہا کہ لکھنؤ میں ہندوستان کے میچ کے دن کی شرح اوسط روزانہ کی بکنگ سے۵۰؍ فیصد زیادہ ہے۔ جیسے جیسے میچ کے دن قریب آرہے ہیں ہوٹل کے کمرے کے کرائے میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اویو کے ترجمان نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ کے میزبان شہروں بالخصوص احمد آباد، حیدرآباد، بنگلور، دہلی اور کولکاتا میں مانگ میں معمول سے زیادہ اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے شیڈول کے اعلان کے بعد احمد آباد اکتوبر اور نومبر کی بکنگ میں۷۷۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کا پہلا میچ ۵؍ اکتوبر کو ہوگا۔