• Wed, 19 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۵۰۰؍سالہ جشن میلاد:۱۵؍علماء اورائمہ کرام کو آج’رسولِ عربی‘ ایوارڈ دیا جائے گا

Updated: February 16, 2025, 9:49 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سنّی بڑی مسجد مدن پورہ میں آج منعقد ہونے والے جلسے میں ۲۳؍قراء اور۵۴؍حفاظ کی دستار بندی بھی کی جائیگی، ۱۵۰۰؍ سالہ جشن میلادکے سلسلے میں تقریبات۵؍ ستمبر تک جاری رہیں گی۔

Huffaz and qiras who graduated from Darul Uloom Ahle Sunnah Haji Adam Siddique (Madanpura) and Jamia Hanafia Razaviyya (Qalaba). Photo: INN.
دارالعلوم اہلسنت حاجی آدم صدیق (مدنپورہ) اور جامعہ حنفیہ رضویہ (قلابہ) سے فارغ ہونے والے حفاظ اور قراء۔ تصویر: آئی این این۔

پندرہ سو سالہ جشن آمد ِ سرکار دوجہاں ؐ کی مناسبت سے آج اتوار کو بعد نماز عشاء سنی بڑی مسجد( مدن پورہ) میں اجلاس عام کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ ۱۶؍ فروری کو جشن امام اعظمؒ بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ۱۵؍ علماء کرام اور ائمہ ٔ عظام کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے انہیں ’رسولِ عربی ‘ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دارالعلوم اہلسنت حاجی آدم صدیق (مدنپورہ) اور دارالعلوم حنفیہ رضویہ (قلابہ) سے فارغ ہونے والے ۵۴؍ حفاظ اور۲۳؍ قراء کی دستار بندی کی جائے گی اور انہیں سندِ فراغت سےنوازا جائے گا۔ 
۱۲؍ربیع الاول ۱۴۴۷ہجری مطابق ۵؍ستمبر ۲۰۲۵ءکو محسن ِانسانیت کی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سےرضا اکیڈمی کے ذریعے پورے سال مختلف پروگراموں اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’یہ اجلاس اور تفویض ِ ایوارڈ کی تقریب بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ ۵؍ ستمبر تک الگ الگ تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ‘‘ 
عروس البلاد کے جن ۱۵؍ علمائے کرام کوایوارڈ سےنوازا جائے گا، ان میں مولانا سید عبدالجلیل (عبدالسلام مسجد، عبدالرحمٰن اسٹریٹ)، مفتی محمود اختر قادری (کنارہ مسجد حاجی علی )، حافظ وقاری عبدالقادر رضوی(رضا جامع مسجد قلابہ)، مولانا قاری عبدالرشید رحمانی (مینارہ مسجد)، مولانا قاری عین الدین(چھوٹی مسجد سونا پور)، مولانا فریدالزماں (کھتری مسجد پائیدھونی )، مولانا محمود عالم رشیدی (سنّی ہری جامع مسجد گوونڈی )، مولانامحمدیونس (مدینہ مسجد گوونڈی)، مولانا عبدالجبار ماہرالقادری (چشتی ہندوستانی مسجد بائیکلہ)، مفتی نعیم اختر(سنّی مدینہ مسجد ناریل واڑی قبرستان)، مولانا قاری مشتاق احمد تیغی (بلال مسجد سونا پور)، مولانا امان اللہ رضا (قباء مسجد رنگ والاکمپاؤنڈ مدنپورہ)، مولانا قاری محمد ایوب (جونی مسجدمدن پورہ )، مولانا ذاکر علی (دھوبی گھاٹ مسجد مدن پورہ )اور حافظ وقاری محمدجمیل (درگاہ مسجد ڈاکیارڈروڈ) شامل ہیں ۔ ان علماء اورائمہ کرام کو۱۲؍ہزار روپے نقد، شال، میمنٹواورسپاس نامہ پیش کیا جائےگا۔ 
سرکارِ مدنی ؐ کی تشریف آوری کی مناسبت سے جامعہ حنفیہ رضویہ (قلابہ) کے ناظم اعلیٰ حافظ عبدالقادر رضوی اور نائب ناظم قاری نیاز احمد قادری کو فیٹریٹ انٹرنیشنل ٹراویل سروسیز کے پروپرائٹر رضوان احمدکی جانب سےعمرہ کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ سنّی بڑی مسجد میں آج کایہ اجلاس رضا اکیڈمی، آل انڈیا سنّی جمعیۃ العلماءاورتعمیروانتظامیہ کمیٹی سنّی بڑی مسجد کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK